پہلے عرفان خان اور اب رشی کپور، 24 گھنٹے میں بالی ووڈ کے 2 ستارے غروب

بالی ووڈ اداکار عرفان کے انتقال کی خبر سے ابھی لوگ باہر بھی نہیں نکلے تھے کہ رشی کپور جیسے مشہور زمانہ اداکار نے بھی اس دنیا کو الوداع کہہ دیا۔ دو دنوں میں ہوئی لگاتار دو اموات سے پورا ملک صدمے میں ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بالی ووڈ اداکار عرفان خان کی موت کے بعد غم میں ڈوبے کروڑوں چاہنے والوں کو جمعرات کی صبح اس وقت دوسرا بڑا جھٹکا لگا جب انھیں مشہور زمانہ بالی ووڈ اداکار رشی کپور کے انتقال کی خبر ملی۔ رشی کپور نے بھی عرفان خان کی طرح کینسر سے طویل لڑائی کے بعد بالآخر دنیائے فانی کو الوداع کہہ دیا۔ ایک کے بعد ایک ان دو بڑے حادثوں نے ان کے گھر والوں اور شیدائیوں کا دل بری طرح سے توڑ دیا ہے۔

امیتابھ بچن نے اپنے خاص دوست رشی کپور کے انتقال کی خبر ٹوئٹ پر دیتے ہوئے خود کے ٹوٹ جانے کی بات کہی۔ انھوں نے ٹوئٹ میں لکھا "وہ چلا گیا... رشی کپور چلا گیا... ابھی کچھ دیر پہلے ان کا انتقال ہوا۔ میں اب ٹوٹ چکا ہوں۔" قابل ذکر ہے کہ رشی کپور کو سانس میں تکلیف کی شکایت کے بعد گزشتہ دن ہی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ان کے بڑے بھائی رندھیر کپور نے بتایا تھا کہ انھیں سانس لینے میں پریشانی ہو رہی تھی۔


رشی کپور گزشتہ سال ستمبر میں ہی نیو یارک میں تقریباً ایک سال کینسر کا علاج کروانے کے بعد ہندوستان لوٹے تھے۔ انھیں سال 2018 میں پتہ چلا تھا کہ وہ کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں۔ اس کے بعد وہ اپنے علاج کے لیے نیویارک گئے تھے۔ ان کے آخری وقت میں ان کی بیوی نیتو کپور ان کے ساتھ تھیں۔ اس درمیان رشی کپور کی بیٹی ردھیما کپور نے دہلی حکومت سے گزارش کی ہے کہ انھیں دہلی سے ممبئی جانے کی اجازت دی جائے۔ دراصل لاک ڈاؤن کی وجہ سے فی الحال وہ دہلی میں پھنسی ہوئی ہیں۔


واضح رہے کہ رشی کپور نے فلم 'بابی' کے ذریعہ اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا تھا۔ اس فلم کو راج کپور نے ڈائریکٹ کیا تھا۔ اس کے بعد رشی کپور نے اپنے فلمی کیریر میں کئی شاندار فلمیں کیں۔ رشی کپور کے بیٹے رنبیر کپور اس وقت بالی ووڈ میں سرگرم ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */