قومی خبریں

’وشوگرو کی خاموشی ناقابل قبول‘، نیتن یاہو کے ہندوستان کی حمایت والے بیان پر کانگریس کا سخت ردعمل

امریکی نیوز چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں نیتن یاہو نے کہا کہ ’’اسرائیل کو صرف امریکہ کی ہی نہیں بلکہ ہندوستان جیسے دیگر ممالک کی بھی حمایت حاصل ہے۔‘‘

کانگریس کے سینئر لیڈر جے رام رمیش / آئی اے این ایس
کانگریس کے سینئر لیڈر جے رام رمیش / آئی اے این ایس 

اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو کی طرف سے ہندوستان کی حمایت کا دعویٰ کیے جانے کے بعد کانگریس نے وزیر اعظم مودی اور مرکزی حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے اس حوالے سے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس جو اسرائیل پر سوال اٹھا رہے ہیں، نے ابھی کہا ہے کہ امریکہ کے علاوہ اسرائیل کا اب کوئی طاقتور اتحادی باقی نہیں بچا ہے۔ اب اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو نے اس دعوے کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی نائب صدر غلط ہیں اور اسرائیل کو ہندوستان میں زبردست حمایت حاصل ہے۔‘‘

Published: undefined

کانگریس لیڈر نے اپنی پوسٹ میں نیتن یاہو کے مذکورہ دعوے کو غلط ٹھہرایا۔ ساتھ ہی کہا کہ ’’اس میں کوئی شک نہیں کہ اسرائیل ’مودانی سامراجیہ‘ میں گہرائی تک سرایت ہو چکا ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی اس کی اندھی تقلید کرتے ہیں۔ لیکن کروڑوں ہندوستانی غزہ میں اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی نسل کشی کی مذمت کرتے ہیں، جس میں بچوں تک کو نہیں بخشا گیا ہے۔ مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کو جبراً بے دخل اور بے گھر کیے جانے کی مذمت کرتے ہیں۔ ایران پر کیے گئے فضائے حملوں کی مذمت کرتے ہیں، جن میں ’ٹارگٹڈ کلنگ‘ بھی شامل ہیں اور جنوبی لبنان میں چلائی گئی اس کی وحشیانہ فوجی مہم کی بھی مذمت کرتے ہیں۔ یہ سب انسانیت پر براہ راست حملے ہیں۔‘‘

Published: undefined

کانگریس کے راجیہ سبھا رکن جے رام رمیش نے مزید لکھا کہ ’’خود ساختہ، ایوارڈز کے بھوکے ’وشوگرو‘ کی اسرائیل کی ان کارروائیوں پر پتھر جیسی خاموشی ہندوستان کی تہذیبی وراثت اور اقدار کے ساتھ غداری ہے۔ یہ مکمل طور پر ناقابل قبول ہے۔‘‘ ان کے مطابق وزیر اعظم نیتن یاہو سے تمغہ ملنا کوئی اعزاز کی بات نہیں ہے، خاص طور پر تب جب وہ خود بین الاقوامی سطح پر الگ تھلگ پڑ چکے ہیں اور وزیر اعظم مودی کے وائٹ ہاؤس والے اچھے دوست تک کے دل میں بھی ان کے تئیں مایوسی اور غصہ ہے۔

Published: undefined

قابل ذکر ہے کہ امریکی نیوز چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں نیتن یاہو نے کہا کہ ’’اسرائیل کو صرف امریکہ کی ہی نہیں بلکہ ہندوستان جیسے دیگر ممالک کی بھی حمایت حاصل ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک چھوٹا ملک نہیں بلکہ 1.4 ارب آبادی والا ملک ہے اور وہاں سے انہیں زبردست حمایت ملتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی  کہا کہ سوشل میڈیا، خاص طور سے ’فیس بک‘ پر انہیں ہندوستان سے بڑی تعداد میں حمایتی پیغام موصول ہوتے ہیں۔

Published: undefined

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined