
ممبئی: عروس البلاد ممبئی میں کورونا کے ڈیلٹا پلس ویرینٹ سے پہلی موت درج کی گئی ہے۔ بی ایم سی کے مطابق متوفی خاتون کی عمر 63 سال تھی اور ویکسین کی دونوں ڈوز لے چکی تھی۔ آج تک کی رپورٹ کے مطابق حیران کن بات یہ ہے کہ خاتون کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں تھی۔ تاہم، ان کے پھیپھڑوں میں انفیکشن تھا اور وہ کورونا سے متاثر ہونے سے قبل بیمار تھیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ خاتون 21 جولائی کو متاثر ہوئی تھیں اور 27 جولائی کو ان کی موت واقع ہو گئی۔ بی ایم سی کو حال ہی میں خاتون کی جینوم سیکونسر رپورٹ موصول ہوئی، جس میں خاتون میں ڈیٹا پلس ویرینٹ کی موجودگی کی تصدیق کی گئی۔
تشویش ناک بات یہ ہے کہ خاتون کے کنبہ کے دیگر 6 افراد بھی کورونا سے متاثر ہیں، جن میں سے دو میں ڈیلٹا پلس ویرینٹ کی تصدیق ہو چکی ہے، تاہم دونوں کی حالت ٹھیک ہے۔ جبکہ کنبہ کے 4 افراد کی رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
مہاراشٹر میں اب تک ڈیلٹا پلس ویرینٹ سے 2 اموات درج کی گئی ہیں۔ اس سے قبل رتنا گری میں 80 سالہ خاتون کی کورونا کے ڈیلٹا پلس ویرینٹ کے سبب موت ہو گئی تھی۔ وہ ریاست میں ڈیلٹا پلس ویرینٹ کا پہلا معاملہ تھا۔ اس معاملہ میں خاتون دیگر بیماریوں میں بھی مبتلا تھیں۔
خیال رہے کہ مہاراشٹر میں ڈیلٹا پلس ویرینٹ کے اب تک 65 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ وہیں ممبئی میں اب تک 11 کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔ ڈیلٹا پلس ویرینٹ کو حکومت ہند پہلے ہی تشویش والا ویرینٹ (ویرینٹ آف کنسرن) قرار دے چکی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔