
ویڈیو گریب
وسطی افریقی جمہوریہ کے مغربی علاقے میں منگل (18 اگست) کو ایک سونے کی کان اچانک دھنس گئی۔ اس حادثے میں کم از کم 30 کان کنوں کی موت ہو گئی، جبکہ کئی لوگوں کے ملبے میں پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ حادثہ نانا-مامبیرے صوبہ کے ابا علاقے میں ہوا۔ افسران اور مقامی لوگوں کے مطابق کان میں بچاؤ مہم جاری ہے، حالانکہ مانا جا رہا ہے کہ پھنسے لوگوں کے زندہ رہنے کی امید بہت کم ہے۔
فلورین گاگواینڈے جو اس حادثے میں زندہ بچ جانے والے کان کنوں میں سے ایک ہے، نے بتایا کہ نانا-مامبیرے صوبہ کے ابا علاقے میں منگل کی صبح ایک کان اچانک دھنس گئی۔ بڑی تعداد میں کان کن ملبے کے نیچے دب گئے۔ ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ ریسکیو ٹیمیں اب بھی لوگوں کی تلاش کر رہے ہیں، حالانکہ گزرتے وقت کے ساتھ ان کے زندہ ہونے کی امید کم ہوتی جا رہی ہے۔
ابا کے ذیلی صوبہ کے ڈپٹی میئر سلیمان بی نے بتایا کہ مقامی لوگوں اور ریسکیو ٹیموں نے کئی گھنٹوں کی سخت محنت کے بعد دھنسی ہوئی کان سے 30 لاش باہر نکالے۔ ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ حادثے میں زخمی ہوئے کچھ کان کنوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں ان کا علاج چل رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے حادثہ کو انتہائی خوفناک قرار دیا، امدادی تنظیموں اور عام لوگوں سے مدد کی اپیل کی۔ ان کے مطابق ملبے میں پھنسے لوگوں کو باہر نکالنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب اس حادثے کے بعد سامنے آئی ویڈیوز میں ریسکیوں مہم کی ہولناک تصاویر دکھائی دیں۔ فوٹیج میں چاروں طرف افراتفری مچی نظر آ رہی ہے۔ کیچڑ میں لت پت زیادہ تر مرد اور خواتین کان کنوں کی لاشیں نکالتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ ساتھ ہی درجنوں کان کن اور مزدور زخمی حالت میں پڑے ہیں جن میں سے کچھ مدد کے لیے آواز لگا رہے تھے۔
اس دوران حکومت کے ترجمان ایورست نگامانا نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ افسران متاثرہ لوگوں کو راحت اور امداد فراہم کرنے کے لیے تیزی سے کام کر رہے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ وسطی افریقی جمہوریہ میں چھوٹی اور روایتی سونے کی کانوں میں حادثے عام ہیں۔ یہاں ہزاروں لوگ چھوٹے پیمانے پر کان کنی کا کام کرتے ہیں۔ مناسب حفاظتی آلات اور جدید سہولیات نہ ہونے کے باعث کان کنی کے ایسے کام انتہائی پرخطر مانے جاتے ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔