علامتی تصویر/ سوشل میڈیا
امریکہ میں غیر قانونی طور پر رہ رہے 104 ہندوستانی شہریوں کو امریکہ نے گزشتہ ہفتہ ہندوستان بھیج دیا، اور مزید کئی ہندوستانیوں کو آنے والے دنوں میں بھیجا جا سکتا ہے۔ وہاں سے واپس آئے لوگوں نے اپنی آپ بیتی سناتے ہوئے اس بات کا انکشاف کیا کہ انہیں امریکہ جانے کے لیے مجبوراً ’ڈنکی روٹ‘ کا سہارا لینا پڑا تھا۔ دریں اثنا ایک المناک خبر سامنے آ رہی ہے کہ امریکہ پہنچنے کی خواہش میں اسی ’ڈنکی روٹ‘ پر ایک ہندوستانی شہری کی موت ہو گئی ہے۔ امرتسر سے تعلق رکھنے والے اس شخص نے مبینہ طور پر امریکہ پہنچنے کے لیے ایک پاکستانی ایجنٹ کو 20 لاکھ روپے دیے تھے۔ حالانکہ امریکہ پہنچنے سے قبل ہی راستے میں دل کا دورہ پڑنے سے اس کی موت ہو گئی۔
Published: undefined
’ڈنکی روٹ‘ سے امریکہ جانے کے دوران مرنے والے شخص کی پہچان 33 سالہ گرپریت سنگھ کے طور پر ہوئی ہے۔ گرپریت کے اہل خانہ نے اس حوالے سے بتایا کہ ایجنٹ نے اسے ’ایئر روٹ‘ کے ذریعہ امریکہ پہنچانے کا وعدہ کیا تھا لیکن اسے جنگل کے راستے بھیج دیا گیا۔ جنگل کے راستے میں غیر قانونی تارکین وطن کے ذریعہ استعمال کیے جانے والے ’ڈنکی روٹ‘ پر ’گوانٹے مالا‘ کے پاس اس کی موت ہو گئی۔ گھر والوں کے مطابق گرپریت نے پہلے چنڈی گڑھ کے ایک ایجنٹ سے بات کی تھی اور گیانا پہنچانے کے لیے 16 لاکھ روپے دیے تھے۔ گیانا پہنچنے کے بعد گرپریت نے ایک پاکستانی ایجنٹ سے رابطہ کیا۔ ایجنٹ نے اس سے ’ایئر روٹ‘ کے ذریعہ بھیجنے کا وعدہ کر کے اس سے 20 لاکھ روپے وصول کیے، لیکن بعد میں اسے خطرناک جنگل کے راستے کو اپنانے کے لیے مجبور کر دیا۔
Published: undefined
متوفی کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ گرپریت نے پہلے ’ورک پرمٹ‘ پر برطانیہ میں کام کیا تھا۔ حال ہی میں وہ واپس آ گیا تھا اور امریکہ میں سکونت اختیار کرنا چاہتا تھا۔ گرپریت 6 بہنوں کا اکیلا بھائی تھا۔ انگریزی اخبار ’انڈین ایکسپریس‘ نے اہل خانہ کے حوالے سے بتایا کہ ’’گرپریت نے ہمیں ویڈیو کال پر دکھایا کہ اس سفر پر اس کے پیر کے ناخن تک اکھڑ گئے تھے۔ وہ ’گوانٹے مالا‘ کے پاس رکے ہوئے تھے۔ جس صبح وہ نکلنے والے تھے، ٹیکسی میں بیٹھتے ہی اسے سانس لینے میں تکلیف ہونے لگی۔ ایک ساتھی نے ہمیں اس کی موت کی خبر دینے کے لیے فون کیا تھا۔‘‘
Published: undefined
اب گھر والے گرپریت کی آخری رسومات مذہبی طریقے سے ہندوستان میں کرنا چاہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اہل خانہ نے گرپریت کی لاش ہندوستان واپس لانے کے لیے حکومت ہند سے مدد طلب کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پنجاب کے کابینہ وزیر کلدیپ سنگھ دھالیوال نے اتوار (9 فروری) کو متاثرہ کنبہ خانہ سے ملاقات کی ہے۔ دھالیوال نے متاثرہ کنبہ سے اپنی ہمدردی کا اظہار کیا، ساتھ ہی پنجاب کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بیرون ممالک جانے کے لیے ڈنکی روٹ کا استعمال نہ کریں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined