لکھیم پور واقعہ: یوپی میں مجرموں کے حوصلے بلند، قصورواروں پر سخت کارروائی کرے یوگی حکومت، کانگریس

لیلوٹھیا نے کہا کہ یوگی آدتیہ ناتھ حکومت میں مجرموں کے حوصلے بلند ہیں، ہاتھرس واقعہ کے دوران ریاستی انتظامیہ کا رویہ تشویشناک تھا، ایسا لگتا ہے کہ اتر پردیش حکومت مجرموں کے ساتھ کھڑی ہے

راجیش لیلوتھیا / ویڈیو گریب
راجیش لیلوتھیا / ویڈیو گریب
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: یوپی میں دو دلت بہنوں کے ساتھ کی گئی عصمت دری اور انہیں قتل کر کے درخت پر لٹکا دینے کے بعد یوگی حکومت ابتر نظم و نسق کے حوالہ سے نشانہ پر ہے۔ حزب اختلاف کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ یوگی حکومت میں نام نہاد اعلیٰ ذاتوں کا تسلط قائم ہو رہا ہے اور دلتوں کو ظلم و ستم کا شکار بنایا جا رہا ہے۔ اسی ضمن میں کانگریس پارٹی کی جانب بھی پریس کانفرنس کر کے یوگی حکومت کے ساتھ مودی حکومت پر بھی نکتہ چینی کی گئی اور قصورواروں پر سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا گیا۔

کانگریس کے صدر دفتر پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اے آئی سی سی کے شعبہ ’ایس سی‘ کے چیرمین راجیش لیلوٹھیا نے کہا کہ یوپی کے لکھیم پور کھیری میں ملک کی دو بچیوں کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کی گئی اور انہیں قتل کر دیا گیا، انڈین نیشنل کانگریس اس واقعہ کی مذمت کرتی ہے اور اہل خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔


انہوں نے لکھیم پور کھیری کی مقتول بچیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ’’ہم مودی حکومت اور یوگی حکومت سے توقع کرتے ہیں کہ وہ غور و فکر کریں گی اور ان سخت کارروائی کرے گی جو ایسا محسوس کرتے ہیں کہ اگر یوگی کی حکومت ہے تو وہ بچیوں کا اغوا کر سکتے ہیں، عصمت دری کر سکتے ہیں اور انہیں قتل بھی کر سکتے ہیں، تاکہ ایسا دوسری بچیوں کے ساتھ نہ ہو۔‘‘

انہوں نے مزید کہا ’’حال ہی میں نیشنل کرائم ریکارڈ بیوروں کی رپورٹ کے مطابق 2021 میں دلتوں کے خلاف جرائم کے 50291 معاملے سامنے آئے جوکہ گزشتہ سال سے بہت زیادہ ہے۔ ان جرائم کا 25 فیصد سے زیادہ حصہ یوپی سے ہے۔ جبکہ حقیقت یہ ہے معاملوں کی ایک بڑی تعداد کو شکایت موصول ہونے کے بعد بھی درج نہیں کیا جاتا۔ یوپی میں 2017 کے بعد مجموعی طور پر 61057 جرائم درج کئے گئے، اس کے باوجود یوپی حکومت نے ایس سی، ایس ٹی قانون کے تحت کارروائی نہیں کی۔‘‘ انہوں نے یوگی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایس سی، ایس تی قانون کو موثر طریقہ کے نافذ کیا جائے۔


لیلوٹھیا نے کہا کہ یوگی آدتیہ ناتھ حکومت میں مجرموں کے حوصلے بلند ہیں۔ ہاتھرس واقعہ کے دوران ریاستی انتظامیہ کا رویہ تشویشناک تھا، ایسا لگتا ہے کہ اتر پردیش حکومت مجرموں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف بی جے پی حکومت دلتوں کی بہتری کے بڑے بڑے وعدے کرتی ہے اور دوسری طرف ان کا لاتعلق رویہ کئی سوال اٹھاتا ہے۔

خیال رہے کہ بدھ کی شام لکھیم پور کھیری کے نگھاسن تھانہ علاقے میں گھر سے تقریباً ایک کلومیٹر دور گنے کے کھیت میں دو دلت بہنوں کی لاشیں درخت سے لٹکی ہوئی پائی گئی تھیں۔ اس معاملہ میں 6 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دلت بہنوں سے پہلے عصمت دری کی گئی، پھر گلا دبا کر قتل کیا گیا اور اس کے بعد نہیں درخت پر لٹکا دیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔