قومی خبریں

ملک کو چار لوگ چلا رہے ہیں ’ہم دو ہمارے دو‘: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے کہا کہ سالوں پہلے فیملی پلاننگ کا نعرہ تھا ’ہم دو-ہمارے دو‘۔ آج یہ نعرہ دوسری شکل میں سامنے آیا ہے۔ اس ملک کو چار لوگ چلاتے ہیں۔ آج اس حکومت کا نعرہ ہے ’ہم دو-ہمارے دو‘۔

راہل گاندھی
راہل گاندھی تصویر سوشل میڈیا

کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو آج لوک سبھا میں جب بجٹ سے متعلق بولنے کا موقع دیا گیا تو انھوں نے ’زرعی قوانین‘ کے تعلق سے کئی باتیں اس طرح ایوان کے سامنے رکھ دیں، جس سے پی ایم مودی اور مرکزی حکومت کٹہرے میں کھڑی نظر آئی۔ انھوں نے کہا کہ ایک دن قبل پی ایم مودی نے کہا تھا کہ مظاہرہ کے بارے میں تو لوگ بات کر رہے ہیں لیکن ’کنٹینٹ-انٹینٹ‘ (مواد-منشا) پر کوئی بات نہیں ہو رہی ہے۔ اس کا تذکرہ کرتے ہوئے راہل گاندھی نے نئے زرعی قوانین میں موجود خامیاں یکے بعد دیگرے شمار کرانی شروع کر دی۔ انھوں نے اپنی تقریر کے دوران یہ ظاہر کیا کہ آخر کس طرح تینوں قوانین کسانوں کے خلاف اور کارپوریٹ کے لیے فائدہ مند ہے۔

Published: 11 Feb 2021, 7:43 PM IST

راہل گاندھی نے کہا کہ ’’پہلے نمبر پر زرعی قوانین کے کنٹینٹ میں منڈیوں کو ختم کرنا ہے، دوسری بات اس قانون کے کنٹینٹ میں یہ ہے کہ کوئی بھی صنعت کار جتنا چاہے اتنا اناج، پھل اور سبزی اسٹور کر سکتا ہے۔ جمع خوری کو فروغ دینا اس قانون کا مقصد ہے۔ تیسرا کنٹینٹ اس قانون میں یہ ہے کہ جب ایک کسان ہندوستان کے سب سے بڑے صنعت کار کے سامنے جا کر سبزی-اناج کے لیے صحیح قیمت مانگیں گے تو اسے عدالت میں نہیں جانے دیا جائے گا۔‘‘

Published: 11 Feb 2021, 7:43 PM IST

راہل گاندھی جب زرعی قوانین میں یہ خامیاں شمار کرا رہے تھے تو بی جے پی اراکین ہنگامہ کرتے ہوئے نظر آئے۔ اس کے بعد اسپیکر اوم برلا نے راہل گاندھی سے کہا کہ وہ بجٹ پر بات کریں، لیکن کانگریس رکن پارلیمنٹ زرعی قوانین سے متعلق سچائی ایوان کے سامنے رکھتے رہے۔ انھوں نے مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’سالوں پہلے فیملی پلاننگ کا نعرہ تھا ’ہم دو-ہمارے دو‘۔ آج کیا ہو رہا ہے، یہ نعرہ دوسری شکل میں سامنے آیا ہے۔ اس ملک کو چار لوگ چلاتے ہیں۔ آج اس حکومت کا نعرہ ہے ’ہم دو-ہمارے دو‘۔‘‘

Published: 11 Feb 2021, 7:43 PM IST

راہل گاندھی نے اپنی بات آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ 2 دوستوں میں ایک دوست ہے جس کو پھل اور سبزی فروخت کرنے کا اختیار ہے۔ اس سے نقصان ٹھیلہ والوں کا ہوگا، چھوٹے تاجروں کا ہوگا، منڈی میں کام کرنے والے لوگوں کا ہوگا۔ دوسرے دوست کو پورے ملک میں اناج، پھل اور سبزی کو اسٹور کرنا ہے۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ نے مزید کہا کہ ’’جب یہ قانون نافذ ہوں گے، ملک کے کسانوں اور مزدوروں و تاجروں کا دھندا بند ہو جائے گا۔ کسانوں کا کھیت چلا جائے گا۔ صحیح قیمت نہیں ملے گی اور صرف دو لوگ ’ہم دو اور ہمارے دو‘ لوگ اسے چلائیں گے۔ سالوں بعد ہندوستان کے لوگوں کو بھوک سے مرنا پڑے گا۔ دیہی معیشت تباہ ہو جائے گی۔‘‘

Published: 11 Feb 2021, 7:43 PM IST

لوک سبھا میں مودی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے راہل گاندھی نے یہ بھی کہا کہ ’’یہ حکومت کی پہلی کوشش نہیں ہے۔ وزیر اعظم نے اسے نوٹ بندی سے شروع کیا تھا۔ پہلی چوٹ نوٹ بندی تھی۔ آئیڈیا تھا کسانوں-غریبوں سے پیسہ لو اور صنعت کاروں کی جیب میں ڈالو۔ اس کے بعد جی ایس ٹی لایا گیا اور کسانوں-مزدوروں پر حملہ کیا گیا۔‘‘ انھوں نے آگے کہا کہ ’’کورونا آتا ہے۔ کورونا کے وقت مزدور کہتے ہیں بس ٹکٹ دیجیے۔ حکومت کہتی ہے نہیں ملے گا۔ لیکن حکومت کہتی ہے صنعت کار دوستوں کا قرض ضرور معاف ہوگا۔‘‘

Published: 11 Feb 2021, 7:43 PM IST

کسان تحریک سے متعلق اپنی بات رکھتے ہوئے راہل گاندھی کہتے ہیں کہ ’’یہ کسانوں کی تحریک نہیں ہے، یہ ملک کی تحریک ہے۔ کسان صرف راستہ دکھا رہا ہے۔ کسان اندھیرے میں ٹارچ دکھا رہا ہے۔ ایک آواز سے پورا ملک ’ہم دو ہمارے دو‘کے خلاف اٹھنے جا رہا ہے۔ کسان ایک انچ پیچھے نہیں ہٹنے والا، کسان آپ کو ہٹا دے گا۔ آپ کو قانون واپس لینا ہی ہوگا۔‘‘

Published: 11 Feb 2021, 7:43 PM IST

اپنی تقریر کے آخر میں راہل گاندھی نے کہا کہ ’’حکومت کسانوں کے ایشو پر بحث نہیں چاہتی ہے۔ یہاں میں بجٹ پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا، میں احتجاجاً بجٹ پر کچھ بھی نہیں بولوں گا۔ کسان تحریک کے دوران شہید ہوئے کسانوں کو ایوان میں خراج عقیدت پیش نہیں کیا گیا۔ میں تقریر کے بعد دو منٹ کے لیے کسانوں کے لیے خاموشی اختیار کروں گا۔‘‘ اس کے بعد کانگریس کے اراکین نے کچھ دیر کے لیے خاموشی اختیار کر لی۔

Published: 11 Feb 2021, 7:43 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 11 Feb 2021, 7:43 PM IST