
خلیج بنگال کے اوپر ممکنہ گردابی طوفان کے پیش نظر تیاریوں کا جائزہ کے لیے آج قومی بحران مینجمنٹ کمیٹی کی میٹنگ ہوئی۔ آئی ایم ڈی ڈائریکٹر جنرل نے کمیٹی کو گردابی طوفان کی موجودہ حالت کے بارے میں جانکاری دی۔ این ڈی آر ایف کی 5 ٹیمیں تمل ناڈو کو، 3 تیمیں پڈوچیری کو دستیاب کرائی گئی ہیں اور آندھرا کے لیے ٹیمیں اسٹینڈ بائی پر ہیں۔
گجرات میں گاندھی نگر ضلع کے کلول انتخابی حلقہ میں ووٹنگ کے بعد تشدد کا واقعہ پیش آیا تھا۔ اس معاملے میں پولیس نے 13 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ ریاستی اسمبلی انتخاب کے دوسرے مرحلے میں پیر کے روز کلول انتخابی حلقہ میں ووٹنگ کے دوران ایک پولنگ بوتھ پر ووٹنگ کو لے کر کانگریس امیدوار بلدیوجی اور بی جے پی کارکنان کے درمیان تلخ بحث ہوئی تھی۔
مہاراشٹر اور کرناٹک کے درمیان سرحد تنازعہ کو لے کر بیان بازی کا سلسلہ لگاتار تیز ہوتا جا رہا ہے۔ بیلگاوی میں تشدد کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔ اس درمیان این سی پی چیف شرد پوار نے کہا ہے کہ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ نے بات چیت کرنے کے باوجود اس ایشو پر کوئی نرمی نہیں دکھائی ہے۔ کسی کو بھی ہمارے (مہاراشٹر) صبر کا امتحان نہیں لینا چاہیے اور یہ غلط سمت میں نہیں جانا چاہیے۔ شرد پوار نے ساتھ ہی کہا کہ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ شندے کو کوئی بھی فیصلہ لینے سے پہلے سبھی پارٹیوں کو اعتماد میں لینا چاہیے۔ پارلیمنٹ سیشن شروع ہونے والا ہے، میں سبھی اراکین پارلیمنٹ سے ایک ساتھ آنے اور اس پر اسٹینڈ لینے کی گزارش کرتا ہوں۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے بہار کے نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو سے فون پر بات کر کے ان آر جے ڈی کے سربراہ لالو یادو کی کڈنی ٹرانسپلانٹ کے بعد خیریت دریافت کی۔
پی ڈی کی سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ جموں و کشمیر محبوبہ مفتی نے کہا ’’حکومت کو اس بات کا جواب دینا چاہئے کہ کشمیری پنڈتوں کی تفصیلات لیک کس طرح ہوئیں، ان کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ حکومت کشمیری پنڈتوں کی حفاظت کرنے میں پوری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ وہ ان کا استحصال کر رہے ہیں اور ان کے لئے سنجیدہ نہیں ہیں۔‘‘
پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس سے ایک روز قبل منعقد ہونے والے کل جماعتی اجلاس کے بعد پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے بتایا کہ 47 میں سے 31 جماعتوں نے کل جماعتی اجلاس میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا ’’حزب اختلاف کی جانب سے کچھ مشورے دئے گئے ہیں اور انہیں درج کر لیا گیا ہے۔ میں ان الزامات کی مذمت کرتا ہوں کہ ہم کرسمس کو نظر انداز کر رہے ہیں۔ 24 اور 25 دسمبر کو تعطیل رہے گی۔‘‘
پارلیمنٹ کے کل 7 دسمبر سے شروع ہونے جا رہے سرمائی اجلاس سے قبل آج حکومت کی جانب سے کُل جماعتی اجلاس طلب کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر دفاع اور بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ راجناتھ سنگھ، پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی، ٹی ایم سی کے رکن پارلیمنٹ ڈیریک اوبرائن سمیت دیگر لیڈر شرکت کر رہے ہیں۔
بابا صاحت بی آر امبیڈکر کی برسی کے موقع پر صدر دروپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی، یو پی اے کی چیئر پرسن سونیا گاندھی اور کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے سمیت اہم لیڈران نے خراج عقیدت پیش کیا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 06 Dec 2022, 11:05 AM IST