شیئر بازار کے لیے ’بلیک فرائیڈے‘ ثابت ہوا آج کا دن، سنسیکس 1093 پوائنٹ کی گراوٹ کے ساتھ ہوا بند
بی ایس ای پر مجموعی طور پر 3610 شیئروں کی ٹریڈنگ ہوئی جس میں 980 شیئر تیزی کے ساتھ، جب کہ 2525 شیئر لال نشان میں بند ہوئے ہیں۔ 105 شیئروں کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔

جمعہ کا دن شیئر بازار کے لیے انتہائی خراب ثابت ہوا ہے۔ منافع وصولی کی وجہ سے ہفتہ کا آخری کاروباری دن ہندوستانی شیئر بازار کے لیے ’بلیک فرائیڈے‘ رہا، کیونکہ عالمی اسباب کے ساتھ ساتھ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی بکوالی کے سبب بازار اوندھے منھ گر گیا۔ خراب حالات کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ سنسیکس 59000 کے نیچے جا پھسلا ہے۔ آج کا کاروبار ختم ہونے پر ممبئی اسٹاک ایکسچینج کا انڈیکس سنسیکس 1093 پوائنٹ کی گراوٹ کے ساتھ 58840، جب کہ نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی 345 پوائنٹ کی گراوٹ کے ساتھ 17530 پوائنٹ پر بند ہوا۔
جمعہ کے ٹریڈنگ سیشن میں زبردست بکوالی کے سبب بازار میں سبھی سیکٹرس کے شیئر لال نشان پر بند ہوئے۔ بینک نفٹی 1.05 فیصد گر کر بند ہوا ہے، اور نفٹی آٹو 2.71 فیصد، نفٹی آئی ٹی 3.71 فیصد، نفٹی ایف ایم سی جی 1.93 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ بند ہوا۔ آئل اینڈ گیس سیکٹر، کنزیومر ڈیوریبلس کے شیئر میں بھی گراوٹ درج کی گئی ہے۔ نفٹی کے 50 شیئروں میں صرف 2 شیئر ہرے نشان میں بند ہوئے، بقیہ 48 شیئروں میں گراوٹ رہی۔ دوسری طرف سنسیکس کے 30 شیئروں میں صرف ایک شیئر ہرے نشان میں بند ہوا، باقی 29 شیئر لال نشان میں بند ہوئے۔
بی ایس ای پر مجموعی طور پر 3610 شیئروں کی ٹریڈنگ ہوئی جس میں 980 شیئر تیزی کے ساتھ، جب کہ 2525 شیئر لال نشان میں بند ہوئے ہیں۔ 105 شیئروں کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔ آج کے ٹریڈنگ سیشن میں 247 شیئر میں اپر سرکٹ لگا تھا، جب کہ 211 شیئرس لووَر سرکٹ کے ساتھ بند ہوئے۔ شیئر بازار کا مارکیٹ کیپٹلائزیشن گھٹ کر 279.82 لاکھ کروڑ روپے رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔