لون موریٹوریم: واپس ہوگا سود پر وصولا گیا سود، نوٹیفکیشن جاری

اس اسکیم کے تحت یکم مارچ سے 31 اگست تک کی لون موریٹوریم کی مدت کے دوران دو کروڑ روپے تک کے قرض پر گاہکوں سے وصولا گیا سود واپس کیا جائے گا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مرکزی وزارت خزانہ نے قرضوں کی وصولی کی مدت کے دوران سود پر سود میں چھوٹ کے لئے رہنما اصول جاری کر دیئے ہیں۔ وزارت خزانہ کے اس اقدام سے 2 کروڑ تک قرض لینے والوں کو فائدہ ہوگا۔ اس اسکیم کے تحت یکم مارچ سے 31 اگست تک قرض کی وصولی کی مدت کے دوران صارفین سے دو کروڑ روپے تک کے قرضوں پر لیا جانے والا سود واپس کر دیا جائے گا۔ سپریم کورٹ نے اس معاملے میں سماعت کرتے ہوئے حکومت سے جلد از جلد اقدامات کرنے کو کہا تھا۔

محکمہ مالیاتی خدمات کے جاری کردہ رہنما خطوط کے مطابق ایسے قرض دہندگان جن کا کل قرض 29 فروری تک 2 کروڑ روپے سے کم تھا، وہ اس چھوٹ کا فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ اسکیم ایم ایس ایم ای (مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں) اور ذاتی قرضوں کے لئے ہے۔ وصولی کی مدت کے دوران صارفین سے سود پر سود کے طور پر وصول کی گئی رقم بینکوں کے ذریعہ ان کے اکاؤنٹ میں واپس کردی جائے گی۔


خیال رہے کہ کورونا بحران کی وجہ سے معیشت کے متاثر ہونے کی وجہ سے ریزرو بینک آف انڈیا نے اس قرض کی ادائیگی کے لئے مہلت دی تھی۔ اس کے تحت بینک 2 کروڑ روپے تک کے قرضوں پر چھ ماہ کے لئے دی گئی مہلت کے دوران قرضوں کے سود پر حاصل ہونے والے سود کو اپنے قرض دہندگان کو ان کے کھاتوں میں واپس کردیں گے۔

مرکز کی اس چھوٹ کا فائدہ صرف ایم ایس ایم ای، تعلیم، ہوم، اور آٹو لون لینے والے افراد ہی اٹھا سکیں گے۔ اس معاملے میں، سپریم کورٹ نے اگست میں سماعت کے دوران سخت تبصرہ کیا تھا اور مرکز سے کہا تھا کہ آپ کو لوگوں کی پریشانیوں کو بھی دیکھنا ہوگا۔ عدالت نے کہا کہ اس سلسلے میں حلف نامہ داخل کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو اپنا موقف واضح کرنا چاہیے اور ریزرو بینک کے پیچھے چھپ کر خود کو بچانا نہیں چاہیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */