’بہار میں جمہوریت کی ہار ہوئی ہے‘، نتیش حکومت کو تیجسوی یادو نے دیا 100 دنوں کا الٹی میٹم

تیجسوی یادو نے کہا کہ ’’ہم مثبت سیاست کرتے ہیں، اس لیے 100 دنوں تک حکومت کے فیصلوں پر کچھ نہیں بولیں گے۔ دیکھتے ہیں کہ ہماری غریب ماؤں اور بہنوں کو 2-2 لاکھ روپے کب ملتے ہیں۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>تیجسوی یادو / ویڈیو گریب</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے پٹنہ واپسی کے بعد نتیش حکومت پر جم کر حملہ بولا ہے۔ نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے بہار اسمبلی انتخاب کے نتائج کے متعلق کہا کہ ’’بہار میں دھن تنتر (پلوٹوکریسی) کی جیت ہوئی ہے۔ گزشتہ اسمبلی انتخاب میں لوک (عوام) کی ہار ہوئی اور تنتر (نظام) کی جیت ہوئی۔ انتخاب میں سازش کی گئی۔ بہار میں جو حکومت بنی ہے، وہ دھوکہ دہی سے بنی ہے۔‘‘

تیجسوی یادو نے مزید کہا کہ ’’اب دیکھتے ہیں کہ 2 کروڑ لوگوں کو روزگار کب ملتا ہے۔‘‘ ان کا کہنا ہے کہ ’’ان لوگوں نے جمہوریت کو دھن تنتر اور مشین تنتر بنا دیا ہے۔ یہاں سب جانتے ہیں کہ کیا سازش رچی گئی۔ یہ لوگ دھوکہ دہی سے انتخاب جیتے ہیں، لیکن نئی حکومت کیسے بنی ہے، یہ پورا ملک اور بہار کی عوام بخوبی جانتی ہے۔‘‘


تیجسوی یادو نے نتیش حکومت کو 100 دن کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ ’’ہم مثبت سیاست کرتے ہیں، اس لیے 100 دنوں تک حکومت کے فیصلوں پر کچھ نہیں بولیں گے۔ دیکھتے ہیں کہ ہماری غریب ماؤں اور بہنوں کو 2-2 لاکھ روپے کب ملتے ہیں اور ایک کروڑ نوجوانوں کو روزگار کب ملتا ہے۔‘‘ آر جے ڈی لیڈر کا کہنا ہے کہ ’’ہر ضلع میں 5-4 تھانے بنانے کی بات کہی گئی تھی، اب دیکھتے ہیں کہ اس کو کب تک مکمل کیا جاتا ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’جو انتخابی منشور حکومت نے جاری کیا ہے، اسے پورا کرنے کی ذمہ داری ان کی ہے۔‘‘

واضح رہے کہ بہار اسمبلی انتخاب کے بعد تیجسوی یادو تقریباً 100 دنوں بعد بہار واپس لوٹے ہیں۔ ان کی غیر موجودگی پر جے ڈی یو اور بی جے پی نے سوال اٹھایا تھا۔ اب بہار لوٹنے کے ساتھ ہی تیجسوی یادو اپنے پرانے انداز میں نظر آئے۔ انہوں نے صاف طور پر این ڈی اے حکومت کو کہہ دیا ہے کہ وہ 100 دنوں تک انتظار کریں گے کہ انتخابی منشور میں کیے گئے وعدوں کو وہ کب تک پورا کرتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔