لا اینڈ آرڈر کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور بڑھتے ہوئے جرائم کی وجہ سے دہلی جرائم کی راجدھانی بن گیا: دیویندر یادو
دیویندر یادو نے کہا کہ ’’امت شاہ، ریکھا گپتا اور پولیس کمشنر سمیت اعلیٰ افسران نے دہلی کی سیکورٹی کو چاق و چوبند بنانے کے لیے 2 بار میٹنگ کی، لیکن جرائم میں اب تک کوئی کمی نہیں آئی ہے۔‘‘

دیویندر یادو / تصویر آئی این سی
نئی دہلی: راجدھانی دہلی میں لا اینڈ آرڈر کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور جرائم کے واقعات میں روز بہ روز ہو رہے اضافے پر کانگریس ریاستی صدر دیویندر یادو نے ریکھا گپتا حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’دہلی میں روزانہ بڑھتے جرائم کے معاملوں سے بے پرواہ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا اپنی 100 دنوں کی ناکامی کو بھلا چکی ہیں۔ لا اینڈ آرڈر کو بہتر بنانے کے بجائے اپنے پھول کماری نواس کی تزئین میں مصروف ہیں۔ جبکہ ان کی ناک کے نیچے لاجپت نگر میں 42 سالہ ایک خاتون اور ان کے 14 سالہ بیٹے کا قتل کر دیا گیا، جس پر دہلی حکوت خاموشی اختیار کیے ہوئی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ لا اینڈ آرڈر کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور جرائم کے اضافے کی وجہ سے دہلی جرائم کی راجدھانی بن چکا ہے۔
دیویندر یادو نے کہا کہ دہلی میں آئے دن عصمت دری اور خواتین کو ہراساں کرنے کے معاملات بڑھتے جا رہے ہیں۔ قتل کی ورادات کے بعد گھریلو نوکر نے بیان دیا کہ مقتولہ کی ڈانٹ سے ناراض ہوکر اس نے یہ قدم اٹھا یا ہے، ایسا تو نہیں ہے کہ اس کے پس پردہ کچھ چھپانے کی کوشش کی جا رہی ہے، اس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ پولیس نے ماں بیٹے کے قتل کے بعد یہ واضح نہیں کیا کہ مجرم مکیش کی پولیس ویری فیکیشن ہوئی تھی یا نہیں؟ جبکہ وہ گھر اور دکان دونوں کام سنبھالتا تھا۔
کانگریس ریاستی صدر نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، ریاستی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا اور پولیس کمشنر سمیت اعلیٰ افسران نے دہلی کی سیکورٹی کو چاق و چوبند بنانے کے لیے 2 بار میٹنگ کی۔ لیکن لوٹ، ڈکیتی، قتل اور خواتین کے ساتھ ہو رہے جرائم میں اب تک کوئی کمی نہیں آئی ہے۔ کیا وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ کی میٹنگیں صرف عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے تھیں؟ اب جبکہ مرکز اور دہلی میں بی جے پی کی حکومت ہے تب حفاظتی انتظامات کو درست کر کے پولیس کی نگرانی بڑھانے میں کوئی پہل کیوں نہیں کی جا رہی ہے۔ بی جے پی کو بیان بازی اور رسمی کارروائیوں کے بجائے عملی کارروائی کرتے ہوئے دہلی کے لا اینڈ آرڈر کو درست کرنے کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب دیویندر یادو نے وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کے بنگلہ کو سجانے میں ہو رہے اخراجات پر بھی جم کر حملہ بولا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے لوگ بجلی کی تخفیف، پانی کے بحران اور آبی جماؤ سے پریشان ہیں، ایسے وقت میں وزیر اعلیٰ اپنی سرکاری رہائش ’پھول کماری نِواس‘ کو راج محل میں تبدیل کرنے پر کروڑوں روپے خرچ کر رہی ہیں۔ صرف پہلے مرحلہ میں ہی بنگلہ نمبر 1 (راج نواس مارگ) کی تزئین و آرائش پر 59.40 لاکھ روپے کی لاگت کا امکان ہے۔ بنگلہ کی سجاوٹ میں 11 لاکھ روپے کا اے سی اور 6 لاکھ روپے کے لائٹس اور جھومروں پر خرچ کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ 2 لاکھ روپے کی لاگت کا خصوصی نان انٹرپٹیبل پاور سسٹم بھی لگایا جا رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔