شیو سینا سے ’پنگا‘ لینے والی کنگنا ممبئی کے لئے روانہ، منشیات کے معاملہ میں پوچھ گچھ متوقع

منشیات کے الزامات کا سامنا کرنے والی کنگنا رناوت آج اپنی آبائی ریاست ہماچل پردیش سے ممبئی پہنچ رہی ہیں۔ کنگنا چونکہ اکثر سیاسی بیانبازی کرتی ہیں تو ان کے ممبئی پہنچے پر ہنگامہ کے آثار نظر آ رہے ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: منشیات کے معاملے میں الزامات کا سامنا کرنے والی کنگنا رناوت آج اپنی آبائی ریاست ہماچل پردیش سے ممبئی پہنچ رہی ہیں۔ کنگنا چونکہ اکثر سیاسی بیانبازی کرتی ہیں تو ان کے ممبئی پہنچے پر ہنگامہ کے آثار نظر آ رہے ہیں، وہیں پولیس کا انسداد منشیات بیورو (این سی بی) ان سے پوچھ گچھ کر سکتی ہے۔ کنگنا کی طرف سے ممبئی کا موازنہ پاکستان مقبوضہ کشمیر (پی او کے) سے کیے جانے کے بعد مہاراشٹرا میں حکمران جماعت شیوسینا اور ان کے مابین زبانی جنگ جاری ہے۔ دریں اثنا، بی ایم سی نے کنگنا کے پروڈکشن ہاؤس پر کارروائی کی اور ان سے ڈرگ کے معاملہ میں جانچ کا بھی عندیہ دیا گیا۔ کنگنا کو مرکزی حکومت سے وائی کلاس سیکورٹی حاصل ہونے کے بعد اس معاملہ نے سیاسی رُخ اختیار کر لیا۔

ممبئی میں کنگنا کی آمد سے بھی یہ تنازعہ کھڑا ہونے کا امکان ہے کیونکہ بی ایم سی نے کہا ہے کہ وہ کنگنا کے ممبئی پہنچتے ہی انہیں ایک ہفتہ کے لئے قرنطینہ میں بھیج دیگی۔ تاہم، کنگنا کا کہنا ہے کہ انہوں نے ہماچل میں کورونا ٹیسٹ کرایا ہے اور ان کی رپورٹ منفی آئی ہے۔ ممبئی روانگی سے قبل، کنگنا نے ٹوئٹ کیا تھا کہ وہ 9 ستمبر کو ممبئی روانہ ہو رہی ہیں، اگر کسی میں ہمت ہے تو انہیں روک کر دکھائے۔ آج صبح ایک ٹوئٹ میں انہوں نے خود کو ممبا دیوی (ممبئی کا نام اسی دیوی کے نام پر رکھا گیا ہے) کا مرید قرار دیا۔


وہیں اس معاملہ میں کرنی سینا بھی کود پڑی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کرنی سینا نے کنگنا کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کنگنا رناوت کو ممبئی ہوائی اڈے سے ان کے گھر تک محفوظ طور پر پہنچنے میں مدد دے گی۔ کرنی سینا کا یہ بیان کنگنا رناوت کے اس بیان کے حوالے سے ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ ممبئی میں خوفزدہ ہیں اور ممبئی کے حالات انہیں پاکستان مقبوضہ کشمیر جیسے نظر آتے ہیں۔ اس پر شیو سینا کے رہنما سنجے راؤت نے جواب دیا کہ جو لوگ اس طرح کے الزامات لگا رہے ہیں وہ ممبئی اور ہماری ممبا دیوی کی توہین کر رہے ہیں۔ شیوسینا کے ترجمان نے کہا کہ شیوسینا خواتین کے اعزاز کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی اور شیوسینا سپریمو نے ہمیں یہی سکھایا ہے۔ بعد میں سنجے راوت نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں کہا کہ کیا کنگنا رناوت میں ہمت ہے کہ وہ احمد آباد کو 'منی پاکستان' کہہ دیں!

اسی اثنا میں کنگنا رناوت نے الزام لگایا کہ بی ایم سی (برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن) کے عہدیدار زبردستی ان کے دفتر میں گھس گئے اور ان پڑوسیوں کو ہراساں کیا۔ ایک روز قبل مہاراشٹرا حکومت نے کنگنا رناوت کے خلاف منشیات کے الزامات کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ اس پر کنگنا نے ٹوئٹ کیا کہ وہ ممبئی پولیس کی مدد کرکے بہت خوش ہوں گی۔ انہوں نے ممبئی پولیس اور وزیر داخلہ انیل دیشمکھ کو ٹیگ کرتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا کہ منشیات کی جانچ کروائیں، کال ریکارڈ چیک کریں اور اگر ان کو منشیات فروشوں کے ساتھ کوئی ربط مل گیا تو وہ اپنی غلطی قبول کریں گی اور ہمیشہ کے لئے ممبئی چھوڑ دیں گی۔


واضح رہے کہ کنگنا کے سابق بوائے فرینڈ ادھین سمن نے ایک انٹرویو کے دوران منشیات لینے کے حوالہ سے کنگنا کا نام لیا تھا۔ اس ادھین نے دعویٰ کیا تھا کہ کنگنا نے اس سے بھی منشیات لینے کو کہا تھا۔ ادھین کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ مہاراشٹر کے وزیر داخلہ انیل دیشمکھ نے منگل کے روز کہا کہ حکومت نے اس معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ ہو سکتا ہے کہ جب 9 ستمبر کو کنگنا ممبئی پہنچیں گی تو پولیس کا انسداد منشیات بیورو اس سے پوچھ گچھ کرے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔