
میڈیا میں ہوٹل ملازمین کے حوالہ سے یہ خبر گشت کر رہی ہے کہ مشہور بالی وڈ اداکارہ شری دیوی موت سے پہلے دو دن تک اپنے ہوٹل کے کمرے سے باہر نہیں نکلی تھیں اور بونی کپور کے کہنے پر وہ ان کے ساتھ چلنے کے لئےتیار ہوئی تھیں۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ جس وقت وہ جانے کی غرض سے تیار ہونے کے لئے واش روم میں گئیں اس وقت وہ نشہ کی حالت میں تھیں اور بیلنس بگڑنے کی وجہ سے وہ باتھ ٹب میں گر گئیں۔
متحدہ عرب امارات میں ہندوستان کے سفیر نودیپ سوری نے ٹویٹ بھی کیا اور کئی ٹی وی چینل پر یہ بات کہی ہے کہ شری دیوی کی لاش کو تمام ضروری کارروائیوں کو پورا کئے جانے کے بعد گھر والوں کو ہندوستان لے جانے کے لئے دے دیا جائے گا۔ انہوں نے مشورہ دیا ہے کہ اس میں غیر ضروری قیاس لگانے کی ضرورت نہیں ہے’’ شری دیوی کی اچناک ہوئی موت پر ذرائع ابلاغ کی دلچسپی فطری بات ہے لیکن اس بارے میں بے بنیاد قیاس لگانے سے کچھ حاصل نہیں ہو گا‘‘۔
ادھر شری دیوی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ممبئی میں ان کے دیور انل کپور کے گھر فلمی ہستیوں کا تانتا بندھا ہوا ہے۔ کرشما، مادھوری، شبانہ اعظمی، تبو، فرحان وغیرہ وہاں پہنچے۔
ادھر شری دیوی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ممبئی میں ان کے دیور انل کپور کے گھر فلمی ہستیوں کا تانتا بندھا ہوا ہے۔ کرشما، مادھوری، شبانہ اعظمی، تبو، فرحان وغیرہ وہاں پہنچے۔
معروف اداکار کمل ہاسن بھی شری دیوی کی موت پر خراجِ عقیدت پیش کرنے ممبئی واقع انل کپور کے گھر پہنچے۔ ان کے علاوہ رنویر سنگھ اور دیپیکا پادوکون کی بھی انل کپور کے گھر آمد ہوئی۔ مشہور و معروف ہستیوں کا انل کپور کے گھر پر آنا کل سے ہی جاری ہے۔
شکتی کپور نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے شری دیوی کی موت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ”میرے لیے سب سے بڑی تکلیف دہ بات یہ ہے کہ شری دیوی اپنی بیٹی جانوی کا ڈیبیو نہیں دیکھ پائی۔ میرے پاس ان کے ڈوبنے کی زیادہ خبر نہیں ہے۔ میں نے سنا کہ دورہ قلب کے بعد وہ باتھ ٹب میں گر گئی۔ میں بہت اداس ہوں۔“
دبئی میں ہندوستان کے سفیر نودیپ سوری کا کہنا ہے کہ ہندوستانی سفارتخانہ مقامی انتظامیہ کے ساتھ رابطہ میں ہے تاکہ شری دیوی کے جسد خاکی کو ہندوستان روانہ کیا جا سکے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ہماری کوشش ہے کہ ان کی لاش کو جلد سے جلد ہندوستان روانہ کی جائے۔‘‘
خلیج ٹائمس کی خبروں کے مطابق آج شری دیوی کی لاش ہندوستان لے جانے کی اجازت ملنے کے امکانات بہت کم نظر آ رہے ہیں۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو شری دیوی کی آخری رسومات آج ادا نہیں ہو پائیں گی اور ممبئی میں ان کے گھر پر جمع شیدائیوں کا انتظار بھی طویل ہو جائے گا۔ خلیج ٹائمس کا کہنا ہے کہ ذرائع سے ملی خبروں کے مطابق بونی کپور کی فیملی اور سماجی کارکنان کا ایک گروپ پبلک پروزیکیوٹر کی اجازت کا انتظار کر رہا ہے تاکہ لاش کو جلد از جلد ممبئی لے جایا جا سکے۔
ذرائع سے مل رہی اطلاعات کے مطابق شری دیوی نے مرنے سے پہلے کن لوگوں سے بات چیت کی تھی اس کی جانچ کی جا رہی ہے۔ ان کے پاس آنے والے سبھی فون کی گہرائی سے جانچ ہوگی۔ اس درمیان دبئی پولس اب بھی بونی کپور سے بات چیت کر رہی ہے اور ہر ممکن جانکاری حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
فورنسک رپورٹ میں شری دیوی کی موت حادثاتی طور پر ڈوبنے سے ہوئی ہے، اور اس خبر کے سامنے آنے کے بعد دبئی پولس نے اس معاملے کو اب دبئی پبلک پروزیکیوشن کے سپرد کر دیا ہے۔ دبئی میڈیا آفس کے بیان کے مطابق اب پروزیکیوشن ایسے معاملوں میں ہونے والی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد ہی شری دیوی کی لاش کنبہ والوں کے سپرد کرے گی۔
اے این آئی نے فورنسک رپورٹ کی کاپی ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا گیا ہے کہ شری دیوی کی موت ڈوبنے سے ہوئی۔ گلف نیوز کے حوالے سے بھی یہ خبر مل رہی ہے کہ باتھ ٹب میں ڈوبنے سے ان کی موت ہوئی اور اس سے پہلے انھیں دل کا دورہ پڑا تھا۔ گلف نیوز کے مطابق شری دیوی کے خون میں الکحل کا عنصر بھی ملا ہے۔
دبئی کے ایک اخبار نے اطلاع دی ہے کہ سبھی کارروائیاں مکمل ہو چکی ہیں اور جلد ہی شری دیوی کے اہل خانہ لاش لے کر ممبئی کے لیے روانہ ہو سکتے ہیں۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ جسد خاکی 8 بجے شب میں ممبئی پہنچے گا۔ خبر رساں ادارہ اے این آئی نے ایک ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ فورنسک رپورٹ سے متعلق سبھی ضروری چیزیں تقریباً مکمل ہو چکی ہیں۔ لیکن بونی کپور کی فیملی کی جانب سے ابھی تک کوئی پختہ جانکاری نہیں دی گئی ہے۔
فورنسک رپورٹ جاری کیے جانے کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ڈیتھ سرٹیفکیٹ جلد ہی جاری کیا جائے گا۔ 4.30 بجے تک پوسٹ مارٹم رپورٹ بھی ملنے کا امکان ہے۔ اس کے بعد ہی شری دیوی کی لاش کو ائیر پورٹ لایا جائے گا۔ دبئی پولس نے شری دیوی کی موت سے متعلق ان کے شوہر بونی کپور کا بیان درج کر لیا ہے۔ چار افسران کی ایک ٹیم نے آڈیو اور ویڈیو دونوں طریقے سے بونی کپور کا بیان ریکارڈ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ بیان تقریباً ساڑھے تین گھنٹے تک چلا ہے۔ اس کے علاوہ دبئی پولس نے تین دیگر لوگوں کا بھی بیان درج کیا ہے۔ یہ وہی لوگ ہیں جو بونی کے ساتھ شری دیوی کو اسپتال لے کر آئے تھے۔ ان کے علاوہ رشید اسپتال کے دو ڈاکٹروں اور پانچ دیگر ملازمین کا بھی بیان درج کیا گیا ہے۔
فورنسک جانچ کر رہے ڈاکٹروں نے واضح کر دیا ہے کہ شری دیوی کی موت کا سبب دورۂ قلب ہے۔ ایک خبر رساں ادارہ نے اس سلسلے میں بتایا کہ انھیں دبئی کے ایک سرکاری ذرائع نے اس بارے میں خبر دی ہے۔ اطلاعات کے مطابق فورنسک رپورٹ میں دورۂ قلب سے موت کی تصدیق کی گئی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ شری دیوی کی موت سے متعلق کئی طرح کے شبہات کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا تھا۔
کپور فیملی نے میڈیا سے گزارش کی ہے کہ جب شری دیوی کے جسد خاکی کو واپس لایا جا رہا ہے تو اس وقت نہ تو کوئی شور کریں اور نہ ہی تصویر لینے کی کوشش کریں۔ شری دیوی کے شوہر بونی کپور کا کہنا ہے کہ گھر کے باہر بے وجہ کی بھیڑ نہ لگائی جائے۔
شری دیوی کی لاش اس وقت دبئی میں ہی ہے اور ممبئی روانگی میں کچھ تاخیر ہو رہی ہے۔ شری دیوی کی لاش کے ساتھ پرائیویٹ طیارہ میں بونی کپور اور ان کی بیٹی خوشی رہیں گی۔ اس کے علاوہ ان کی ٹیم کے ایسے لوگ بھی طیارہ میں ان کے ساتھ ہوں گے جو گھر تک بغیر کسی رکاوٹ کے لاش کو لے جائیں گے۔
ممبئی کے ویلے پارلے واقع پون ہنس کریمٹوریم میں شری دیوی کی آخری رسوم ادا کی جانی ہیں اور اس کے پیش نظر وہاں تیاریاں شروع ہو چکی ہیں۔ کریمٹوریم میں فاگنگ مشین کا استعمال کیا جا رہا ہے اور صاف صفائی کا کام بھی زور و شور سے جاری ہے۔ علاوہ ازیں کچھ خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ شری دیوی کی لاش کو لانے کے لیے ایمبولنس ائیر پورٹ پہنچ چکی ہے۔
کانپور میں شری دیوی کے شیدائیوں نے ان کی یاد میں موم بتی جلا کر ان کے تئیں اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔
شری دیوی کی پسندیدہ کوریوگرافر سروج خان بھی انھیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے انل کپور کے گھر پہنچیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہمیں اب تک یقین نہیں ہو رہا، ہم سب انھیں بہت پیار کرتے تھے۔ میں کچھ زیادہ کہنے کی حالت میں نہیں ہوں۔‘‘ اداکار فرحان اختر بھی اپنی ماں ہنی ایرانی کے ساتھ انل کپور کے گھر اظہارِ غم کے لیے پہنچے۔
شری دیوی کی اچانک موت سے پاکستانی فلم انڈسٹری بھی حیران ہے۔ ماہرہ خان، علی ظفر، فواد خان اور عمران عباس جیسی شخصیتوں نے بالی ووڈ اداکارہ کو خراج عقیدت پیش کی ہے۔ گزشتہ سال ریلیز ہوئی فلم ’مام‘ میں شری دیوی کے ساتھ کام کر چکی پاکستانی اداکارہ سجل علی خان کا کہنا ہے کہ وہ ایک بار پھر اپنی ماں سے محروم ہو گئی ہیں۔
خلیج ٹائمز نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر بتایا ہے کہ ابھی تک بلڈ ٹیسٹ کی رپورٹ جاری نہیں کی گئی ہے۔
شری دیوی کی موت کے بعد سے انل کپور کے گھر پہنچنا اور تعزیت کا اظہار کرنا جاری ہے۔ کچھ دیر پہلے مشہور و معروف ہدایت کار فرح خان اور اداکارہ تبو بھی اظہارِ تعزیت کے لیے انل کپور کے گھر پہنچیں۔
شری دیوی کی خواہش تھی کہ ان کی ’شَو یاترا‘ یعنی آخری سفر میں سب کچھ سفید ہو۔ انھیں سفید رنگ خوب پسند تھا اس لیے انھوں نے اپنی اس خواہش کا اظہار کیا تھا۔ ان کی خواہش کو دیکھتے ہوئے ’بھاگیہ‘ بنگلے کو پوری طرح سفید کیا جا رہا ہے۔
شری دیوی کا پوسٹ مارٹم ہو چکا ہے اور کپور فیملی کو ان کی لاش حوالے کی جا چکی ہے۔ لیکن فورنسک لیب کی کاغذی کارروائی ابھی مکمل نہیں ہوئی ہے جس کی وجہ سے ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا گیا ہے۔ فورنسک محکمہ کے جنرل ڈپارٹمنٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ 25 فروری کی رات کو شری دیوی کے بلڈ سیمپل کو ٹیسٹ کے لیے بھیجا گیا تھا جو ابھی تک نہیں آیا ہے۔ رپورٹ کے آنے کے بعد ڈیتھ سرٹیفکیٹ دیا جائے گا۔ ڈیتھ سرٹیفکیٹ نہ ملنے کے سبب دبئی سے شری دیوی کا جسد خاکی ہندوستان کے لیے روانہ نہیں ہو سکا ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ 2 بجے یا پھر دیر شام تک ہی یہ ہندوستان پہنچ سکے گا۔
ممبئی میں موجود شری دیوی کے چاہنے والے اور کئی بالی ووڈ اداکار ان کے آخری دیدار کا انتظار کر رہے ہیں۔ 25 فروری کو دن بھر انل کپور کے گھر صبر کی تلقین کرنے والوں کا آنا جانا لگا رہا جو ابھی بھی جاری ہے۔ بالی ووڈ سے لے کر اسپورٹس کی دنیا سے تعلق رکھنے والی مشہور و معروف ہستیوں نے انل کپور کے گھر پہنچ کر کپور فیملی کے غم کو بانٹا۔
دبئی میں شری دیوی کی فیملی فورنسک سنٹر کے باہر شری دیوی کی لاش ملنے کا انتظار کر رہی ہے۔ فورنسک سنٹر کے پاس شری دیوی کے شیدائیوں کی زبردست بھیڑ بھی جمع ہے۔
کچھ میڈیا رپورٹس کے مطابق شوہر اور بیٹی کے ممبئی لوٹنے کے بعد شری دیوی دبئی میں ہوٹل کے کمرے میں تنہا تھیں۔ انتقال سے قبل 48 گھنٹے تک باہر بھی نہیں نکلیں۔ ہفتہ کی شب باتھ روم میں بے ہوش ہونے کے بعد انھیں اسپتال پہنچایا گیا۔ دبئی پولس نے ہوٹل کا پورا فلور سیل کر دیا ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر جانچ کی جا سکے۔
شری دیوی کی موت سے متعلق کچھ شبہات کا بھی اظہار کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق جس طرح اچانک شری دیوی کی موت ہوئی، اس سے شاید دبئی پولس کو شبہ ہے۔ فی الحال اس سلسلے میں کوئی پختہ جانکاری نہیں ہے اور سبھی شری دیوی کے جسد خاکی کا ہندوستان میں انتظار کر رہے ہیں۔ جسد خاکی آج دبئی سے ممبئی لایا جائے گا اور اس کے لیے انل امبانی کا پرائیویٹ جیٹ طیارہ دبئی پہنچ چکا ہے۔ آج دوپہر جوہو کے مکتی دھام میں آخری رسوم ادا کی جائیں گی۔
شری دیوی کی موت سے متعلق کچھ نئی باتیں سامنے آئی ہیں۔ خلیج ٹائمس کے ذرائع سے خبر ملی ہے کہ بونی کپور ممبئی سے دبئی لوٹے تھے اور شری دیوی کو عشائیہ کے لیے باہر لے جانا چاہتے تھے۔ لیکن انھوں نے اسے سرپرائیز ڈیٹ بنایا تھا۔ ذرائع کے مطابق ہفتہ کی شام تقریباً 5.30 بجے بونی کپور ہوٹل ایمیریٹس ٹاور پہنچے اور شری دیوی کو سرپرائز ڈنر ڈیٹ پر چلنے کے لیے کہا۔ شری دیوی پرجوش تھیں اور تیار ہونے واش روم چلی گئیں۔ اس دوران بونی کپور کمرے میں ہی تھے۔ لیکن کافی دیر تک جب وہ باہر نہیں آئیں تو بونی کپور نے باتھ روم کا دروازہ کھٹکھٹایا اور کوئی جواب نہ ملنے پر انھوں نے دروازہ توڑدیا۔ دروازہ کھلتے ہی دیکھا کہ شری دیوی پانی سے بھرے ٹب میں بے ہوش پڑی تھیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 26 Feb 2018, 10:44 AM IST