آدتیہ برلا گروپ پنجاب میں 1500 کروڑ کی سرمایہ کاری کرے گا

کمار منگلم برلا نے وزیر اعلی کو مطلع کیا کہ پینٹ مینوفیکچرنگ یونٹ سے 600 سے زائد افراد کے لئے براہ راست روزگار کے مواقع اور 1500 بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہونے کا امکان ہے۔

کمار منگلم برلا، تصویر آئی اے این ایس
کمار منگلم برلا، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

چنڈی گڑھ: آدتیہ برلا گروپ پنجاب میں پینٹ کی یونٹ قائم کرنے کے لئے 1000 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کرنے کے علاوہ راج پورہ میں 500 کروڑ روپے کی لاگت سے سیمنٹ کی یونٹ قائم کرے گا۔ وزیر اعلی کیپٹن امریندر سنگھ نے اس پہل کا خیرمقدم کیا ہے۔ لدھیانہ میں حال ہی میں تیار کی گئی ہائی ٹیک ویلی میں 147 کروڑ روپے کی 61 ایکڑ اراضی کا الاٹمنٹ لیٹر حوالے کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ اس سرمایہ کاری سے ریاست میں صنعتی سرگرمیوں کو تقویت ملے گی۔

کیپٹن امریندر سنگھ نے کہا کہ پنجاب نے ممکنہ کاروباری افراد اور صنعت کاروں کو سازگار ماحول پیش کیا ہے، کیونکہ ریاست میں پر امن کارکنوں، بہتر سڑکوں، ریل اور ہوائی رابطوں کی صورت میں ٹھوس انفراسٹرکچر موجود ہے۔ پنجاب نے ملک میں لاجسٹک کو آسان بنانے میں دوسرا درجہ حاصل کیا ہے اور ریاست مشرقی اور مغربی فریٹ کوریڈور سے منسلک ہو جائے گی۔


کیپٹن امریندر سنگھ نے کہا کہ پنجاب سرمایہ کاری کے لئے پسندیدہ ریاست کے طور پر ابھرا ہے کیونکہ اس نے 'انوسٹ پنجاب' کے ساتھ ون اسٹاپ شاپ کے طور پر گزشتہ چار سالوں کے دوران موصول ہونے والے 2900 سے زیادہ منصوبوں کی تجاویز کے ذریعے 91 ہزار کروڑ روپے کی بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری میں سہولت مہیا کی ہے۔

وزیر اعلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ممبئی سے ورچوئل طور پر اجلاس میں شرکت کرکے آدتیہ برلا گروپ کے چیئرمین کمار منگلم برلا نے پنجاب کے صنعتی ماحول کے نظام پر اعتماد کا اظہار کیا اور صنعتی پالیسیوں اور بلا روکاوٹ منظوری کی امید ظاہر کی۔ انہوں نے ریاست میں سرمایہ کشی کے لئے حکومت پنجاب کی طرف سے دکھائی جانے والی تیزی کی تعریف کی۔


کمار منگلم برلا نے وزیر اعلی کو مطلع کیا کہ پینٹ مینوفیکچرنگ یونٹ سے 600 سے زائد افراد کے لئے براہ راست روزگار کے مواقع اور 1500 بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہونے کا امکان ہے۔ اس موقع پر چیف سکریٹری وینی مہاجن، پرنسپل سیکرٹری انویسٹمنٹ پروموشن آلوک شیکھر، سی ای او انویسٹمنٹ پنجاب رجت اگروال، پنجاب اسمال انڈسٹریز اینڈ ایکسپورٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر نیلیمہ اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔