خدا بخش لائبریری کو بچانے کی مہم تیز، سابق آئی پی ایس امیتابھ داس نے صدر جمہوریہ کو لوٹایا پولیس میڈل

سابق آئی پی ایس امیتابھ کمار داس نے کہا کہ خدا بخش اورینٹل پبلک لائبریری کو منہدم ہونے سے بچانے کے لئے شروع کی گئی مہم "ہر شخص، خدا بخش" کے تحت انہوں نے صدر جمہوریہ کو اپنا پولیس میڈل واپس کر دیا ہے۔

امیتابھ کمار داس، تصویر نیاز عاکم
امیتابھ کمار داس، تصویر نیاز عاکم
user

نیاز عالم

تاریخی خدا بخش اورینٹل پبلک لائبریری کے ایک بڑے حصے کو بہار حکومت کے ذریعہ منہدم کرنے کے منصوبے کے خلاف سابق آئی پی ایس آفیسر امیتابھ کمار داس نے ایک بڑا فیصلہ لیتے ہوئے اپنا پولیس میڈل صدر جمہوریہ ہند کو واپس کر دیا ہے۔

خدا بخش لائبریری کو بچانے کی مہم تیز، سابق آئی پی ایس امیتابھ داس نے صدر جمہوریہ کو لوٹایا پولیس میڈل

امیتابھ کمار داس نے ملک کے صدر رام ناتھ کووند کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے بدعنوان ٹھیکیداروں اور ٹینڈر مافیہ کے حکم پر پٹنہ میں تاریخی خدا بخش لائبریری کے کچھ حصوں کو مسمار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ خدا بخش لائبریری پوری انسانیت کی میراث ہے۔ یہ ہندوستان کی گنگا - جمنی تہذیب کی علامت ہے۔ پورا بہار اس پر فخر کرتا ہے۔ ایک کتابوں سے محبت کرنے والے کی حیثیت سے مجھے حکومت بہار کے فیصلے سے گہرا صدمہ ہوا ہے۔ میں نے ایک عرصہ تک آئی پی ایس آفیسر کی حیثیت سے ملک کی خدمت کی ہے، نتیش حکومت کے ذریعہ پٹنہ کی خدا بخش لائبریری کو زمیں دوز کرنے کے فیصلہ کے خلاف میں بھارت سرکار کے ذریعہ دیئے گئے پولیس میڈل کو واپس کر رہا ہوں۔ "


اس سلسلے میں سابق آئی پی ایس امیتابھ کمار داس نے ’قومی آواز‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ خدا بخش اورینٹل پبلک لائبریری کو منہدم ہونے سے بچانے کے لئے شروع کی گئی مہم "ہر شخص، خدا بخش" کے تحت، انہوں نے صدر جمہوری ہند کو اپنا پولیس میڈل واپس کر دیا ہے۔ امیتابھ داس نے کہا کہ انہوں نے ملک بھر میں تعلیم اور ادب سے وابستہ لوگوں سے اپیل کی ہے کہ جنھیں پدم شری یا ساہتیہ اکیڈمی ایوارڈ ملا ہے، وہ بھی خدا بخش اورینٹل پبلک لائبریری کو منہدم ہونے سے بچانے کے لئے حکومت کو اپنے اعزاز واپس کردیں، تاکہ خدا بخش اورینٹل پبلک لائبریری کو منہدم ہونے سے بچایا جاسکے۔

بتا دیں کہ کارگل چوک سے این آئی ٹی تک ٹریفک جام کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے، بہار راجیہ پل نرمان نگم کے ذریعہ ایک فلائی اوور تعمیر کرنا ہے۔ اس کے تحت خدا بخش پبلک لائبریری کے آگے کے ایک حصہ کا گارڈن سمیت کرجن ریڈنگ روم کو منہدم کیا جانا ہے۔ اس کے خلاف سابق آئی پی ایس امیتابھ کمار داس کی تنظیم بہار وپلوی پریشد نے اس تحریک کا آغاز کیا ہے۔ امیتابھ داس نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ آخر تک یہ جنگ لڑیں گے اور اسی کے تحت انہوں نے اپنا پولیس میڈل صدر جمہوری کو واپس کر دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 12 Apr 2021, 11:11 AM
/* */