خبریں

’سپنا چودھری کانگریس میں بھی ٹھمکے ہی لگائے گی‘، بی جے پی لیڈر کا متنازعہ بیان

ہریانہ کے کرنال سے بی جے پی ممبر پارلیمنٹ اشونی چوپڑا نے مشہور ڈانسر سپنا چودھری کی کانگریس سے قربت کا مذاق اڑاتے ہوئے ان سے متعلق نازیبا الفاظ کا استعمال کیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

ہریانہ میں ہر خاص و عام میں مقبول سنگر اور ڈانسر سپنا چودھری سے متعلق بی جے پی ممبر پارلیمنٹ اشونی چوپڑا نے متنازعہ بیان دیا ہے جس کے بعد ہریانہ کی سیاست میں گرمی پیدا ہو گئی ہے۔ دراصل 22 جون کو سپنا چودھری نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو اَپ لوڈ کیا تھا جس میں وہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نظر آ رہی ہیں اور کہہ رہی ہیں کہ وہ سونیا گاندھی اور راہل گاندھی سے ملاقات کے لیے وقت لینے گئیں تھی اور بہت جلد ان سے ملاقات ہوگی۔ ساتھ ہی ویڈیو میں وہ یہ بھی کہہ رہی ہیں کہ کانگریس کے لیے پورے ملک میں کہیں بھی انتخابی تشہیر کرنے کے لیے تیار ہیں۔ اسی سلسلے میں جب بی جے پی ممبر پارلیمنٹ اشونی چوپڑا سے سوال کیا گیا تو انھوں نے سپنا چودھری اور کانگریس دونوں کو ہی طنز کا نشانہ بنایا اور نازیبا الفاظ کا استعمال کیا۔

اشونی چوپڑا نے میڈیا کے ذریعہ سوال کیے جانے پر جواب دیا کہ ’’کانگریس میں ٹھمکے لگانے والے جو ہیں وہ ٹھمکے ہی لگائیں گے۔ یہ ان کو ہی دیکھنا ہے کہ ٹھمکے لگانے ہیں یا انتخاب جیتنا ہے۔‘‘ کرنال سے ممبر پارلیمنٹ اشونی چوپڑا کے ذریعہ دیا گیا جواب نہ صرف یہ ثابت کرتا ہے کہ سپنا چودھری کی کانگریس سے قربت ہریانہ کی سیاست پر سیدھا اثر ڈالنے والی ہے، بلکہ آئندہ لوک سبھا انتخابات کو بھی اثرانداز کرنے والی ہے۔ سپنا چودھری کے لیے اشونی چوپڑا کا یہ کہنا کہ بھلے ہی وہ کانگریس میں شامل ہو جائیں یا ان کے لیے انتخابی تشہیر کریں لیکن وہاں پر بھی انھیں وہی کام کرنا ہوگا جو ابھی تک لوگوں کے درمیان کرتی آئی ہیں، ان کی تنگ ذہنی کا بھی مظاہرہ کر رہا ہے اور بی جے پی لیڈران کے ذریعہ اس طرح کی بیان بازی کوئی نئی بات نہیں ہے۔

Published: undefined

قابل ذکر ہے کہ سپنا چودھری کے ذریعہ ٹوئٹر پر ڈالا گیا ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ کہتی ہوئی دیکھی جا رہی ہیں کہ ’’سونیا جی مجھے اچھی لگتی ہیں اس لیے میں ان سے ملنا چاہتی ہوں۔ یو پی اے چیئرپرسن نے ملک کو بہت کچھ دیا ہے۔‘‘ اس بیان کے بعد اس طرح کی قیاس آرائیاں تیز ہو گئی ہیں کہ وہ بہت جلد کانگریس میں شامل ہو سکتی ہیں۔ ویڈیو میں میڈیا کے ذریعہ کیے گئے ایک سوال کے جواب میں سپنا یہ بھی کہتی ہوئی نظر آتی ہیں کہ ’’آنے والے وقت میں ہریانہ یا پھر ملک بھر میں کانگریس کے لیے انتخابی تشہیر کر سکتی ہوں۔‘‘ حالانکہ سیاست میں قدم رکھنے کے بارے میں فی الحال انھوں نے انکار کر دیا لیکن یہ امکان ضرور ظاہر کیا کہ مستقبل میں وہ ایسا کر سکتی ہیں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined