دبئی کے ولی عہد نے ہندوستانی پائلٹ کیپٹن اسمت مچھار سے ملاقات کر پیشانی پر بوسہ دیا اور کہا ’ہمیں فخر ہے‘
دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے ’ایکس‘ پر ڈالی گئی اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’ہماری اور ملک کی قیادت کی جانب سے، ہم کیپٹن مچھار کے تئیں مکمل احترام اور تعریف کا اظہار کرتے ہیں۔‘‘

دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے ہفتہ (3 اکتوبر) کے روز ’فلائی دبئی‘ کے طیارہ واقعہ کے ہیرو اور ہندوستانی پائلٹ کیپٹن اسمت مچھار سے اسپتال میں ملاقات کی۔ اسپتال میں ملاقات کے دوران ولی عہد نے پائلٹ کیپٹن مچھار کو گلے لگایا، ان کی پیشانی کو بوسہ دیا، بات چیت کی اور ان کی بہادری کی بھرپور تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہمیں فخر ہے کہ وہ ہماری ٹیم کا حصہ ہیں۔‘‘
ولی عہد نے ہندوستانی پائلٹ کیپٹن مچھار سے اسپتال میں ملاقات کے دوران کی تصاویر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کی ہیں۔ اپنی پوسٹ میں انہوں نے لکھا ہے کہ ’’کیپٹن مچھار سے ملاقات کے دوران... فلائی دبئی کے اس پائلٹ سے، جنہوں نے بہادری، ذمہ داری اور انسانی زندگی کے تئیں حساسیت کی سب سے بڑی مثال پیش کی ہے۔‘‘ دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے اپنی پوسٹ میں یہ بھی لکھا ہے کہ ’’ہماری اور ملک کی قیادت کی جانب سے، ہم ان کے تئیں مکمل احترام اور تعریف کا اظہار کرتے ہیں۔ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ وہ ہماری ٹیم کا حصہ ہیں، ہمارے ملک کی کہانی کا حصہ ہیں اور رحم دلی، امن و زندگی سے بھرپور ہمارے ملک متحدہ عرب امارات کی اقدار کا حصہ ہیں۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ ہندوستانی پائلٹ کیپٹن اسمت مچھار دبئی سے اسرائیل کے تل ابیب جا رہی فلائی دبئی کی فلائٹ ’ایف زیڈ 1073‘ کے کیپٹن تھے۔ اسی طیارے کے شریک پائلٹ عمانی شہری حمام الحماسی نے فلائٹ کو کریش کرنے کی کوشش کے تحت اچانک کاک پٹ میں رکھی ’کریش ایکس‘ سے کیپٹن مچھار پر حملہ کر دیا تھا۔ کاک پٹ میں دونوں پائلٹوں کے درمیان ہوئی ہاتھا پائی کے دوران طیارہ چند ہی منٹوں میں اپنی مقررہ بلندی سے ہزاروں فٹ نیچے گر گیا تھا اور حادثے کی جانب بڑھ رہا تھا۔ لیکن کیپٹن مچھار نے شریک پائلٹ کے حملے میں شدید زخمی ہونے کے باوجود غیر معمولی حاضر دماغی اور حوصلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے کاک پٹ کا دروازہ کھول دیا۔ اس کے بعد طیارے میں موجود مسافر کاک پٹ میں داخل ہوئے اور حملہ آور کو قابو میں کر لیا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
