خبریں

’مودی انکل پانی دو، یوگی انکل پانی دو‘، پانی کے مسئلہ سے دو چار آگرہ کے معصوم بچے سڑک پر اترے

آگرہ کی کئی کالونیوں میں پانی نہیں مل رہا ہے اور گرمی کی شدت کی وجہ سے پریشانیاں کافی بڑھ گئی ہیں۔ لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ پرائیویٹ پانی ٹینکر بے حال عوام سے منمانے پیسے وصول رہے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

اتر پردیش کے آگرہ میں پانی کا مسئلہ بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ گرمی کی شدت بڑھنے کے ساتھ ساتھ یہ مسئلہ مزید پریشان کن ہوتا جا رہا ہے۔ حالات ایسے ہو گئے ہیں کہ بچے سڑک پر اتر کر حکومت اور انتظامیہ کی توجہ اپنی بدحالی کی طرف مبذول کرانے کے لیے مجبور ہو گئے ہیں۔ مقامی لوگوں کی ناراضگی بھی یوگی حکومت کے خلاف زبردست پیمانے پر دیکھنے کو مل رہی ہے۔ 30 اپریل کو یہ ناراضگی اس وقت انتظامیہ کے لیے مشکل کا سبب بن گئی جب لوگ خالی مٹکے کے ساتھ جی ایم دفتر کے باہر جمع ہو گئے۔

Published: undefined

میڈیا ذرائع کے مطابق جی ایم دفتر کے باہر نہ صرف پانی کی بحرانی حالت سے بے حال لوگوں نے حکومت مخالف نعرے لگائے بلکہ خالی مٹکوں کو دفتر کے سامنے پھوڑ بھی دیا۔ لوگوں نے ’جنتا کرتی ہاہاکار- جاگو جاگو ہے سرکار‘، ’پیاسی جنتا کرے پکار، پانی دو ہم کو سرکار‘ جیسے نعرے لگائے۔ اس مظاہرہ میں بچے بھی پیش پیش نظر آئے اور وہ اپنے ہاتھوں میں ’مودی اَنکل پانی دو، یوگی اَنکل پانی دو‘ اور ’ڈی ایم انکل پانی دو، جی ایم انکل پانی دو‘ جیسے نعرے لکھے تختیاں پکڑے ہوئے تھے۔

Published: undefined

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ آگرہ کی کئی کالونیوں میں پانی نہیں مل رہا ہے اور گرمی کی شدت کی وجہ سے پریشانیاں کافی بڑھ گئی ہیں۔ لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ پرائیویٹ پانی ٹینکر بے حال عوام سے منمانے پیسے وصول رہے ہیں اور حد تو یہ ہے کہ بدبودار اور آلودہ پانی دستیاب کرائے جا رہے ہیں جو کہ بیماری کا گھر ہیں۔ خواتین کے لیے پریشانیاں اس لیے بھی بڑھ گئی ہیں کیونکہ انھیں پانی حاصل کرنے کے لیے ایک کلو میٹر یا اس سے بھی زیادہ دور جانا پڑتا ہے۔

Published: undefined

قابل ذکر ہے کہ آگرہ کے جن علاقوں میں پانی کا مسئلہ سب سے زیادہ ہے ان میں نارائچ، نگلا کشن لال، شیام نگر، شوبھا نگر، وکاس نگر، ٹیڑھی بگیا، 100 فٹا روڈ رادھا نگر، اسلام نگر، فاؤنڈری نگر، شاہ گنج، کیدار نگر، بھوگی پورا، پرتھوی ناتھ پھاٹک وغیرہ شامل ہیں۔ ان سبھی علاقوں کے لوگ یوگی حکومت پر اپنی ذمہ داری سے دور بھاگنے اور بنیاد ایشوز کو چھوڑ کر بلاوجہ کے ایشوز کو اٹھانے کا الزام عائد کرتے ہیں۔

Published: undefined

پانی سے متعلق بحرانی صورت حال پر جی ایم جلکل کا کہنا ہے کہ جن علاقوں میں پانی کی پائپ لائن کا انتظام نہیں ہے وہاں پانی کا مسئلہ ہے اور اسے دور کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔ جی ایم نے یہ بھی بتایا کہ سکندرا واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ سے نکلی پائپ لائن میں کئی جگہ پر لیکیج ہے جس کی وجہ سے پریشانی بڑھ گئی ہے۔ اس لیکیج کو درست کیا جا رہا ہے اور اس کے بعد پریشانیاں کم ہو جائیں گی۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined