ایس بی آئی کا فیصلہ: صارفین کے لیے لون سستے، مگر ایف ڈی کے منافع میں کمی
ایس بی آئی نے آر بی آئی کے ریپو ریٹ میں کمی کے بعد قرضوں کو سستا کر دیا، جبکہ ایف ڈی پر منافع گھٹا دیا ہے۔ وہیں، ایم سی ایل آر میں 5 بیسس پوائنٹس کمی کی گئی ہے، نئی شرحیں پیر سے نافذ ہوں گی

نئی دہلی: ملک کے سب سے بڑے سرکاری بینک اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) نے صارفین کے لیے ایک ساتھ فائدہ اور نقصان والا فیصلہ کیا ہے۔ بینک نے مختلف اقسام کے قرضوں کو سستا کر دیا ہے، جبکہ فکسڈ ڈپازٹس (ایف ڈی) پر ملنے والے منافع میں کمی کر دی گئی ہے۔ ایس بی آئی کے مطابق نئی شرحیں آئندہ ہفتے پیر سے نافذ العمل ہوں گی۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے حال ہی میں ریپو ریٹ میں 25 بیسس پوائنٹس کی کمی کرتے ہوئے اسے 5.50 فیصد سے گھٹا کر 5.25 فیصد کر دیا تھا۔ ریپو ریٹ میں کمی کے بعد عام طور پر بینک اپنی قرضہ جاتی شرحوں پر نظرِ ثانی کرتے ہیں، تاکہ قرض لینے کی لاگت کم ہو اور اقتصادی سرگرمیوں کو رفتار ملے۔
ایس بی آئی نے مارجنل کاسٹ آف فنڈز بیسڈ لینڈنگ ریٹ (ایم سی ایل آر) میں 5 بیسس پوائنٹس یا 0.05 فیصد کی کمی کی ہے۔ ایم سی ایل آر وہ بنیادی شرح ہے جس کی بنیاد پر ہاؤسنگ، آٹو، پرسنل اور دیگر قرضوں کی شرحِ سود طے کی جاتی ہے۔ اس میں کمی کا فائدہ ان صارفین کو ہوگا جن کے قرض ایم سی ایل آر سے منسلک ہیں یا جن کی شرحِ سود کی ری سیٹ کی تاریخ قریب ہے۔
بینک کے مطابق اوور نائٹ اور ایک ماہ کی ایم سی ایل آر 7.85 فیصد ہو گئی ہے، جو پہلے 7.90 فیصد تھی۔ تین ماہ کی ایم سی ایل آر کو 8.25 فیصد، چھ ماہ کی 8.60 فیصد کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح ایک اور دو سال کی ایم سی ایل آر اب 8.70 فیصد جبکہ تین سال کی ایم سی ایل آر 8.80 فیصد مقرر کی گئی ہے۔
دوسری جانب، ایس بی آئی نے ایف ڈی پر شرحِ سود میں بھی کمی کا اعلان کیا ہے، جو بچت کرنے والے صارفین کے لیے کسی حد تک نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ تین کروڑ روپے سے کم کی دو سے تین سال کی ایف ڈی پر عام صارفین کے لیے شرح اب 6.40 فیصد اور بزرگ شہریوں کے لیے 6.90 فیصد ہو گئی ہے۔ بینک کی خصوصی 444 دن کی ایف ڈی اسکیم ’امرت ورشٹی‘ پر شرحِ سود کو 6.45 فیصد کر دیا گیا ہے۔
دیگر مدتوں کی ایف ڈی پر بھی نظرِ ثانی شدہ شرحیں نافذ کی گئی ہیں۔ تاہم، بزرگ شہریوں کو حسبِ سابق 0.50 فیصد اضافی سود کی سہولت ملتی رہے گی۔ ماہرین کے مطابق یہ فیصلہ قرض لینے والوں کے لیے راحت اور بچت کرنے والوں کے لیے محتاط منصوبہ بندی کا تقاضا کرتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔