عاشورا کے موقع پر راہل گاندھی اور کھڑگے کا پیغام- ’امام حسین کی قربانی ہر دور کے لیے مشعل راہ‘

دس محرم کے موقع پر ہندوستان بھر میں عاشورا کے جلوس نکالے جا رہے ہیںضح، کانگریس لیڈران راہل گاندھی اور کھڑگے نے امام حسین کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انسانیت کا پیغام دیا

<div class="paragraphs"><p>ملکارجن کھڑگے اور راہل گاندھی</p></div>

ملکارجن کھڑگے اور راہل گاندھی

user

قومی آواز بیورو

آج ہندوستان میں 10 محرم الحرام، یعنی عاشورا کے موقع پر عقیدت و احترام کے ساتھ مجالس اور جلوسوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ شہروں اور قصبوں میں امام حسین کی عظیم قربانی کو یاد کرتے ہوئے عزاداران سڑکوں پر نکلے ہیں۔ کربلا کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مختلف مقامات پر ماتمی جلوس نکالے جا رہے ہیں، جبکہ عزاخانوں اور امام بارگاہوں میں مجالس کا سلسلہ جاری ہے۔ عاشورا کے موقع پر روزہ رکھنے والوں کی بھی بڑی تعداد دیکھی جا رہی ہے۔

اس موقع پر ہندوستان کی اہم اپوزیشن جماعت کانگریس پارٹی کے لیڈران نے امام حسین کی قربانی کو یاد کرتے ہوئے ایک خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔ انہوں نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر عاشورا کے تقدس اور امام حسین کی تعلیمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے عوام سے قربانی، جدوجہد اور امن کے راستے پر چلنے کی اپیل کی ہے۔

قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے اس موقع پر ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا، ’’آج محرم کے دن ہمیں حضرت امام حسین کے بتائے ہوئے اس راستے پر چلنے کا عزم کرنا چاہیے جو جدوجہد، قربانی اور ایثار سے ہوتے ہوئے ہمیں انسانیت، امن اور اتحاد کی طرف لے جاتا ہے۔‘‘


راہل گاندھی کی اس پوسٹ میں امام حسین کی شہادت کو صرف مذہبی واقعہ نہیں بلکہ ایک عالمگیر پیغام قرار دیا گیا ہے، جو ہر عہد اور ہر انسان کے لیے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امام حسین کا راستہ ہر اس شخص کے لیے ہے جو ناانصافی کے خلاف کھڑا ہونا چاہتا ہے۔

اسی طرح کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے بھی عاشورا کے موقع پر ایکس پر ایک پیغام جاری کیا۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا، ’’محرم کے دسویں دن عاشورا کے موقع پر ہم حضرت امام حسین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ان کی مثالی زندگی، تعلیمات، راست بازی، ناانصافی کے خلاف بے خوف جدوجہد اور عظیم قربانی ہر دور میں گونجتی ہے اور نسل در نسل انسانوں کو متاثر کرتی ہے۔‘‘

ملکارجن کھڑگے نے بھی امام حسین کی جدوجہد کو ایک عالمی پیغام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانی صرف مذہبی معاملہ نہیں بلکہ ظلم کے خلاف ایک ابدی اعلان ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔