ہندوستانی پائلٹ کیپٹن اسمت مچھار کو یو اے ای نے ’آرڈر آف زائد دوم‘ ایوارڈ سے نوازا

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے اسمت مچھار سمیت طیارہ کے دیگر عملے کے اراکین کو درجہ اول کے ’آرڈر آف زاید دوم‘ اعزاز سے نوازا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>کیپٹن اسمت مچھار ایوارڈ حاصل کرتے ہوئے (ویڈیو گریب)</p></div>
i

’فلائی دبئی‘ کی پرواز کو ہائی جیک ہونے سے بچانے کے لیے اپنی جان داؤ پر لگانے کو تیار ہندوستانی پائلٹ کیپٹن اسمت مچھار کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے اپنے اعلیٰ ترین اعزاز سے نوازا ہے۔ صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے اسمت مچھار سمیت طیارہ کے دیگر عملے کے اراکین کو درجہ اول کے ’آرڈر آف زاید دوم‘ اعزاز سے نوازا ہے۔

دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے طیارہ کے عملے کو یہ اعزاز پیش کیا۔ دبئی میڈیا آفس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اس کی اطلاع دی۔ یو اے ای کی قیادت نے عملے کی فوری کارروائی، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’’مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانا ملک کی اعلیٰ ترین ترجیحات میں شامل ہے۔ صدر نے عملے کے اراکین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر یو اے ای کے نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد المکتوم سمیت اعلیٰ حکام موجود تھے۔‘‘


واضح رہے کہ یہ اعزاز 30 ستمبر کو فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ 1073 میں پیش آئے واقعے کے بعد دیا گیا ہے۔ دبئی سے تل ابیب جا رہے طیارہ کے کاک پٹ میں شریک پائلٹ نے کیپٹن اسمت مچھار پر حملہ کر دیا تھا اور طیارہ کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تھی۔ یو اے ای کے استغاثہ کی تحقیقات کے مطابق ملزم کا ارادہ طیارہ کو اسرائیل کے بین گوریون ہوائی اڈے پر گرا کر بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان پہنچانے کا تھا۔

شدید طور پر زخمی ہونے کے باوجود کیپٹن اسمت مچھار کاک پٹ کا دروازہ کھولنے میں کامیاب ہو گئے۔ اس کے بعد عملے کے دیگر اراکین اور مسافروں نے مداخلت کر کے حملہ آور کو قابو میں کر لیا۔ طیارہ کا رخ سعودی عرب کے تبوک ہوائی اڈے کی جانب موڑ دیا گیا، جہاں اسے بحفاظت اتارا گیا۔ اس واقعہ میں طیارہ میں سوار مسافروں اور عملے کے اراکین کی جان بچ گئی۔ واقعہ کے بعد شیخ حمدان نے اسپتال میں کیپٹن اسمت مچھار سے ملاقات کی اور ان کی بہادری اور انسانی جانوں کے تحفظ کے تئیں عزم کی تعریف کی تھی۔ ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی اور اسرائیل کے وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو نے بھی ان کی بہادری کی ستائش کی تھی۔ اسرائیل کے صدر اسحاق ہرزوگ نے بھی کیپٹن اسمت مچھار کے صحت یاب ہونے کے بعد انہیں ملک کے شہری بہادری کے اعزاز سے نوازنے کا اعلان کیا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔