قومی خبریں

کشمیر میں بی جے پی کارکنوں کو سیکورٹی فراہم کی جائے: رام مادھو کا جموں وکشمیر انتظامیہ سے مطالبہ

رام مادھو نے اپنی ایک فیس بک پوسٹ میں لکھا کہ انہوں نے پارٹی کی طرف سے مہلوک لیڈر کے کنبے کو مالی مدد فراہم کی۔

تصویر @airnewsalerts
تصویر @airnewsalerts 

سری نگر: بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری رام مادھو نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے بی جے پی کارکنوں کو سیکورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ جن ملی ٹنٹوں نے ضلع بانڈی پورہ میں بی جے پی لیڈر شیخ وسیم باری، ان کے والد اور بھائی کو قتل کیا ہے، کو جلد ٹریک کر کے ہلاک کیا جانا چاہیے۔ رام مادھو نے اتوار کے روز وزیر اعظم دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ، بی جے پی کے قومی نائب صدر اویناش رائے کھنہ اور بھاجپا جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ کے ہمراہ قصبہ بانڈی پورہ کا دورہ کر کے وہاں مہلوک بی جے پی لیڈر شیخ وسیم باری کی اہلیہ اور دیگر افراد خانہ سے تعزیت کی۔

Published: undefined

بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری نے اس موقع پر نامہ نگاروں کو بتایا کہ 'وسیم باری اور ان کے افراد خانہ ہماری پارٹی کے بہت اچھے کارکن رہے ہیں۔ ملی ٹنٹوں کی طرف سے جو کارروائی کی گئی ہے اس پر ہمیں بہت دکھ ہے۔ مہلوک لیڈر کے افراد خانہ سے تعزیت کرنے اور کچھ فوری مدد کرنے کے لئے ہم یہاں آئے ہیں۔ ملک بھر میں پھیلے بی جے پی کے سبھی لیڈر اور کارکنان اس کٹھن صورتحال میں یہاں اپنی پارٹی کے کارکنوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم اپنے تمام کارکنوں کا حوصلہ بڑھائیں'۔ انہوں نے کہا کہ 'جن لوگوں نے یہ کارروائی انجام دی ہے ان کو ٹریک کر کے ہلاک کیا جانا چاہیے۔ ہم سبھی پارٹی کارکنوں کو سیکورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں'۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 'ہم وسیم باری کے کنبے کے ساتھ کھڑا رہیں گے۔ اس قسم کی شہادت کسی اور کو نہ دینی پڑے اور وادی کشمیر میں دیش بھگتوں کا خون پھر نہ بہے، ہمیں انتظامیہ سے یہ یقینی بنانے کی توقع ہے'۔

Published: undefined

جب ایک نامہ نگار نے رام مادھو سے پوچھا کہ 'کیا حکومت کشمیر میں اردو کی جگہ ہندی کو متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے' تو ان کا جواب تھا کہ 'ایسا کچھ بھی نہیں ہے'۔ رام مادھو نے اپنی ایک فیس بک پوسٹ میں لکھا کہ انہوں نے پارٹی کی طرف سے مہلوک لیڈر کے کنبے کو مالی مدد فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ حکومت بھی اپنی طرف سے وسیم کی بیوی، دو سالہ بچی اور آٹھ ماہ کے لڑکے کی مدد کرے گی۔

Published: undefined

وزیر اعظم دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ انہوں نے مرحوم وسیم باری کے کنبے بالخصوص اہلیہ اور دو بچوں کو وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے تعزیت پیش کی اور انہیں یقین دلایا کہ پورا ملک اور حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ واضح رہے کہ قصبہ بانڈی پورہ میں آٹھ جولائی کی شام ملی ٹنٹوں نے بی جے پی کے جواں سال ضلع صدر شیخ وسیم باری، ان کے والد بشیر احمد اور بھائی عمر بشیر پر گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں ان تینوں کی موت واقع ہوئی۔ کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار کا کہنا ہے کہ مہلوک بی جے پی لیڈر پر لشکر طیبہ نامی ملی ٹنٹ تنظیم سے وابستہ دو ملی ٹنٹوں نے فائرنگ کی ہے جس کے واضح ثبوت مل چکے ہیں۔ شیخ وسیم باری کی ہلاکت وادی میں بی جے پی کے لئے ایک بڑا نقصان مانا جارہا ہے کیونکہ وہ زمینی سطح اور سوشل میڈیا پر کافی سرگرم تھے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined