سونے کی قیمت نے تاریخ رقم کر دی، 69640 روپے فی 10 گرام تک پہنچ گیا

رواں سال سونے کی قیمت میں 10.8 فیصد سے زیادہ کا اضافہ ہوا ہے اور مسلسل ساتویں دن اضافہ درج کیا گیا۔ ماہرین کے مطابق سونے کی قیمت میں مستقبل قریب میں بھی اضافہ درج کیا جائے گا

<div class="paragraphs"><p>سونے کے زیورات / Getty Images</p></div>

سونے کے زیورات / Getty Images

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ہندوستان میں سونے کی قیمت بدھ کو ایم سی ایکس (ملٹی کموڈٹی ایکسچینج) پر 69640 روپے فی 10 گرام کی تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ رپورٹ کے مطابق سونے کی قیمت میں یہ اضافہ وسطی ایشیا میں بڑھتے ہوئے جغرافیائی سیاسی تناؤ اور روس یوکرین جنگ کے درمیان محفوظ سرمایہ کاری کی طلب میں اضافے کی وجہ سے درج کیا جا رہا ہے۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں حاضر سونا صبح کے کاروبار میں 0.2 فیصد اضافے کے ساتھ 2283.76 ڈالر فی اونس پر رہا جو پہلے سیشن میں 2288.09 ڈالر کی بلند ترین سطح کو چھو چکا تھا۔ رواں سال اب تک سونے کی قیمت میں 10.8 فیصد سے زیادہ کا اضافہ ہوا ہے اور مسلسل ساتویں دن اضافہ درج کیا گیا۔


کاما جیولری کے بانی اور ایم ڈی کولن شاہ نے کہا، ’’سونے کی قیمت میں اضافہ جاری ہے اور آج یہ ایک نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ آنے والے دنوں میں بھی اس کی قیمت میں اضافہ جاری رہنے کی توقع ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ سونے کی قیمت میں اضافے کی ایک بڑی وجہ امریکی فیڈ کی جانب سے شرح سود میں کمی ہے۔ اس وجہ سے لوگ سونے میں سرمایہ کاری کو محفوظ سمجھتے تھے۔

چین کی قیادت میں مرکزی بینک بھی بڑی مقدار میں سونا خرید رہے ہیں جس کی وجہ سے بھی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔ ایم کے ویلتھ مینجمنٹ کے ریسرچ کے سربراہ جوزف تھامس نے بھی کہا ہے کہ مستقبل قریب میں سونے کی قیمت میں اضافہ جاری رہنے کی توقع ہے۔ خیال رہے کہ سونے کے ساتھ چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ درج کیا جا رہا ہے اور اس کی قیمت 77664 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔