
چائے پیتے ہوئے خوشگوار ماحول میں گفتگو کرتے ہوئے اراکین پارلیمنٹ، تصویر @ombirlakota
پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس آج اختتام پذیر ہو گیا۔ کام کے آخری دن لوک سبھا میں ہنگامہ کے سبب کوئی آئینی کام نہیں ہوا اور اسپیکر اوم برلا نے کارروائی غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔ تھوڑی دیر بعد ہی راجیہ سبھا کی کارروائی بھی چیئرمین سی پی رادھاکرشنن کے ذریعہ ملتوی کر دی گئی۔ بعد ازاں لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے اپنے کمرے میں ارارکین پارلیمنٹ کو چائے پر مدعو کیا۔ اس میٹنگ میں وزیر اعظم نریندر مودی، کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی، مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، سماجوادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ دھرمیندر یادو سمیت مختلف پارٹیوں کے کئی دیگر اراکین پارلیمنٹ بھی شامل ہوئے۔
Published: undefined
اس میٹنگ کی کچھ تصویریں اور ویڈیوز سامنے آئی ہیں، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک صوفہ پر اوم برلا اور پی ایم مودی ساتھ بیٹھے ہیں۔ پی ایم مودی کے بائیں طرف مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اور وزیر دفاع کے بائیں طرف پرینکا گاندھی بیٹھی ہوئی ہیں۔ باقی اراکین پارلیمنٹ کچھ فاصلے پر بیٹھ کر چائے پی رہے ہیں اور خوشگوار ماحول میں کچھ ہلکی پھلکی باتیں بھی ہو رہی ہیں۔
Published: undefined
ہندی نیوز پورٹل ’اے بی پی‘ پر شائع ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ میٹنگ کے دوران بات چیت کی شروعات پی ایم مودی کے حالیہ ایتھوپیا دورے سے ہوئی۔ انھوں نے وہاں کی راجدھانی کی تعریف کرتے ہوئے اسے بے حد خوبصورت بتایا۔ پی ایم مودی کی بات پر پرینکا گاندھی نے اتفاق کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ جگہ واقعی بہت اچھی ہے۔ اس درمیان پرینکا گاندھی نے کیرالہ کے وائناڈ کی ایک خاص شئے کا ذکر کیا۔ انھوں نے نیلی ہلدی کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ وہ اسے مستقل استعمال کرتی ہیں، کیونکہ اس سے گلے کو آرام ملتا ہے۔ خصوصاً آلودگی کے منفی اثرات سے بچانے میں نیلی ہلدی کافی فائدہ مند ہے۔ پرینکا گاندھی کی یہ بات سن کر میٹنگ میں موجود اراکین پارلیمنٹ مسکراتے ہوئے نظر آئے۔
Published: undefined
اس میٹنگ میں کچھ اہم مشورے بھی پیش کیے گئے۔ مثلاً کانگریس رکن پارلیمنٹ کماری شیلجا نے نئے پارلیمنٹ ہاؤس میں سنٹرل ہال بنائے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سنٹرل ہال ہونے سے اراکین پارلیمنٹ کے درمیان بات چیت کا ماحول بنے گا اور پارلیمنٹ کا ماحول بھی بہتر ہوگا۔ اس مشورہ پر کئی اراکین پارلیمنٹ نے اپنا اتفاق ظاہر کیا۔ میٹنگ میں پرینکا گاندھی کا ایک بیان بہت دلچسپ تھا، جس پر پی ایم مودی سمیت کئی اراکین پارلیمنٹ ہنسے بغیر نہیں رہ سکے۔ دراصل پرینکا گاندھی نے مسکراتے ہوئے کہا کہ وہ ملیالم زبان سیکھ رہی ہیں، تاکہ اپنے علاقہ کے لوگوں سے بات چیت کر سکیں۔ اس بیان سے میٹنگ ہال کا ماحول بہت ہلکا اور خوشگوار ہو گیا۔
Published: undefined
تصویر: محمد تسلیم