قومی خبریں

نبی کی شان میں گستاخی کرنے والا مذہبی نہیں، بلکہ منافرت پھیلانے والا دہشت گرد ہے: ڈاکٹر ایوب

ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ ہمارا ملک ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے یہاں سبھی مذاہب کو مساوی حقوق حاصل ہیں، کسی مذہب کے خلاف منافرت پھیلانا جرم ہے۔ مگر موجودہ حکومت کو یہ جرم نظر نہیں آرہا ہے۔

ڈاکٹر ایوب سرجن، تصویر ٹوئٹر@ppayub
ڈاکٹر ایوب سرجن، تصویر ٹوئٹر@ppayub 

پرتاپ گڑھ: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات سب سے افضل اور دنیا کو انسانیت و خواتین کے وقار کی پیروی کرنے والے وہ نبی ہیں جنہوں نے سب سے پہلے خواتین کو عزت بخشی۔ آج جو لوگ مذہب اسلام اور ان کے پیغمبرؐ کے خلاف نفرت و بغض میں اندھے ہوکر ان کی شان میں گستاخی کر رہے وہ مذہبی نہیں ہو سکتے، بلکہ منافرت پھیلانے والے دہشت گرد ہیں۔ نرسنگھا نند سرسوتی بھی ایک دہشت گرد ہے جو ملک کی خیر سگالی کی فضا درہم برہم کرنے میں کوشاں ہے۔ یہاں سوال یہ ہے کہ مسلسل نبی کی شان میں گستاخی کرنے والوں کے سروں پر کس کا ہاتھ ہے؟ پیس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ایوب سرجن نے جاری پریس ریلیز کے ذریعہ مذکورہ تاثرات کا اظہار کیا۔

Published: undefined

ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ پیس پارٹی ایسے شخص کی چاہے کسی مذہب سے تعلق رکھتا ہو اگر وہ کسی عظیم مذہبی شخصیات و پیغمبر یا دیوتاوں کی شان میں گستاخی کرتا ہے تو وہ قابل مذمت ہے، حکومت ایسے منافرت پھیلانے والے شخص کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرے، لیکن شاید موجودہ حکومت میں بیٹھے لوگ جو نرسنگھا نند سرسوتی کی سرپرستی کر رہے ہیں اس کے خلاف کارروائی نہیں ہونے دیں گے۔

Published: undefined

تاریخ گواہ ہے کہ جب مکہ فتح ہوگیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مشرکین کو معاف ہی نہیں کیا بلکہ آزاد کرنے کا فرمان سنایا۔ یہ سن کر مشرکین مکہ کی آنکھیں فرط ندامت سے اشکبار ہوگئیں۔ اسلام زور زبردستی نہیں بلکہ حسن اخلاق و محبت سے پھیلا ہے۔ اسلام دشمنوں کے ذریعہ نبی کریم کی شان میں گستاخی و اہانت آمیز خاکہ تیار کرنا اور اشاعت سراسر بے حیائی و بدترین دہشت گردی ہے۔ ہمارا ملک ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے یہاں سبھی مذاہب کو مساوی حقوق حاصل ہیں، کسی مذہب کے خلاف منافرت پھیلانا جرم ہے۔ مگر موجودہ حکومت کو یہ جرم نظر نہیں آرہا ہے۔

Published: undefined

انہوں نے کہا کہ جو مذہب اسلام پر شدت پسندی کا الزام عائد کرتے ہیں وہ دراصل اسلام دشمنی میں اندھے ہیں۔ نرسنگھا نند سرسوتی نبی کی شان میں گستاخی کر اسلام دشمنوں کو خوش کرنے کی کوشش کی ہے۔ ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ پیس پارٹی حکومت سے نرسنگھا نند کی فوراً گرفتاری و مقدمہ چلانے اور اس کی تحقیق کرے کی کون سی ملک دشمن طاقت ہے جو ملک میں منافرت پھیلا کر افراتفری کا ماحول پیدا کرنا چاہتی ہے۔ پیس پارٹی یہ برداشت نہیں کرے گی کہ کوئی ملک میں منافرت پھیلا کر افراتفری کا ماحول پیدا کرے، وہ ایسے بد کردار لوگوں جو پیغمبر و عظیم شخصیات کی شان میں گستاخی کر رہے ہیں، کے خلاف عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائے گی۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined