قومی خبریں

پہلگام دہشت گرد حملہ کے بعد سائبر وار شروع، ہندوستان پر 10 لاکھ سے زائد آن لائن حملے ریکارڈ

پہلگام دہشت گرد حملے کے بعد ہندوستانی ڈیجیٹل نظام پر 10 لاکھ سے زائد سائبر حملے ریکارڈ ہوئے، جن میں پاکستان اور دیگر ممالک کے گروپ شامل ہیں، ان حملوں کے بعد سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے

سائبر حملہ، تصویر آئی اے این ایس
سائبر حملہ، تصویر آئی اے این ایس 

ممبئی: پہلگام میں ہوئے حالیہ دہشت گردانہ قتل عام کے بعد ہندوستان پر سائبر حملوں کی ایک منظم یلغار دیکھنے میں آئی ہے۔ مہاراشٹر سائبر ونگ کے مطابق 22 اپریل کے بعد سے اب تک 10 لاکھ سے زائد سائبر حملے ریکارڈ کیے جا چکے ہیں، جن کا ہدف ہندوستانی ویب سائٹس، سرکاری پورٹلز اور حساس ڈیجیٹل انفراسٹرکچر تھا۔

Published: undefined

یو این آئی اردو کی رپورٹ کے مطابق، مہاراشٹر سائبر، جو ریاستی پولیس کا سائبر کرائم سے متعلق خصوصی ونگ ہے، نے انکشاف کیا ہے کہ یہ حملے نہ صرف پاکستان سے ہوئے بلکہ ان میں مشرق وسطیٰ، انڈونیشیا اور مراکش جیسے ممالک کے گروپ بھی شامل ہیں۔ ان حملوں میں کئی معروف ہیکنگ گروپ شامل ہیں جنہوں نے خود کو اسلام پسند تنظیموں سے وابستہ قرار دیا ہے۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس یشسوی یادو نے میڈیا کو بتایا، ’’پہلگام میں پیش آئے حملے کے بعد ہم نے ایک زبردست ڈیجیٹل یلغار دیکھی۔ جس کے تحت ملک بھر میں موجود ڈیجیٹل نظام کو نشانہ بنانے کی کوششیں کی گئیں۔‘‘ ان کے مطابق ان حملوں کا مقصد حکومت کی آن لائن موجودگی کو متاثر کرنا، سرکاری معلومات تک رسائی حاصل کرنا اور نظام میں خلل ڈالنا تھا۔

Published: undefined

یادو نے بتایا کہ مہاراشٹر سائبر نے ان میں سے کئی حملے ناکام بنائے اور فوری طور پر حفاظتی اقدامات کو نافذ کیا۔ اس دوران کئی سرورز پر حملے کی کوشش کی گئی لیکن سائبر ونگ کی نگرانی اور تیاری کی وجہ سے سنگین نقصان نہیں ہوا۔

حکام کے مطابق سائبر حملے ایک منظم طریقے سے انجام دیے جا رہے ہیں۔ مہاراشٹر سائبر نے ایک خصوصی نوڈل آفس کے ذریعے ملک بھر کے سرکاری محکموں اور اداروں کو ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ اپنے سائبر انفراسٹرکچر کو فوری طور پر اپ گریڈ کریں، سکیورٹی پیچز لگائیں اور خطرے سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی اپنائیں۔

Published: undefined

ایک اعلیٰ افسر کے مطابق، ’’یہ حملے صرف تکنیکی چیلنج نہیں بلکہ قومی سلامتی کا سوال بن چکے ہیں۔ سائبر وارفیئر کا نیا رخ واضح ہو رہا ہے، جس سے نمٹنے کے لیے متحد حکمت عملی کی ضرورت ہے۔"

یاد رہے کہ 22 اپریل کو جنوبی کشمیر کے پہلگام کے قریب بیسرن علاقے میں دہشت گردوں نے ایک وحشیانہ حملہ کیا تھا، جس میں 26 افراد جاں بحق ہوئے تھے، جن میں اکثریت سیاحوں کی تھی۔ اس حملے نے پورے ملک کو دہلا دیا اور اسی کے بعد سائبر محاذ پر بھی دشمن کی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔

سائبر سکیورٹی ماہرین کے مطابق یہ حملے صرف وقتی ردعمل نہیں بلکہ طویل مدتی حکمت عملی کا حصہ ہو سکتے ہیں، جن کا مقصد ہندوستان کے اندر عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined