جئے رام رمیش / آئی اے این ایس
پاکستان کے ذریعہ حمایت یافتہ دہشت گردی کو ’آپریشن سندور‘ کے ذریعہ ہندوستانی مسلح افواج نے منھ توڑ جواب دے دیا ہے۔ اب ہندوستان کی سبھی سیاسی پارٹیاں متحد ہو کر ہندوستانی افواج کو سلام پیش کر رہی ہیں۔ اس درمیان مرکزی حکومت نے 8 مئی کو کُل جماعتی میٹنگ طلب کی ہے جس میں سبھی پارٹیوں کے سرکردہ لیڈران کی شرکت یقینی ہے۔ اس درمیان کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے امید ظاہر کی ہے کہ اِس مرتبہ کُل جماعتی میٹنگ میں پی ایم مودی شریک ہوں گے اور سبھی پارٹیوں کو بھروسے میں لے کر گفتگو ہوگی۔
Published: undefined
دراصل پہلگام دہشت گردانہ حملہ کے بعد بھی کُل جماعتی میٹنگ ہوئی تھی، لیکن اس میں پی ایم مودی کی شرکت نہیں ہو پائی تھی۔ اس کا تذکرہ کرتے ہوئے جئے رام رمیش نے کہا کہ ’’ہم نے 24 اپریل کو کُل جماعتی میٹنگ کا مطالبہ کیا تھا۔ اسی دن کُل جماعتی میٹنگ طلب کی گئی تھی۔ ہمیں امید تھی کہ وزیر اعظم اس کی صدارت کریں گے، لیکن کسی وجہ سے وزیر اعظم موجود نہیں تھے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’آپریشن سندور کے بعد کل پھر سے کُل جماعتی میٹنگ ہوگی۔ ہم امید کرتے ہیں کہ کل وزیر اعظم اس میٹنگ کی صدارت کریں گے اور سبھی سیاسی پارٹیوں کو اعتماد میں لے کر بات چیت کریں گے۔‘‘ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ اس میٹنگ میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی بھی شریک ہوں گے۔
Published: undefined
اس درمیان جئے رام رمیش نے دہشت گردی کے خلاف حکومت ہند کے ذریعہ کی گئی کارروائی کو واجب ٹھہرایا۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ’’آج ملک میں اتحاد و یکجہتی کی بہت ضرورت ہے۔ ہم نے آج کانگریس مجلس عاملہ کی میٹنگ میں اپنی کئی سیاسی تقاریب پر روک لگانے کا فیصلہ لیا ہے۔ ہم حکومت کے ساتھ ہیں۔ حکومت جو بھی قدم اٹھائے گی، ہم اس کی حمایت کرتے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ہم سیکورٹی فورسز کا حوصلہ کمزور نہیں ہونے دیں گے۔ ہم فوج کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے۔‘‘
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined