خواتین کے لیے ہندوستان کا سب سے بہتر شہر بنا بنگلورو، ’اوتار‘ رپورٹ میں حاصل کیا سرفہرست مقام
’ٹاپ سٹیز فار ویمن اِن انڈیا (ٹی سی ڈبلیو آئی) کی حالیہ رپورٹ کے مطابق، بنگلورو نے 53.29 کے سٹی انکلوژن اسکور (سی آئی ایس) کے ساتھ پہلا مقام حاصل کیا ہے۔

خواتین کی حفاظت اور کیریئر کے سنہرے مواقع فراہم کرنے کے معاملے میں بنگلورو کو خواتین کے لیے ہندوستان کا بہترین شہر قرار دیا گیا ہے۔ یہ مطالعہ ورک پلیس انکلوژن فرم ’اوتار‘ گروپ کی حالیہ رپورٹ میں جاری کیا گیا ہے۔ ’ٹاپ سٹیز فار ویمن اِن انڈیا‘ (ٹی سی ڈبلیو آئی) کے چوتھے ایڈیشن میں ملک کے 125 شہروں کو شامل کیا گیا ہے۔ اس مطالعہ میں خواتین کی حفاظت کیریئر گروتھ، تعلیم، صحت اور سماجی ثقافتی ماحول سے متعلق سوال پوچھے جاتے ہیں اور انہیں معیاروں کی بنیاد پر شہروں کی درجہ بندی کی جاتی ہے۔
یہ رپورٹ ایک ’لونگیٹیوڈینل انکلوژن انڈیکس‘ کے طور پر تیار کی گئی ہے، جو یہ جائزہ لیتی ہے کہ خواتین کے لیے کون سا شہر کتنا محفوظ اور مواقع سے بھرپور ہے۔ اس انڈیکس کے ذریعے خواتین کی شرکت، حفاظت اور پروفیشنل گروتھ میں وقت کے ساتھ ہونے والی بہتری کی پیمائش کی جاتی ہے، جس میں بنگلورو ان تمام پیمانوں کو بہتر بنانے میں مسلسل کامیاب ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ ’ٹاپ سٹیز فار ویمن اِن انڈیا (ٹی سی ڈبلیو آئی) کی حالیہ رپورٹ کے مطابق، بنگلورو نے 53.29 کے سٹی انکلوژن اسکور (سی آئی ایس) کے ساتھ پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ یہاں خواتین کے لیے محفوظ ماحول کے ساتھ ساتھ کیریئر کے بہترین مواقع اور شمولیتی کام کی جگہیں دستیاب ہیں۔
سرِ فہرست 5 شہر اس طرح ہیں:
بنگلورو: 53.29
چنئی: 49.86
پونے: 46.27
حیدرآباد: 46.04
ممبئی: 44.49
یہ درجہ بندی خواتین کے لیے سازگار شہری ماحول پیدا کرنے میں جنوبی اور مغربی ہندوستان کی مضبوط پوزیشن کو ثابت کرتی ہے۔
واضح رہے کہ سوشل انکلوژن اسکور (ایس آئی ایس) میں تحفظ، صحت، تعلیم، آمد و رفت اور رہنے کے قابل حالات جیسے پہلوؤں کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ جبکہ انڈسٹریل انکلوژن اسکور (آئی آئی ایس) میں خواتین کے لیے سرکاری و نجی ملازمتوں، مہارتوں کی تربیت، افرادی قوت میں شمولیت اور کمپنیوں کی جانب سے دی جانے والی سہولیات کی پیمائش کی جاتی ہے۔
تحقیق کے مطابق جو شہر سماجی اور صنعتی دونوں سطحوں پر بہترین کارکردگی کرتے ہیں، وہ خواتین کے کیریئر ڈیولپمنٹ کے لیے سب سے مناسب ہوتے ہیں۔ چنئی سماجی شمولیت میں سرفہرست رہا، جب کہ صنعتی شمولیت میں بنگلورو سرفہرست رہا۔ رپورٹ کے مطابق خواتین کے لیے سب سے زیادہ لچکدار اور بااختیار ماحول فراہم کرنے میں ٹاپ-10 شہر بنگلورو، چنئی، پونے، حیدرآباد، ممبئی، گروگرام، کولکاتہ، احمدآباد، ترواننت پورم اور کوئمبٹور ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔