حکومت سے کچھ نہ مانگو، فیصلہ کرو کہ کس کی سرکار لانی ہے: نانا پاٹیکر کا کسانوں کو مشورہ

نانا پاٹیکر نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو کسان ہمیں روز کھانا دیتے ہیں جب ان کی کسی کو کوئی پرواہ نہیں ہے تو ہمیں آپ کی کیا پرواہ ہو سکتی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>نانا پاٹیکر / تصویر آئی اے این ایس</p></div>

نانا پاٹیکر / تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

ملک میں جاری کسانوں کی تحریک کے درمیان مشہور فلم اداکار نانا پاٹیکر بھی اب کھل کر کسانوں کی حمایت میں آگئے ہیں۔ انہوں نے کسانوں کو اپنا فیصلہ لیتے ہوئے حکومت منتخب کرنے کی بات کہی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہا اب یہ وہ وقت ہے کہ کسان حکومت سے کچھ مانگنے کے بجائے یہ طئے کریں کہ ملک کی زمام کار کس کے ہاتھوں میں دینی ہے۔

نیوز پورٹل ’آج تک‘ کے مطابق نانا پاٹیکر ہمیشہ سے ہی اپنا موقف واضح طور پر پیش کرنے کے بارے میں جانے جاتے ہیں۔ اس بار کسانوں کا ساتھ دیتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ ’’کسان پہلے 80-90 فیصد تھے، اب 50 فیصد ہیں۔ حکومت سے اب کچھ مت مانگو۔ اب فیصلہ کرو کہ سرکار کس کی لانی ہے۔‘‘ سیاست میں اپنے داخلے کے بارے میں نانا پاٹیکر نے کہا کہ ’’میں سیاست میں نہیں جا سکتا کیونکہ جو پیٹ میں ہے وہی منھ پر آجائے گا۔ وہ مجھے پارٹی سے نکال دیں گے۔ پارٹیاں بدلتے بدلتے ایک مہینے کے اندر تمام پارٹیاں ختم ہو جائیں گی۔ یہاں آپ کے یعنی ہمارے کسان بھائیوں کے سامنے ہم دل کی بات کر سکتے ہیں۔‘‘


نانا پاٹیکر نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’جو ہمیں روز کھانا دیتے ہیں ان کی کسی کو کوئی پرواہ نہیں ہے تو ہمیں آپ کی کیوں پرواہ ہوسکتی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ’’اگر میں خودکشی  بھی کر لوں تو بھی میں ایک کسان کے طور پر ہی جنم لوں گا، کسان کبھی یہ نہیں کہے گا کہ میں کسان کے روپ میں نہیں پیدا ہونا چاہتا۔ ہم جانوروں کی زبان جانتے ہیں، کیا تمہیں وقت رہتے کسانوں کی زبان نہیں بولنے آتی؟‘‘

یہاں یہ بات ذہن نشین رہے کہ نانا پاٹیکر ہمیشہ ہی کسانوں کی حمایت میں بولتے رہے ہیں۔ انہوں نے اس سے قبل بھی کسانوں کی مسلسل خودکشی پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔ نانا نے ایک تنظیم بھی بنائی ہے جو کسانوں کے حقوق کے لیے کام کرتی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا تھا کہ ہمارے کسان بھائی خودکشی نہ کریں بلکہ انہیں فون کریں۔ ان کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ خودکشی کرنے والے کسانوں کی بیواؤں کو ہر ماہ پیسے دیتے ہیں۔ وہ کسانوں کے ساتھ زیادتیوں کے خلاف مسلسل آواز بلند کرتے رہتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔