قومی خبریں

گنگا صفائی کے لیے تامرگ بھوک ہڑتال کر رہے سوامی سانند کا انتقال

سوامی گیان سوروپ سانند گنگا کو آلودگی سے پاک کرنے اور اس میں ہونے والی کھدائی کو روکنے کے لیے پابند عہد تھے۔ انھوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط بھی لکھا تھا، لیکن کوئی سنوائی نہیں ہوئی۔

تصویر سوشل
تصویر سوشل 

گنگا کو آلودگی سے پاک کرنے کے لیے 22 جون سے تامرگ بھوک ہڑتال پر رہے جی ڈی اگروال کا 11 اکتوبر کو انتقال ہو گیا۔ 86 سالہ جی ڈی اگروال کو سوامی گیان سوروپ سانند کے نام سے بھی جانا جاتا ہے اور وہ گنگا کی صفائی سے متعلق وزیر اعظم نریندر مودی کو خط بھی لکھ چکے تھے۔ طویل مدت سے جاری بھوک ہڑتال کے سبب وہ بہت کمزور ہو گئے تھے اور ہریدوار سے دہلی لاتے وقت راستے میں ان کا انتقال ہو گیا۔ وہ آئی آئی ٹی کانپور میں فیکلٹی اور انڈین سنٹرل پولیوشن کنٹرول بورڈ کے رکن بھی رہ چکے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ’مودی جی! گنگا سے کیا وعدہ نبھاؤ ورنہ پروفیسر اگروال کی موت یقینی ہے‘

سوامی سانند اس وقت سنیاسی کی زندگی گزار رہے تھے اور گنگا کو بچانے کی مہم میں مصروف تھے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق گزشتہ منگل یعنی 9 اکتوبر کو انھوں نے پانی پینا بھی چھوڑ دیا تھا جس کے سبب بدھ کو انتظامیہ نے جبراً انھیں رشی کیش اسپتال میں داخل کرایا تھا۔ وہ ہریدوار کے ’ماتری سدن آشرم‘ میں بھوک ہڑتال کر رہے تھے۔

Published: undefined

ہریدوار سے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر رمیش پوکھریال نشنک نے ان سے گزارش کی تھی کہ وہ پانی پینا نہ چھوڑیں لیکن سابق پروفیسر نے ان کی بات نہیں مانی۔ رپورٹس کے مطابق مرکزی وزیر نتن گڈکری نے بھی تین بار مرکزی وزیر اوما بھارتی کو بطور نمائندہ بھیج کر ان سے بھوک ہڑتال ختم کرنے کی گزارش کی تھی۔ اوما بھارتی ماتری سدن آشرم میں ان سے ملی تھیں۔ تمام کوششوں کے باوجود سوامی گیان سوروپ سانند نے بھوک ہڑتال نہیں چھوڑی اور گڈکری سے فون پر کہا تھا کہ ایکٹ نافذ ہونے تک بھوک ہڑتال جاری رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں: گنگا کی آلودگی، ڈاکٹر جی ڈی اگروال کی بھوک ہڑتال اور مودی حکومت کی جملے بازی

دراصل سوامی سانند گنگا کی آلودگی، اس میں ہونے والی غیر قانونی کھدائی جیسے ایشوز پر بھوک ہڑتال کر رہے تھے۔ اسی سال فروری میں انھوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر گنگا کے لیے الگ سے قانون بنانے کا مطالبہ کیا تھا۔ وہ اس سے قبل بھی بھوک ہڑتال کر چکے تھے۔ 2012 میں تا مرگ بھوک ہڑتال پر بیٹھے سانند نے حکومت کی جانب سے مطالبات مان لیے جانے کی یقین دہانی کے بعد بھوک ہڑتال ختم کی تھی۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined