کیا قوم سے اس خطاب کی ضرورت تھی؟

پی ایم مودی نے اپنے خطاب میں نہ ہی بڑھتی بے روزگاری کا کوئی ذکر کیا، نہ تباہ ہو رہی معیشت پر کوئی بات کی اور نہ ہی زرعی بل کے تعلق سے کوئی تذکرہ کیا۔ مجموعی طور پر قوم سے تازہ خطاب بے معنی کہا جائے گا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز تجزیہ

کورونا وبا کے پھیلنے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے قوم سے ساتویں مرتبہ خطاب کیا لیکن یہ خطاب صرف 12 منٹ کا تھا۔ وزیر اعظم نے اپنے خطاب کو کورونا اور تہواروں میں احتیاط تک محدود رکھا۔ انہوں نے اس بات کا پورا خیال رکھا کہ وہ اپنے اس خطاب میں کوئی ایسی بات نہ کہیں جس کو حزب اختلاف بہار انتخابات کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے جوڑ کر پیش کرے۔

ذرائع ابلاغ اس بات کا قیاس لگا رہا تھا کہ وزیر اعظم معیشت، بے روزگاری، چین اور غریبوں کی راشن اسکیم کی مدت میں مزید توسیع کا ذکر کریں گے لیکن وزیر اعظم نے قوم سے خطاب میں صرف تہوار کے موقع پر کورونا وبا میں برتنے والی احتیاط پر ہی زور دیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں وہی جملے استعمال کئے جن کا استعمال کسی نہ کسی شکل میں اشتہارات یا عام بول چال میں ہو رہا ہے جیسے’جب تک دوائی نہیں تب تک ڈھیلائی نہیں'، 'دو گز کی دوری کورونا میں ہے ضروری‘ وغیرہ۔


وزیراعظم نے کہا کہ "ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ لاک ڈاؤن بھلے ہی چلا گیا ہو لیکن وائرس نہیں گیا اس لئے ہمیں احتیاط رکھنا ضروری ہے"۔ انہوں نے دبےالفاظ میں امریکہ اور مغربی ممالک کی تنقید بھی کر دی کہ وہاں کورونا کے معاملات میں کمی کے بعد اچانک اضافہ ہو گیا ہے۔ ساتھ میں انہوں نے کورونا کے معاملات اور اس سے ہونے والی اموات کے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں صورتحال امریکہ اور برازیل سے بہت بہتر ہے۔ انہوں نے ہندوستان میں صحت یاب ہونے کی شرح کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پوزیشن بہت بہتر ہے۔

بہت احتیاط کے ساتھ وزیر اعظم نے کورونا وبا کے تعلق سے جو بھی اچھی خبریں آ رہی ہیں ان کے لئے حکومت کی پیٹھ تھپتھپائی۔ انہو ں نے کورونا سے لڑائی میں جہاں کورونا واریرس کی تعریف کی وہیں کہا کہ حکومت نے ویکسین کی تقسیم کے تعلق سے بھی پوری تیاری کی ہے۔


وزیر اعظم نے تمام تہواروں کی مبارکباد دیتے ہوئے اس مرتبہ عید میلاد النبی کی بھی مبارکباد دی۔ وزیر اعظم نے حکومت اور کورونا واریرس کی تعریف بھی کی، لوگوں کو تہوار کی مبارکباد بھی دی اور وبا نہ پھیلے اس کے لئے ماسک، ہاتھ دھونے اور سماجی دوری پرعمل کرنے کی تلقین بھی کی، لیکن بڑھتی بے روزگاری کا کوئی ذکر نہیں کیا، تباہ ہو رہی معیشت کا کوئی ذکر نہیں کیا اور زرعی بل پر کوئی بات نہیں کی۔ کل ملا کر وزیر اعظم کے خطاب میں کچھ ایسا نہیں تھا جو نیا ہو اور اس پر قوم سے خطاب کرنے کے ضرورت ہو۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */