قومی خبریں

تیستا سیتلواڈ کی ضمانت عرضی پر سپریم کورٹ نے گجرات حکومت کو جاری کیا نوٹس، آئندہ سماعت 25 اگست کو

سپریم کورٹ کے ذریعہ ذکیہ جعفری معاملے میں دیے گئے فیصلے کی بنیاد پر تیستا سیتلواڈ، آر بی شری کمار اور سنجیو بھٹ کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔سول سوسائٹی کے کچھ لوگ اس کی شدید مخالفت کر رہے ہیں۔

تیستا سیتلواڈ، تصویر آئی اے این ایس
تیستا سیتلواڈ، تصویر آئی اے این ایس 

تیستا سیتلواڈ کی ضمانت عرضی پر سپریم کورٹ نے گجرات حکومت کو نوٹس جاری کر جواب مانگا ہے۔ 2002 کے گجرات فسادات کے لیے اس وقت کے وزیر اعلیٰ نریندر مودی کو پھنسانے کی سازش تیار کرنے اور اس کے لیے جھوٹے ثبوت تیار کرنے کے الزام میں گرفتار تیستا جیل میں بند ہیں اور اپنی ضمانت کے لیے عدالت میں عرضی داخل کی ہے۔ ذیلی عدالت میں ان کی عرضی کو مسترد کر دیا گیا، جس کے بعد انھوں نے سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی ہے۔ اس پر عدالت عظمیٰ نے گجرات حکومت کو نوٹس جاری کیا اور اس پورے معاملے پر آئندہ 25 اگست کو سماعت کرنے کا اعلان کیا۔

Published: undefined

واضح رہے کہ ذکیہ جعفری کی عرضی خارج کرتے ہوئے سپریم کورٹ کی طرف سے کیے گئے سخت تبصروں کے بعد تیستا سیتلواڈ کو 26 جون کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ تیستا سیتلواڈ پر الزام ہے کہ انھوں نے ذکیہ جعفری کی عرضی کو بنیاد بنا کر فرضی دستاویزوں کو صحیح بتا کر قانونی عمل کا غلط استعمال کرتے ہوئے گجرات فسادات کے بارے میں پولیس کو بے بنیاد جانکاری دی تھی۔ اس کے ساتھ ہی تیستا پر گجرات فسادات کے معاملوں میں بے قصور لوگوں کو پھنسانے کے لیے مبینہ طور سے غلط دستاویزات تیار کرنے کا بھی الزام ہے۔

Published: undefined

دراصل سپریم کورٹ کے ذریعہ ذکیہ جعفری معاملے میں دیئے گئے فیصلے کی بنیاد پر تیستا سیتلواڈ، آر بی شری کمار اور سنجیو بھٹ کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ سول سوسائٹی کے کچھ لوگ اس کی شدید مخالفت کر رہے ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ ایف آئی آر کو خارج کیا جائے۔ اس ایف آئی آر کی بنیاد پر تیستا سیتلواڈ اور آر بی شری کمار کو گرفتار کیا گیا ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined