قومی خبریں

جہاں بی جے پی وہیں دلتوں پر حملے: راہل گاندھی

راجدھانی دہلی کے جنتر منتر پر دلت طبقات مودی حکومت کی دلت مخالف پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کر رہے ہیں جس میں کانگریس صدر راہل گاندھی نے شرکت کر ان کے حق میں آواز بلند کی۔

تصویر اے آئی سی سی
تصویر اے آئی سی سی جنتر منتر سے خطاب کرتے کانگریس صدر راہل گاندھی

مودی حکومت سے ناراض دلت طبقہ آج (9 اگست) پورے ملک میں سڑکوں پر نکل آیا ہے۔ کئی دلت تنظیمیں مودی کی دلت مخالف پالیسیوں کے خلاف سراپا احتجاج ہیں اور اسی ضمن میں راجدھانی دہلی کے جنتر منتر پر بھی عظیم مظاہرہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ دلتوں کے اس مظاہرہ میں کانگریس صدر راہل گاندھی نے بھی شرکت کی اور ان کے حق میں ہمیشہ آواز بلند کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

Published: 09 Aug 2018, 2:36 PM IST

راہل گاندھی نے اس موقع پر نریندر مودی کو دلت مخالف قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’پی ایم مودی کے دل میں دلتوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ ان کی سوچ دلت مخالف ہے اور ہم سب مل کر 2019 میں انھیں شکست فاش دیں گے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ ایس سی/ایس ٹی ایکٹ کے تحفظ کی بات کی ہے اور آگے بھی کرتی رہے گی۔ بی جے پی حکومت کی ناقص حکمرانی کے حوالے سے کانگریس صدر نے کہا کہ ’’آج جہاں بھی بی جے پی کی حکومت ہے وہاں پر دلتوں پر حملے ہو رہے ہیں۔ جب نریندر مودی وزیر اعلیٰ تھے اسی وقت انھوں نے اپنی ایک کتاب میں یہ لکھا تھا کہ ’دلتوں کو صفائی کرنے میں خوشی کا احساس ہوتا ہے ‘... اس جملے سے ان کی دلت مخالف سوچ کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔‘‘

Published: 09 Aug 2018, 2:36 PM IST

قابل ذکر ہے کہ 9 اگست کو دلت تنظیموں نے ہندوستان بند کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن بعد میں انھوں نے اسے صرف دھرنا و مظاہرہ تک ہی محدود رکھنے کا فیصلہ لیا۔ یہ مظاہرہ مودی حکومت کے دلت مخالف اقدام کے مدنظر ہوا جس میں آل انڈیا امبیڈکر مہاسبھا کے سربراہ اشوک بھارتی نے کہا کہ ’’ایس سی/ایس ٹی ایکٹ کو نافذ کرنے کا ہمارا مطالبہ پورا ہو گیا ہے لیکن دوسرے مطالبات کے لیے پرامن طریقے سے ہم احتجاجی مظاہرہ کرتے رہیں گے۔‘‘ اس مظاہرہ میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ ایس سی/ایس ٹی ایکٹ میں ترمیم کے خلاف ملک گیر بند کے دوران جن لوگوں پر مقدمات درج کیے گئے ہیں انھیں واپس لیا جائے۔

Published: 09 Aug 2018, 2:36 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 09 Aug 2018, 2:36 PM IST