سیاسی

جواہر لال نہرو ہوتے تو ’کورونا بحران‘ پر بہتر طریقہ سے قابو پاتے، جانیں کیوں؟

ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو نے اپنے دور اقتدار میں نہ صرف وبائی امراض پر پوری طرح قابو پایا بلکہ جو بھی کام کیا اس میں سائنسی نظریہ کو نظر انداز نہیں کیا

سابق وزیر اعظم جواہر لال نہرو مشہور سائنسداں نیلس بور کے ساتھ / Getty Images
سابق وزیر اعظم جواہر لال نہرو مشہور سائنسداں نیلس بور کے ساتھ / Getty Images 

اے گوپنا

ملک میں جاری کورونا بحران اور ناکام قومی قیادت کو خالی نظروں سے دیکھنے کے دوران عوام کو پنڈت جواہر لال نہرو کا دور یاد آتا ہے، جنہوں نے ایک بار کہا تھا، ’’صاف، صفائی، صحت اور کچھ بیماریوں پر قابو پانا سائنس پر منحصر ہے۔‘‘

Published: undefined

ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو نے اپنے دور اقتدار میں نہ صرف وبائی امراض پر پوری طرح قابو پایا بلکہ جو بھی کام کیا اس میں سائنسی نظریہ کو نظر انداز نہیں کیا۔ انہوں نے اپنی تصنیف ’ڈسکوری آف انڈیا‘ میں لکھا، ’’سچائی تلاش کرنے کے لئے جرأت کا مظاہرہ کرنا سائنسی نظریہ ہے لیکن زندگی گزارنے کا طریقہ اور سوچنے کا عمل بھی یہی ہونا چاہیے۔‘‘

Published: undefined

اپنے دور اقتدار کے مشکل سالوں کے دوران ان کی سیاست اور اقدامات انہی سائنسی نظریات کے حامل رہے جنہوں نے ملک کو کھڑا ہونے اور ملیریا، اسمال پوکس، جنسی بیماریوں، جذام، فلیریاسس، ڈفتھیریا، میعادی بخار، کالی کھانسی، نمونیا، گردن توڑ بخار اور ریبیز وغیرہ پر کامیابی کے ساتھ قابو پانے میں مدد کی۔ ان تمام بیماریوں نے اس وقت دنیا بھر میں تباہی مچا رکھی تھی اور بڑے پیمانے پر لوگوں کی جانوں کا ضیاع ہوا تھا۔

Published: undefined

ہندوستان کو صحت مند بنانے میں پنڈت نہر کی کامیابی کے پیچھے اس عوامی نظامِ صحت کا اہم کردار تھا جسے انہوں نے متعارف کرایا تھا۔ انہوں نے یہ بھی یقینی بنایا تھا کہ لوگوں کو ادویات کی سہل فراہمی کے ساتھ ساتھ حکومت کی جانب سے تیار کردہ ویکسین بھی انہیں مفت میں فراہم کی جائے۔

Published: undefined

پنڈت نہرو کا دور ایک ایسا دور تھا جب حکومت نے پنج سالہ منصوبہ کے تحت زیادہ سے زیادہ وسائل کا استعمال کیا، نئے میڈیکل کالج قائم کیے۔ ملک میں 1946 میں صرف 15 میڈیکل کالج تھے، جبکہ 1965 میں ان کی تعداد بڑھ کر 81 ہو چکی تھی اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ حکومت کے زیر انتظام لیباریٹریز دیسی ساختہ ٹیکے بھی تیار کر رہی تھیں۔

Published: undefined

یوں تو انگریزوں کے زمانے میں بھی ہندوستان میں ٹیکے تیار ہوتے تھے، تاہم پنڈت نہرو نے انہیں فروغ دینا جاری رکھا کیونکہ وہ ٹیکہ بنانے میں خود انحصاری پر یقین رکھتے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ایسی مزید یونٹس شروع کرائیں۔

Published: undefined

لیکن آج ہم بے یار و مددگار نظر آتے ہیں اور کورونا ویکسین کی فراہمی کے لئے غیرملکی اور ہندوستان کی منافع حاصل کرنے والی نجی کمپنیوں کی مدد حاصل کرتے ہیں۔ یہ کمپنیاں ہمیں اتنے مہنگے داموں پر کورونا ویکسین فراہم کرتی ہیں کہ اسے ہندوستان کی بیشتر آبادی خریدنے سے قاصر ہے۔ زیادہ تر ٹیکہ تیار کرنے والی سرکاری کمپنیوں کو بند کر دیا گیا، یا پھر انہیں نجی ہاتھوں میں سونپ دیا گیا۔ پنڈت نہرو اگر آج ہمارے درمیان ہوتے تو ملک کو اس طرح اوندھے منہ کبھی نہ گرنے دیتے۔

Published: undefined

کیا موجودہ صورت حال میں وہ اس سے بہتر کر سکتے تھے؟ ہاں وہ بہت کچھ کر سکتے تھے۔ سب سے پہلے وہ ایسے سائنسدانوں کی تلاش کرتے جو وبا کی بہتر سمجھ رکھتے ہوتے اور اسے بحران سے نمٹنے والی ٹیم کا سربراہ مقرر کرتے، ایسا ہی کچھ ترقی پذیر ممالک نے کیا بھی ہے۔

Published: undefined

اس کے بعد، ملک کی یونیورسٹیوں اور لیباریٹریوں میں علاج کے لئے پرٹوکول، ادویات اور وبا پر قابو پانے کے لئے ویکسین تیار کرنے کے حوالہ سے جنگی پیمانے پر تحقیقی کام انجام دیا جا رہا ہوتا اور وہ یقینی طور پر سینٹرل وسٹا کی تعمیر پر توجہ نہیں دے رہے ہوتے۔ وہ ہمیشہ سائنسی ادارے قائم کرنے کے خواہاں رہتے تھے اور شاید وہ کورونا بحران سے نمٹنے کے لئے کوئی خصوصی ادارہ قائم بھی کر چکے ہوتے۔

Published: undefined

اس کے علاوہ وہ اس ویکسین پروگرام کو بھی کافی پہلے لانچ کر چکے ہوتے، جسے اب شروع کیا جا رہا ہے اور وہ یہ یقینی بناتے کہ اس دوسری لہر سے قبل ملک کے ہر فرد تک ویکسین پہنچا دی جائے، جس نے ملک میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ اس معاملہ میں عملی حکم تیار کرنے کے لئے وہ صرف اور صرف سائنسدانوں سے مشورہ کرتے۔

Published: undefined

یہ تصور بھی نہیں کیا جا سکتا کہ پنڈت نہرو بطور وزیر اعظم اس مجمع کے تئیں آنکھیں بند کر لیتے یا اس کی پذیرائی کرتے جو کمبھ میلے کے نام پر ہریدوار پہنچا، وہ بھی اس وقت جب کہ وبا اپنے عروج پر تھی۔ وہ ہوتے تو اس سپر اسپریڈر کو ختم کرنے میں اپنی پوری قوت کا استعمال کرتے۔

Published: undefined

اس کے علاوہ نہرو کبھی فرقہ پرست طاقتوں کو وبا کے نام پر فرضی خبروں کے ذریعے مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلانے کی اجازت ہرگز نہیں دیتے۔ اس مشکل وقت میں وہ خود بھی فرضی خبروں کے خلاف کریک ڈاؤن چلاتے اور مرکزی دھارے کے میڈیا کو بھی یہ ترغیب دیتے کہ وہ ماہرین اور صحافیوں کے خیالات کو سنجیدگی سے لیں۔

Published: undefined

کسی بھی صورت میں سوشل میڈیا پر آکسیجن کے لئے مدد مانگنے والا شخص جیل کی سلاخوں کے پیچھے نہ بھیجا گیا ہوتا۔ پنڈت نہرو اگر آج وزیر اعظم ہوتے تو ملک کی کسی ریاست کا وزیر اعلیٰ ایسی گری ہوئی حرکت کرنے کی جرأت نہیں کر پاتا۔ وہ خود تو خود ضرورت مندوں تک ان کی مشکلات کے ازالہ کے لئے پہنچ جاتے اور غلطی کے لئے معذرت بھی کرتے۔

Published: undefined

موجودہ وبا اس حقیقت کو ہمارے سامنے لائی ہے کہ آج بھی وہ ریاستیں جنہوں نے پنڈت نہرو کے نظریات کی بنیاد پر صحت عامہ کے نظام کو تیار کیا ہے وہ کسی حد تک اس کا مقابلہ کرنے میں کامیاب ہیں۔ نیز، ہمیں یہ بھی احساس ہو رہا ہے کہ وہ ممالک جنہوں نے سستی صحت کی دیکھ بھال کے نظام میں سرمایہ کاری کی تھی، جیسا کہ پنڈت نہرو نے خواب دیکھا تھا، وہ بہت پہلے ہی کورونا وائرس کے بحران سے باہر آنے میں کامیاب ہوگئے۔ چین، تائیوان، ویتنام، سنگاپور اور کیوبا جیسے ممالک کو ایسی کامیابی کی مثال کے طور پر پیش کیا جا سکتا ہے۔

Published: undefined

اس طرح کی کامیابی کی داستانوں پر نظر ڈالیں تو ہم یہ پاتے ہیں کہ پنڈت نہرو کے ہندوستان نے منصوبہ بند طریقہ سے اور انسانی نقطہ نظر کے ذریعے دنیا کو نئے مہلک وائرس سے نمٹنے کا راستہ دکھایا ہے۔ ہاں، وہ انتباہ کے بغیر قوم پر کبھی لاک ڈاؤن مسلط نہیں کرتے۔ ان کا لاک ڈاؤن اچھی طرح سوچ سمجھ کر اس طرح نافذ کیا جاتا کہ لوگ اچانک آسرے اور کھانے سے محروم نہ ہو جاتے۔

Published: undefined

جہاں تک دوسری لہر کا تعلق ہے تو ملک اس کا سامنا کرنے کے لئے زیادہ تیار ہوتا اور اس قسم کی تباہ کاریاں نظر نہیں آتیں جو اب ہمارے سامنے ہیں۔ ایسا اس لئے کیونکہ طبی ماہرین نے اس کے آغاز سے قبل پیش گوئی کی تھی اور پنڈت نہرو ہوتے تواسے سنجیدگی سے لیا ہوتا، ناکہ یہ کہا ہوتا کہ ہمارے پاس علاج کے طور پر گائے کا پیشاب، گوبر وغیرہ موجود ہے۔

Published: undefined

اس کے باوجود کہ پنڈت نہرو تنقید کرنے والوں کے تئیں روادار تھے وہ کسی ایسے شخص کو کبھی نہیں بخشتے جو میڈیکل سائنس اور اس کے پریکٹیشنرز کے بارے میں بے بنیاد اور غلط باتیں کرتا ہے۔ وہ ایسے لوگوں کو کھلے پلیٹ فارم سے للکارتے تاکہ عوام کو ان پر اپنا اعتماد ترک کرنے میں مدد ملتی۔

Published: undefined

یقینی طور پر پنڈت نہرو ایسے وقت میں اس وبائی مرض سے کامیابی سے نمٹنے کا ڈھول نہیں پیٹا ہوتا جب حقیقتاً اس وبا سے لوگ متاثر ہو رہے ہوں اور نہ ہی وہ لوگوں سے ایسے وقت میں بالکونی میں کھڑے ہو کر برتن بجانے یا چھت پر موم بتی اور دیئے جلانے کی اپیل کرتے، جس وقت ایمبولنس مریضوں کو لے جا رہی ہو۔

Published: undefined

سب سے بڑھ کر پنڈت نہرو ہوتے تو کسی عالمی میڈیا میں ’انڈیا ان کرائسس‘ اور ’ہاؤ مودی فیلڈ اس‘ جیسی مذموم سرخیاں نہیں چلائی جا رہی ہوتیں۔ کیونکہ اس وقت صورتحال مختلف ہوتی اور ہم وزیر اعظم کی قیادت میں اس وبائی مرض کا مقابلہ زیادہ موثر اور سائنسی انداز میں کر رہے ہوتے۔

(مضمون نگار اے گوپنا، جواہر لال نہرو- این السٹریٹڈ بائیوگرافی کے مصنف ہیں اور تمل ناڈو کانگریس کمیٹی کے میڈیا شعبہ کے نائب صدر بھی ہیں)

یہ مضمون نگار کے نجی خیالات ہیں

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined