قومی خبریں

’نیا حمام‘ سیاسی جبر اور سماجی بے اعتدالیوں کا نوحہ: انور پاشا

پروفیسر انور پاشا نے کہا کہ ڈاکٹر فیضی کے افسانوں میں فقط بیان نہیں بلکہ ویژن بھی ہے۔ ویژن سے ہی تخلیقات میں زندگی پیدا ہوتی ہے۔ ’نیاحمام‘ سیاسی جبر اور سیاسی بے اعتدالیوں کا نوحہ ہے۔

ویڈیو گریب
ویڈیو گریب 

نئی دہلی: جس طرح سیمیناروں میں نئی نسل کی تنقیدی اور تحقیقی صلاحیتوں کو نکھارنے کی کوشش کی جاتی ہے، اسی طرح ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کے لیے تخلیقی نشستیں ہوتی رہنی چاہیے۔ یہ خیال پروفیسر انور پاشا (جے این یو) نے تسخیر فاؤنڈیشن دہلی اور سدرہ فاؤنڈیشن چنئی کے زیر اہتمام ڈاکٹر ذاکر فیضی کے افسانوی مجموعہ ’نیا حمام“ پر ’ہم بھی بات کرتے ہیں“ کے عنوان سے ایک آن لائن ادبی مذاکرہ میں صدارتی رائے پیش کرتے ہوئے ظاہر کی۔

Published: undefined

پروفیسر انور پاشا نے کہا کہ ڈاکٹر فیضی کے افسانوں میں فقط بیان نہیں بلکہ ویژن بھی ہے۔ ویژن سے ہی تخلیقات میں زندگی پیدا ہوتی ہے۔ ’نیاحمام‘ سیاسی جبر اور سیاسی بے اعتدالیوں کا نوحہ ہے۔ معروف افسانہ نگار خورشید حیات نے کہا کہ آج کی نسل نہ صرف تخلیقات پر توجہ دے رہی ہیں، بلکہ تخلیقات کی تنقید کو بھی سنجیدگی سے لے رہی ہے۔ اس لیے ہم امید کرسکتے ہیں کہ یہ نسل افسانوی حوالوں سے پرانی نسل سے زیادہ اہم کردار ادا کرے گی۔ ناظر اجلاس کا فریضہ ادا کرتے ہوئے شاعر امتیاز رومی (ریسرچ اسکالر جے این یو) نے افسانے کی موجودہ صورت حال پر گفتگو کی۔

Published: undefined

اس موقع پر ڈاکٹر آفاق عالم صدیقی، بنگلور نے کہا کہ فیضی کے یہاں نفسیاتی جھلکیاں اور سماجی کشاکش کی تصویر بہت واضح نظر آتی ہے اور کہانی کی بنت بھی مناسب ہے۔ جب کہ بنارس ہندو یونیورسٹی کی تمنا شاہین لکھتی ہیں ”ذاکر فیضی نے اپنے اکثر افسانوں میں سیاسی بے اعتدالیوں اور طبقاتی کشمکش کے خلاف آواز بلند کی“۔

Published: undefined

پورنیہ یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر قسیم اختر نے کہا کہ فیضی کے افسانوں میں اکیسویں صدی کے مسائل تو ہیں ہی، بیسویں صدی کی آخری دہائی کی آواز بھی سنی جاسکتی ہے۔ علیم اسماعیل نے لکھا ہے کہ کی بنت خوب ہے۔ اس لیے بعض افسانے ہمیں چونکاتے بھی ہیں۔ ان کے علاوہ دہلی یونیورسٹی کے ریسرچ اسکالر عبدالباری صدیقی نے لکھا کہ ذاکر فیضی موضوعات کا انتخاب اپنے آس پاس سے کرتے ہیں۔ نوجوان افسانہ نگار توصیف بریلوی نے کہا کہ ڈاکٹر فیضی کے افسانوں کا احتجاجی رویہ انتہائی شاندار ہے۔ کیوں کہ ایسے اسلوب سے ہی فن دل کش ہوتا ہے اور کسی کی دل آزاری بھی نہیں ہوتی۔

Published: undefined

کالم نگار عارفہ مسعود عنبر نے لکھا کہ ڈاکٹر فیضی کی روح معاشرتی کرب سے بے چین نظر آتی ہے۔یہی وجہ ہے کہ حالات حاضرہ کی بہترین عکاسی ان کے یہاں موجود ہے۔ الہ آباد یونیورسٹی کی ریسرچ اسکالر نہاں انصار ی نے کہا کہ ڈاکٹر فیضی کی افسانوی فضا میں کوئی گہرا فلسفہ نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ قاری ان کے افسانوں کو پڑھتا چلا جاتا ہے۔ واضح رہے کہ ڈاکر فیضی تقریباً تین دہائیوں سے افسانے لکھ رہے ہیں۔ ’نیا حمام‘ گویا ان کے افسانوی سفر کا ایک انتخاب ہے۔ انھوں نے جے این یو سے پی ایچ ڈی کی ہے اور درس وتدریس کے فریضے سے وابستہ ہیں۔

Published: undefined

مذاکرے میں خصوصی طور پر ڈاکٹر امان اللہ، ڈاکٹر طیب خرادی، گلاب ربانی، احمد علی صدیقی، ڈاکٹر شمشاد علی، منصور عالم عرفانی، امیر جہاں غیرت، زیباخان، ثناخان، طارق، ذیشان مصطفی، احتشام الحق آفاقی، عائشہ دولت، محمد محسن، عزرہ خاتون، شاہ زیب علی وغیرہ نے شرکت کی، جب کہ نظامت کے فرائض عبدالباری صدیقی اور ساجد حسین ندوی نے ادا کیے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined