قومی خبریں

چین معاملہ میں مرکزی وزیر دفاع کے بیان سے پی ایم مودی کا جھوٹ ثابت: راہل گاندھی

راج ناتھ سنگھ کے ذریعہ 38 ہزار اسکوائر کلو میٹر زمین چین کے قبضے میں ہونے کی بات کہے جانے کے بعد راہل گاندھی نے مودی حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

مشرقی لداخ میں چین کے ساتھ جاری سرحدی تنازعہ کے درمیان مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے منگل کو پارلیمنٹ میں کہا کہ چین نے ہندوستان کی 38 ہزار اسکوائر کلو میٹر زمین پر ناجائز طریقے سے قبضہ کر رکھا ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ حقیقی کنٹرول لائن یعنی ایل اے سی واضح طور پر نشان زد ہے اور چین ہندوستان کی سرحد سے ملحق تقریباً 90 ہزار اسکوائر کلو میٹر کی زمین کو بھی اپنی بتاتا ہے۔

Published: 15 Sep 2020, 9:14 PM IST

وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے چین کی ایک ایک ناپاک کرتوتوں کی جانکاری ایوان کو دی۔ انھوں نے کہا کہ چین نے مئی اور جون میں حقیقی صورت حال کو بدلنے کی کوشش کی، لیکن ہندوستانی فوج نے اس کی کوششوں کو ناکام کر دیا۔ راج ناتھ نے مزید کہا کہ "ہم نے چین سے کہا ہے کہ ایسے واقعات ہمیں قابل قبول نہیں ہوں گے۔" ان کا کہنا ہے کہ مرکز کے ماتحت علاقہ لداخ میں چین تقریباً 38 ہزار اسکوائر کلو میٹر کا ناجائز قبضہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ 1963 کے مبینہ چین-پاکستان 'سرحد تنازعہ' کے تحت پاکستان نے پاکستان مقبوضہ کشمیر میں 5180 اسکوائر کلو میٹر ہندوستانی زمین غلط طریقے سے چین کو سونپ دی۔ انھوں نے کہا کہ چین نے اروناچل پردیش میں ہند-چین سرحد کے مشرقی علاقہ میں تقریباً 90 ہزار اسکوائر کلو میٹر ہندوستانی علاقہ کا دعویٰ کیا ہے۔

Published: 15 Sep 2020, 9:14 PM IST

ایوان میں ہند-چین تنازعہ کے درمیان راج ناتھ سنگھ کے اس بیان پر کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا ہے جس میں انھوں نے پی ایم مودی کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔ اس بار راہل گاندھی نے راج ناتھ سنگھ کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ راہل گاندھی نے ٹوئٹ کر کہا ہے کہ "وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے بیان سے صاف ہے کہ مودی جی نے ملک کو چینی قبضہ کے تعلق سے گمراہ کیا۔" راہل گاندھی نے ساتھ ہی لکھا ہے کہ "ہمارا ملک ہمیشہ سے ہندوستانی فوج کے ساتھ کھڑا تھا، ہے اور رہے گا۔ لیکن مودی جی، آپ کب چین کے خلاف کھڑے ہوں گے؟ چین سے ہمارے ملک کی زمین کب واپس لیں گے؟ چین کا نام لینے سے ڈرو مت۔"

Published: 15 Sep 2020, 9:14 PM IST

دراصل اپوزیشن چین کے ساتھ چل رہی کشیدگی پر لگاتار حکومت سے بیان دینے کا مطالبہ کر رہا تھا۔ اس کے بعد راج ناتھ سنگھ نے منگل کے روز جواب دیتے ہوئے کہا کہ سرحد پر ہندوستانی جوان پوری چابکدستی کے ساتھ تیار ہیں۔ راج ناتھ نے چین کو بات چیت کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگر ڈریگن سرحد پر کوئی حرکت کرے گا تو ہمارے جوان اسے معقول جواب بھی دیں گے۔ راج ناتھ نے کہا کہ فوج کے لیے خصوصی اسلحہ اور گولہ بارود کا مناسب انتظام کیا گیا ہے۔ ان کے رہنے کے لیے ہر سہولتیں دی گئی ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ لداخ میں ہم ایک چیلنج کے دور سے گزر رہے ہیں۔ یہ وقت ہے کہ یہ ایوان اپنے جوانوں کی بہادری کا احساس دلاتے ہوئے انھیں پیغام بھیجیں کہ پورا ایوان ان کے ساتھ کھڑا ہے۔

Published: 15 Sep 2020, 9:14 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 15 Sep 2020, 9:14 PM IST