ریلیز سے پہلے ہی سر چڑھ کر بول رہا فلم ’پٹھان‘ کا جادو، ایڈوانس بکنگ میں ’باہوبلی 2‘ کا ریکارڈ توڑا

اتوار کی شب تک موصول اعداد و شمار کے مطابق یش راج فلمز کی پیش کش ’پٹھان‘ کی ایڈوانس بکنگ میں 6 لاکھ 63 ہزار سے زیادہ ٹکٹیں فروخت ہو چکی ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>شاہ رخ خان کی فلم پٹھان، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

شاہ رخ خان کی فلم پٹھان، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

بالی ووڈ کے کنگ خان یعنی شاہ رخ خان بڑے پردے پر چار سال بعد واپسی کرنے جا رہے ہیں۔ ان کی فلم ’پٹھان‘ نے ملک میں اب تک ریلیز ہوئی فلموں میں ایڈوانس بکنگ کے دوران سب سے زیادہ ٹکٹ بکنگ کرانے کے معاملے میں نمبر وَن فلم ’باہوبلی 2‘ (ہندی) کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ بنیادی طور سے ہندی میں بنی فلموں کی بات کی جائے تو رتک روشن کی فلم ’وار‘ کی سب سے زیادہ ایڈوانس ٹکٹ بکنگ کی تعداد یہ کب کا پار کر چکی ہے۔ 25 جنوری کو ریلیز ہو رہی فلم ’پٹھان‘ تیلگو اور تمل میں بھی ریلیز ہو رہی ہے اور فلم کے تیلگو ایڈیشن کی ایڈوانس بکنگ ٹکٹ فی الحال پیچھے بتائی جا رہی ہے۔

اتوار کی شب تک موصول اعداد و شمار کے مطابق یش راج فلمز کی پیش کش ’پٹھان‘ کی ایڈوانس بکنگ میں 6 لاکھ 63 ہزار سے زیادہ ٹکٹیں اب تک فروخت ہو چکی ہیں۔ کسی ہندی فلم کی ریلیز سے پہلے ایڈوانس بکنگ میں فروخت ہوئی یہ اب تک کی سب سے زیادہ ٹکٹیں ہیں۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ رتک روشن، ٹائیگر شراف اور وانی کپور کی فلم ’وار‘ کے پاس تھا جس نے ایڈوانس بکنگ میں تقریباً 4 لاکھ ٹکٹیں فروخت کرنے میں کامیابی پائی تھی۔ فلم ’پٹھان‘ نے فلم ’کے جی ایف 2‘ کی ایڈوانس بکنگ میں 5.15 لاکھ ٹکٹیں فروخت کرنے کا ریکارڈ بھی پہلے ہی توڑ دیا ہے۔


فلم ’پٹھان‘ سے آگے ایڈوانس بکنگ ٹکٹ فروخت کرنے کے معاملے میں اب کوئی نہیں ہے۔ فلم ’باہوبلی 2‘ نمبر وَن تھی جس نے ریلیز سے پہلے 6.50 لاکھ ٹکٹیں فروخت کی تھیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ فلم کی ایڈوانس بکنگ نے گزشتہ ہفتہ کے روز سے رفتار پکڑی ہے اور ٹکٹ فروخت سے ہوئی آمدنی کو اگر جوڑا جائے تو یہ 20 کروڑ روپے سے اوپر نکل چکی ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ یہ فلم ریلیز کے پہلے دن شاندار اوپننگ کرے گی۔ قابل ذکر یہ ہے کہ فلم ’پٹھان‘ کی ریلیز ورکنگ ڈے (بغیر چھٹی والا دن) پر ہو رہی ہے اور اب تک یہ اعداد و شمار بتا رہے ہیں کہ فلم کی اوپننگ 40 سے 50 کروڑ روپے کے درمیان رہنے والی ہے۔

ہندوستان میں اب تک ہندی میں ریلیز ہوئی فلموں میں پہلے دن کی کمائی کا ریکارڈ ابھی تک فلم ’کے جی ایف 2‘ کے پاس ہے جس نے گزشتہ سال 53.95 کروڑ روپے کی شاندار اوپننگ کی تھی۔ ہندی میں ہی بنی فلموں میں ہی ریکارڈ ’وار‘ کے پاس ہے جس کی اوپننگ 53.35 کروڑ روپے رہی ہے۔ ورکنگ ڈے میں ریلیز ہوئی فلموں کے معاملے میں یہ ریکارڈ فلم ’سنجو‘ کے پاس ہے جس نے ریلیز کے پہلے دن 34.19 کروڑ روپے کمائے تھے۔ فلم ’پٹھان‘ کی ایڈوانس بکنگ کو دیکھتے ہوئے یہ طے مانا جا رہا ہے کہ یہ فلم ریلیز کے پہلے دن ’باہوبلی 2‘ ہندی کا ریکارڈ ضرور توڑ دے گی جس نے 41 کروڑ روپے کی اوپننگ لی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔