اہم خبریں LIVE: پولیس نے انڈیا بلاک کا مارچ روک دیا، راہل اور پرینکا سمیت سبھی اراکین پارلیمنٹ دھرنے پر بیٹھے

<div class="paragraphs"><p>مارچ کی قیادت کرتے ہوئے راہل گاندھی</p></div>
i

پولیس نے انڈیا بلاک کا مارچ روک دیا، راہل-پرینکا سمیت سبھی اراکین پارلیمنٹ دھرنے پر بیٹھے

انڈیا بلاک کے ’تحفظ جمہوریت‘ مارچ کو دہلی پولیس نے روک دیا ہے۔ لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی سمیت انڈیا بلاک کے کم و بیش 140 اراکین پارلیمنٹ الیکشن کمیشن کی طرف مارچ کر رہے تھے، لیکن اسی درمیان سیکورٹی اہلکاروں نے نیتی آیوگ دفتر کے سامنے انھیں روک دیا۔ مارچ کو روکے جانے کے بعد راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی سمیت سبھی اراکین پارلیمنٹ دھرنے پر بیٹھ گئے ہیں۔

انڈیا بلاک کا ’تحفظ جمہوریت‘ مارچ شروع، 140 اراکین پارلیمنٹ شامل

انڈیا بلاک کے کم و بیش 140 اراکین پارلیمنٹ نے ’تحفظ جمہوریت‘ مارچ شروع کر دیا ہے۔ ایس آئی آر اور الیکشن کمیشن کے خلاف یہ اراکین پارلیمنٹ پا پیادہ الیکشن کمیشن ہیڈکوارٹر کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ اس مارچ کے پیش نظر دہلی میں سخت سیکورٹی کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ دہلی پولیس ’باڈی کیمرہ‘ لگا کر ڈیوٹی کر رہی ہے۔ نئی دہلی علاقہ کے ڈی سی پی سچن شرما بھی باڈی کیمرہ لگا کر ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ نئی دہلی ضلع میں نظامِ قانون بنائے رکھنے کے لیے 3000 سے زیادہ پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ مردوں کی 27 کمپنیاں اور خواتین کی 4 کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں۔ عام طور پر ایک پولیس کمپنی میں 100 سے 115 جوان ہوتے ہیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں جمع ہوئے اپوزیشن لیڈران، الیکشن کمیشن دفتر کی طرف مارچ نکالنے کی تیاری

’تحفظ جمہوریت‘ کا بینر لے کر انڈیا بلاک کے اراکین پارلیمنٹ ایس آئی آر اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف مارچ نکالنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ وہ پارلیمنٹ کے ’مکر دوار‘ پر جمع ہو گئے ہیں اور تھوڑی دیر میں مارچ شروع کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف انڈیا کے ہیڈکوارٹر کی طرف بڑھیں گے۔ مکر دوار پر انڈیا بلاک میں شامل پارٹیوں کے سرکردہ لیڈران دیکھنے کو مل رہے ہیں۔


ضمنی انتخابات: اب تک نندی گرام میں 20 فیصد اور ریجی نگر میں 18 فیصد پولنگ

مغربی بنگال کی 2 اسمبلی سیٹوں کے ساتھ ساتھ تمل ناڈو میں مدورانتکم اور دھاراپورم اسمبلی سیٹوں اور پڈوچیری میں تھٹنچاوڈی کے علاوہ آسام میں ناگاؤں لوک سبھا سیٹ پر ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق نندی گرام میں اب تک 20 فیصد اور ریجی نگر میں 18 فیصد پولنگ ہو چکی ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ ’عام جنتا اُنین پارٹی‘ (اے جے یو پی) سربراہ اور رکن اسمبلی ہمایوں کبیر کو ریجی نگر پولیس ان کے پارٹی دفتر سے اپنے ساتھ لے گئی ہے۔ ہمایوں کبیر کو پولیس کے ذریعہ لے جائے جانے کی وجہ سامنے نہیں آئی ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔