چین نے چھوٹے علاقوں کو تباہ کرنے والا نیوکلیائی بم کیا تیار، ایک رپورٹ میں انکشاف
امریکہ کا دعویٰ ہے کہ چین 2030 تک 1000 سے زائد نیوکلیئر وارہیڈ بنانے لائق فیسائل مٹیریل جمع کر سکتا ہے۔ حالانکہ چین نے اس طرح کے الزامات کو خارج کر دیا ہے۔

چین کے نیوکلیائی پروگرام سے متعلق امریکہ نے ایک اہم انکشاف کیا ہے۔ امریکہ نے الزام عائد کیا ہے کہ چین نے 22 جون 2020 کو شنجیانگ خطہ کے لوپ نور میں خفیہ طریقے سے اور کم صلاحیت والا نیوکلیائی تجربہ کیا تھا۔ امریکی افسران کی رپورٹ کے مطابق یہ دھماکہ زمین کے نیچے ہوا اور اس کی شدت 2.75 میگنی ٹیوڈ درج کی گئی۔ ان کا اندازہ ہے کہ اس دھماکہ کی صلاحیت 5 سے 10 ٹن ٹی این ٹی کے برابر تھی۔
قابل ذکر ہے کہ جاپان کے ہیروشیما پر 1945 میں گرائے گئے بم کی صلاحیت 15 کلوٹن تھی۔ یعنی امریکہ کا دعویٰ ہے کہ چین کا تازہ تجربہ ہیروشیما بم سے تقریباً 1500 گنا چھوٹا ضرور تھا، لیکن اس کے باوجود یہ کسی چھوٹے علاقہ کو زبردست نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ جنیوا میں تخفیف اسلحہ سمیلن کے دوران امریکہ کے معاون وزیر خارجہ کرسٹوفر ییو نے اپنے اس بیان سے دنیا کو فکر مند کر دیا ہے کہ چین تیزی سے اپنا نیوکلیائی ذخیرہ بڑھا رہا ہے۔
امریکہ کا دعویٰ ہے کہ چین 2030 تک 1000 سے زیادہ نیوکلیئر وارہیڈ بنانے لائق فیسائل مٹیریل جمع کر سکتا ہے۔ کرسٹوفر ییو نے یہ بھی کہا کہ آنے والے 4 سے 5 سالوں میں چین نیوکلیائی صلاحیت میں برابری کی سطح تک پہنچ سکتا ہے۔ حالانکہ انھوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ برابری سے ان کا مطلب کس ملک سے ہے۔
اس درمیان چین نے ان الزامات کو خارج کر دیا ہے۔ اقوام متحدہ میں چین کے سفیر شین جیان نے کہا کہ امریکہ کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ چین کسی بھی ملک کے ساتھ نیوکلیائی اسلحوں کی دوڑ میں شامل نہیں ہوگا اور اس کا نیوکلیائی ذخیرہ امریکہ اور روس جتنا بڑا نہیں ہے۔ امریکہ اور روس کے درمیان ’نیو اسٹارٹ معاہدہ‘ 5 فروری کو ختم ہو گیا۔ یہ دونوں ممالک کے درمیان آخری بڑا نیوکلیائی اسلحہ پر کنٹرول سے متعلق معاہدہ تھا۔ اس معاہدہ کے تحت دونوں ممالک کو 1550 تعینات نیوکلیئر وارہیڈ تک محدود رکھا گیا تھا۔ حالانکہ دونوں ممالک کے پاس مجموعی طور پر 10 ہزار سے زیادہ نیوکلیائی اسلحے ہیں۔
بہرحال، کیمبرج سے منسلک ایک سائنٹفک اسٹڈی کے مطابق ایک ٹن نیوکلیائی دھماکہ سے تقریباً 150 میٹر تک کے علاقہ کو برباد کیا جا سکتا ہے۔ اسی طرح ایک کلوٹن دھماکہ سے 440 میٹر دوری تک تقریباً 3000 ریڈ نیوکلیائی ریڈیشن پہنچتا ہے، جو بے حد خطرناک ہے۔ ایسے میں 5 کلوٹن کے دھماکہ سے محفوظ رہنے کے لیے کم از کم 2 کلومیٹر دور ہونا ضروری مانا جاتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔