اسمبلی الیکشن میں فتحیاب کریں، مودی وارانسی چھوڑ کر چلے جائیں گے: اجے رائے

اجے رائے نے عوام سے اپیل کی کہ اگر 2027 کے اسمبلی الیکشن میں انہیں کامیاب بنایا گیا تو 2029 میں مودی کو وارانسی چھوڑنے پر مجبور کر دیں گے، ناکامی پر سیاست چھوڑنے کا اعلان بھی کیا

<div class="paragraphs"><p>اجے رائے / آئی اے این ایس</p></div>

اجے رائے / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

کانگریس کے سینئر لیڈر اور اتر پردیش کانگریس کے صدر اجے رائے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر انہیں 2027 کے اسمبلی انتخاب میں کامیاب بنایا گیا تو وہ 2029 میں وزیر اعظم نریندر مودی کو وارانسی چھوڑنے پر مجبور کر دیں گے۔ انہوں نے واضح الفاظ میں اعلان کیا کہ اگر ایسا نہ ہو سکا تو وہ سیاست سے کنارہ کش ہو جائیں گے،

اجے رائے نے یہ اعلان کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے سینئر لیڈر اور سابق رکن اسمبلی کامریڈ اودل کی برسی اور ان کی زندگی پر مبنی کتاب کی رسم اجرا کے موقع پر منعقد ایک جلسے میں کیا۔ اس تقریب میں چھتیس گڑھ کے سابق وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل سمیت انڈیا اتحاد کے کئی سرکردہ لیڈران اور بڑی تعداد میں کارکنان موجود تھے۔

اجے رائے نے جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’آپ لوگ ہمیں 2027 کے اسمبلی انتخاب (یوپی) میں کامیاب بنائیے، وعدہ کرتا ہوں کہ 2029 میں وزیر اعظم مودی وارانسی کو چھوڑ کر نہ گئے تو میں سیاست چھوڑ دوں گا۔‘‘ ان کے اس بیان سے صاف اشارہ ملتا ہے کہ وہ 2027 میں پنڈرا اسمبلی حلقے سے دوبارہ الیکشن لڑنے کے ارادے رکھتے ہیں۔


انہوں نے 2022 کے اسمبلی انتخاب پر بھی تبصرہ کیا اور الزام لگایا کہ اس بار جیت عوام کی نہیں بلکہ ’کسی اور‘ کی تھی، ورنہ کانگریس کی جیت یقینی تھی اور اس کا اثر 2024 کے پارلیمانی نتائج پر بھی پڑتا۔ یاد رہے کہ اجے رائے 2012 میں پنڈرا سے کانگریس کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ 2014، 2019 اور 2024 میں تین مرتبہ وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف وارانسی سے پارلیمانی انتخاب لڑ چکے ہیں، تاہم ہر بار انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اس پروگرام کا مقصد نہ صرف کامریڈ اودل کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا بلکہ آنے والے سیاسی منظرنامے کے لیے پارٹی کی تیاریوں اور عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔