یوگی کی فلم سٹی پر ادھو کا بیان ’ریاست کی صنعت کو باہر نہیں جانے دیا جائے گا‘

وزیر اعلیٰ ادھو نے کہا کہ کمپٹیشن کا ہونا اچھی بات ہے لیکن چلا کر، دھمکا کر کوئی صنعت لے جانا چاہے گا تو وہ ہونے نہیں دیا جائے گا، آج بھی کچھ لوگ آپ سے ملنے آئیں گے اور کہیں گے کہ ہمارے یہاں آ جاؤ

ممبئی کے ہوٹل میں اکشے کمار سے ملاقات کرتے یوگی آدتیہ ناتھ / تصویر آئی اے این ایس
ممبئی کے ہوٹل میں اکشے کمار سے ملاقات کرتے یوگی آدتیہ ناتھ / تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: مجوزہ نوئیڈہ فلم سٹی کے معاملہ پر اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے مدِ مقابل ہیں۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ ممبئی کے دورے پر ہیں، جہاں وہ فلم سٹی کے سرمایہ داروں کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔ نوئیڈا میں فلم سٹی قائم کرنے اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی بیان بازی سے ادھو ٹھاکرے ناراض ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ممبئی کے حصہ کا کام وہ باہر نہیں جانے دیں گے۔

گزشتہ روز مرچنٹ آف چیمبرس آف کامرس میں بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے کہا تھا کہ مہاراشٹر میگنیٹک شہر ہے۔ صنعت کاروں میں آج بھی مہاراشٹر کے تئیں دیوانگی قائم ہے۔ ریاست کی صنعت کو باہر نہیں جانے دیا جائے گا۔ بلکہ دیگر ریاستوں کے صنعت کار بھی مہاراشٹر میں صنعت قائم کرنے آئیں گے۔ ریاست کی صنعت ریاست میں ہی رہے گی۔


وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ کمپٹیشن ہونا اچھی بات ہے لیکن چلا کر، دھمکا کر کوئی صنعت کو لے جانا چاہے گا تو وہ میں ہونے نہیں دوں گا۔ آج بھی کچھ لوگ آپ سے ملنے آئیں گے اور کہیں گے کہ ہمارے یہاں آجاؤ۔ وزیر اعلیٰ ادھو نے یوگی آدتیہ ناتھ کا نام لئے بغیر کہا، ’’دم ہے تو یہاں کی صنعت کو باہر لے جا کر دکھائیں۔‘‘

وہیں، شیو سینا کے لیڈر سنجے راؤت نے کہا کہ میں نے دیکھا کہ یوگی جی ممبئی میں کسی پانچ ستارہ ہوٹل میں اکشے کمار کے ساتھ بیٹھے ہیں۔ شاید اکشے جی آم کی ٹوکری لے کر گئے ہوں گے۔ ممبئی کی فلم سٹی کو کوئی یہاں سے لے جانے کی بات اگر کرتا ہے تو پہلے یوگی یہ بتائیں کہ نوئیڈا فلم سٹی کا حال ابھی کیا ہے؟


دریں اثنا، وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ ممبئی کے جس پانچ ستارہ ہوٹل میں موجود اس کے باہر راج ٹھاکرے کی جماعت مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) نے مراٹھی میں پوسٹر نصب کیا ہے۔ اس پوسٹر میں نوئیڈا کی مجوزہ فلم سٹی پر نشانہ لگایا گیا ہے، وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کا نام لئے بغیر انہیں ’ٹھگ‘ کہا گیا ہے۔

ایم این ایس کے پوسٹر پر لکھا ہے، ’’دادا صاحب پھالکے کی بنائی گئی فلم سٹی کو یو پی لے جانے کا سوچنا مونگیری لال کا خواب ہے۔ کہاں راجا بھوج، کہاں گنگو تیلی۔ کہاں مہاراشٹر کی شان و شوکت کہاں یوپی کی غربت۔ ناکام ریاست کی بے روزگاری چھپانے کے لئے ممبئی کی صنعت کو یوپی لے جانے کے لئے آیا ہے ایک ٹھگ۔‘‘


خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ دہلی سے ملحقہ گریٹر یوئیڈا میں فلم سٹی تعمیر کے لئے زمین الاٹ کر چکے ہیں۔ اب فلم سٹی تعمیر کی باریکیوں کو جاننے کے لئے وہ ممبئی پہنچے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یوگی فلمی ہستیوں سے یہ جاننے کی کوشش کریں گے کہ فلم سٹی بنانے میں کن باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */