انل کمبلے کا تجربہ پنجاب کے لئے مفید ثابت ہوگا: بریٹ لی

اسٹار اسپورٹس شو کرکٹ کنکٹڈ میں بریٹ لی نے کہا کہ کمبلے جیسے کوچ کا ہونا یقیناً ایک مضبوط ٹیم کی تشکیل کا سبب ہوگا۔ ان کا علم، ان کا تجربہ یقینی طور پر ٹیم کی مدد کرے گا۔

انل کمبلے اور بریٹ لی، تصویر گیٹی ایمج
انل کمبلے اور بریٹ لی، تصویر گیٹی ایمج
user

یو این آئی

ممبئی:آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر بریٹ لی کا خیال ہے کہ کنگز الیون پنجاب کے ہیڈ کوچ انل کمبلے کی مہارت اور تجربے سے ٹیم کو مدد ملے گی۔ کمبلے کو پنجاب نے اپنا ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے اور بریٹ لی کو یقین ہے کہ انل کمبلے کا تجربہ ٹیم کے لئے کارآمد ثابت ہوسکتا ہے۔ آئی پی ایل کا 13 واں سیزن متحدہ عرب امارات (یو اے ای ) میں 19 ستمبر سے 10 نومبر تک منعقد کیا جائے گا۔ اسٹار اسپورٹس شو کرکٹ کنکٹڈ میں بریٹ لی نے کہا کہ کمبلے جیسے کوچ کا ہونا یقیناً ایک مضبوط ٹیم کی تشکیل کا سبب ہوگا۔ ان کا علم، ان کا تجربہ یقینی طور پر ٹیم کی مدد کرے گا۔

بریٹ لی نے کہا کہ پنجاب کو جیتنا ہوگا، وہ ایک اچھی ٹیم ہے اور ان کے پاس بہترین کھلاڑی ہیں اور وہ اعزاز جیتنے کے بہت قریب ہیں۔ لیکن ابھی تک پنجاب کی ٹیم اپنی تال کو نہیں پکڑ سکی ہے۔ میں ان کا یہ اعزاز جیتنے کا منتظر ہوں۔ یہ ٹیم مقابلے کے اعتبار سے بہت اچھی ہے۔ آئی پی ایل میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور کنگز الیون پنجاب کی طرف سے کھیلنے والے بریٹ لی نے بتایا کہ کھلاڑیوں کو پہلا خطاب حاصل کرنے میں کمبلے کے کھیل کے وسیع تجربے سے مدد ملے گی۔ کمبلے کو آئی پی ایل میں ہیڈ کوچ بننے کا پہلے سے کوئی تجربہ نہیں ہے اور پنجاب کے لئے آئی پی ایل میں اس عہدے کے لئے یہ ان کی پہلی ذمہ داری ہے۔ تاہم وہ بحیثیت مینٹر رائلس چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) اور ممبئی انڈینز (ایم آئی) کے بیک روم اسٹاف کا حصہ تھے۔


ہندستانی ٹیم کے سابق کوچ انل کمبلے کو مائیک ہیسن کی رخصتی کے بعد پنجاب کا کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ ہیسن رواں سال رائلس چیلنجرس بنگلور کے کوچ بنے ہیں۔ کمبلے اس سے قبل بنگلور کا اسپورٹس اسٹاف اور ممبئی انڈینز کے مینٹر رہ چکے ہیں۔ کمبلے آئی پی ایل کے آئندہ ایڈیشن میں پنجاب کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سنبھالیں گے جو متحدہ عرب امارات میں 19 ستمبر سے 10 نومبر تک کھیلا جانا ہے۔ جون 2016 میں کمبلے کو بی سی سی آئی نے ایک سال کی مدت کے لئے ہندوستانی مردوں کی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا تھا، لیکن کپتان وراٹ کوہلی کے ساتھ اختلافات کی وجہ سے مستعفی ہوگئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔