انگلینڈ کو جھٹکا، بین اسٹوکس پاکستان کے خلاف اگلے دو ٹیسٹ میچ نہیں کھیلیں گے

بین اسٹوکس کو رواں ہفتے نیوزی لینڈ کا سفر کرنا ہوگا جس کی وجہ سے وہ پاکستان کے ساتھ سیریز کے دوسرے دو میچوں کے لئے ٹیم میں شامل نہیں ہوسکیں گے۔

بین اسٹوکس، تصویر گیتی ایمج
بین اسٹوکس، تصویر گیتی ایمج
user

یو این آئی

مانچسٹر: ورلڈ نمبر ون آل راؤنڈر انگلینڈ کے بین اسٹوکس خاندانی وجوہات کی بنا پر پاکستان کے ساتھ سیریز کے باقی دو ٹیسٹ میچوں میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے گزشتہ روز اتوار کو یہ جانکاری دی۔ اسٹوکس کو رواں ہفتے نیوزی لینڈ کا سفر کرنا ہوگا جس کی وجہ سے وہ پاکستان کے ساتھ سیریز کے دوسرے دو میچوں کے لئے ٹیم میں شامل نہیں ہوسکیں گے۔

ان کے والد گیڈ کو گزشتہ دسمبر میں انگلینڈ کے دورے کے دوران جنوبی افریقہ میں اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ اس کے بعد انہیں نیوزی لینڈ کے کرائسٹ چرچ میں داخل کرایا گیا۔ بین اسٹوکس نے حال ہی میں انگلینڈ کے باقاعدہ کپتان جو روٹ کی عدم موجودگی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں پہلے ٹیسٹ کی کپتانی کی تھی۔


اسٹوکس پاکستان کے خلاف پہلے میچ میں کچھ خاص کرنے میں ناکام رہے اور انہوں نے پہلی اننگز میں صفر اور دوسری اننگز میں نو رنز بنائے تھے۔ تاہم انہوں نے دوسری اننگز میں 11 رن دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ انگلینڈ نے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو تین وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا میچ 13 اگست سے کھیلا جانا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 10 Aug 2020, 10:59 AM