قومی خبریں

شیوسینا کے کسی بھی گروپ کو بی ایم سی نے ’شیواجی پارک‘ میں دسہرا ریلی کی نہیں دی اجازت

شیوسینا 1966 میں پارٹی کی تشکیل کے بعد سے ہی شیواجی پارک میں دسہرا ریلی کرتی رہی ہے، یہ جگہ اس لیے بھی کافی اہم ہے کیونکہ یہ علاقہ شیوسینا بھون کے قریب ہے اور پارٹی کا قلعہ بھی مانا جاتا ہے۔

ادھو ٹھاکرے اور ایکناتھ شندے، تصویر آئی اے این ایس
ادھو ٹھاکرے اور ایکناتھ شندے، تصویر آئی اے این ایس 

ممبئی میں برہن ممبئی نگر نگم (بی ایم سی) نے شیوسینا کے ادھو ٹھاکرے اور ایکناتھ شندے گروپوں میں سے کسی کو بھی شیواجی پارک میں دسہرا ریلی کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ بی ایم سی نے نظامِ قانون کا حوالہ دیتے ہوئے شیوسینا کے دونوں گروپ کو 5 اکتوبر کو دسہرا ریلی کی اجازت نہیں دی ہے۔ بی ایم سی کمشنر اقبال سنگھ چہل نے اس کی تصدیق کر دی ہے۔

Published: undefined

انگریزی روزنامہ ’انڈین ایکسپریس‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق بی ایم سی کے ایک افسر نے بتایا کہ مقامی پولیس تھانہ نے بی ایم سی کو سونپی گئی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ اگر کسی بھی گروپ کو شیواجی پارک میں ریلی کی اجازت دی جاتی ہے تو ریلی کے دن دونوں گروپوں کے درمیان سیاسی ٹکراؤ یا تشدد کی حالت پیدا ہو جائے گی، اور مقامی پولیس اس علاقہ میں نظامِ قانون کی حالت کو خطرے میں نہیں ڈالنا چاہتی ہے۔ اسی بنیاد پر احتیاطاً شیوسینا کے دونوں گروپوں کو ریلی کی اجازت دینے سے انکار کر دیا گیا ہے۔

Published: undefined

ممبئی کے دادر سے رکن اسمبلی سدا سرونکر کو بھیجے گئے خط میں بی ایم سی نے کہا کہ شیواجی پارک میں دسہرا ریلی کرنے کی اجازت شیوسینا کے دونوں گروپوں نے مانگی تھی۔ لیکن مقامی بلدیہ افسران کے لیے ریلی کی جگہ پر زمین کو دو الگ الگ حصوں میں تقسیم کرنا ممکن نہیں ہوگا۔ اس لیے کسی طرح کے تصادم سے بچنے کے مقصد سے احتیاطاً دونوں گروپوں کو ریلی کی اجازت دینے سے منع کر دیا گیا ہے۔

Published: undefined

واضح رہے کہ رواں سال شیوسینا میں ٹوٹ پھوٹ کے بعد بی جے پی کے ساتھ ریاست میں حکومت بنانے والے ایکناتھ شندے گروپ اور سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کے گروپ دونوں نے شیواجی پارک میں ریلی کرنے کے لیے بی ایم سی سے اجازت مانگی تھی۔ اس درمیان ٹھاکرے کنبہ نے روایت کے مطابق ریلی کی اجازت کے لیے بمبئی ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔ دوسری طرف شندے گروپ کو باندرا-کرلا کمپلیکس میں ریلی کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔

Published: undefined

قابل ذکر ہے کہ شیوسینا 1966 میں پارٹی کی تشکیل کے بعد سے ہی شیواجی پارک میں دسہرا ریلی کرتی رہی ہے، یہ جگہ اس لیے بھی کافی اہم ہے کیونکہ یہ علاقہ شیوسینا بھون کے قریب ہے اور پارٹی کا قلعہ بھی مانا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ادھو گروپ نے شیواجی پارک میں دسہرا ریلی کی اجازت کے لیے ہائی کورٹ کا رخ کیا ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined