مفرور قرار دیے جانے کے بعد جیا پردا کی عدالت میں خود سپردگی، حراست کے بعد ضمانت!

سابق رکن پارلیمنٹ اور اداکارہ جیا پردا نے عدالت کو یقین دلایا کہ وہ ہر سماعت پر ذاتی طور پر عدالت میں حاضر ہوں گی اور حاضری سے استثنیٰ کی کوئی درخواست دائر نہیں کریں گی۔

<div class="paragraphs"><p>جیا پردا / تصویر آئی اے این ایس</p></div>

جیا پردا / تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

اترپردیش کی رام پور ایم پی-ایم ایل اے خصوصی عدالت سے مفرور قرار دیے جانے کے بعد سابق رکن پارلیمنٹ اور فلم اداکارہ جیا پردا اچانک عدالت میں پہنچ گئیں جہاں انہیں حراست میں لے کر کٹہرے میں کھڑا کیا گیا۔ جیا پردا نے عدالت کو یقین دلا یا کہ وہ اب ہر سماعت پر ذاتی طور پر عدالت میں حاضر رہیں گی۔

نیوز پورٹل ’آج تک‘ کے مطابق عدالت میں پیشی کے دوران جیا پردا کی جانب سے عدالت کے روبرو صحت کی بنیاد پر ضمانت کی درخواست داخل کی گئی جسے قبول کرتے ہوئے عدالت نے 20 ہزار روپئے کے ذاتی مچلکے پر انہیں مشروط ضمانت دے دی۔ جیا پردا انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق دو مقدمات میں 'مفرور' قرار دی گئی تھیں۔ خود سپردگی کے بعد عدالت نے جیا پردہ کے خلاف جاری کردہ وارنٹ واپس لے لیا۔


رام پور کی ایم پی ایم ایل اے کورٹ سے تقریباً 7 بار جیا پردا کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری ہو چکے ہیں، جس کے بعد 27 فروری کو سماعت کرتے ہوئے عدالت نے انہیں 'مفرور' قرار دے دیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی پولیس کو ہدایت دی  تھی کہ وہ انہیں گرفتار کر کے 6 مارچ کو عدالت میں پیش کرے۔ اسی سلسلے میں گزشتہ روز (4 مارچ) جیا پردا اپنے وکلاء کے ساتھ رام پور پہنچیں اور ایم پی ایم ایل اے کی خصوصی عدالت کے مجسٹریٹ شوبھت بنسل کے سامنےپیش ہوئی۔

واضح رہے کہ جیا پردا 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں رام پور سے بی جے پی کی امیدوار تھیں۔ اس الیکشن میں وہ سماج وادی پارٹی کے امیدوار اعظم خان سے ہار گئیں تھیں۔ جیا پردا 2004 اور 2009 میں سماج وادی پارٹی کے ٹکٹ پر رام پور سے لوک سبھا کے لیے منتخب ہوئی تھیں لیکن بعد میں وہ دوسری پارٹی میں چلی گئی تھیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔