ہیمنت بسوا سرما پر پون کھیڑا کا شدید حملہ، ذہنی توازن بگڑنے کا الزام
پون کھیڑا نے آسام کے وزیراعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کے بیانات پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہیں ذہنی توازن بگڑنے کا شکار قرار دیا اور گورو گوگوئی سے متعلق الزامات کو بے بنیاد بتایا

آسام کے وزیراعلیٰ اور بی جے پی کے سینئر لیڈر ہیمنت بسوا سرما کے متنازع بیانات پر مختلف حلقوں کی جانب سے احتجاج اور ایف آئی آر درج کرانے کی کارروائی کی گئی ہے۔ اسی تناظر میں کانگریس کے سینئر لیڈر اور ترجمان پون کھیڑا نے ایک بار پھر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
پون کھیڑا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ گزشتہ کچھ مہینوں سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ہیمنت بسوا سرما کا ذہنی توازن بگڑ گیا ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ جب وہ بولتے ہیں تو کچھ لوگ خوف کے باعث چھپ کر ہنستے ہیں اور کچھ کھل کر ہنستے ہیں، لیکن ہنسی سب کو آتی ہے۔ کھیڑا نے الزام عائد کیا کہ ممکن ہے آئندہ انتخابات کے پیش نظر وہ دباؤ میں ہوں اور انہیں اپنی سیاسی صورت حال کا اندیشہ ہو۔
کانگریس ترجمان نے گورو گوگوئی سے متعلق سرما کے الزامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ سے وہ بار بار ایک ہی بات دہرا رہے ہیں کہ گورو گوگوئی پاکستانی ایجنٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2015 میں گورو گوگوئی کی پاکستان کے سفیر سے ملاقات کو بنیاد بنا کر انہیں نشانہ بنایا جا رہا ہے، حالانکہ وہ ملاقات ہندوستان میں طلبا کے ایک وفد کے ساتھ ہوئی تھی جس میں دہشت گردی سمیت مختلف امور پر بات چیت کی گئی تھی۔
پون کھیڑا نے اسی سال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2015 میں وزیر اعظم نریندر مودی بھی پاکستان گئے تھے اور نواز شریف سے ملاقات کی تھی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا اس بنیاد پر کسی کو پاکستانی ایجنٹ قرار دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی یاد دلایا کہ اسی سال ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے پاکستان کے خلاف میچ جیتا تھا، تو کیا اس منطق کے مطابق ٹیم کو بھی ایجنٹ کہا جائے گا۔
کھیڑا نے علی توقیر شیخ اور سی ڈی کے این نامی تنظیم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی تنظیم سے تعلق کو بنیاد بنا کر الزامات عائد کیے جا رہے ہیں تو یہ بھی دیکھنا چاہئے کہ ماضی میں انہی افراد یا اداروں کی خدمات کس نے حاصل کیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2013 میں گجرات حکومت نے بعض منصوبوں میں ان افراد کے ساتھ تعاون کیا تھا۔
اپنے بیان کے اختتام پر پون کھیڑا نے کہا کہ ملک میں سنجیدہ مسائل موجود ہیں لیکن بیانات کے ذریعے فضا کو کشیدہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم سے اپیل کی کہ وہ اپنے وزرائے اعلیٰ کے بیانات پر توجہ دیں اور ذمہ دارانہ طرز عمل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ مگر الزام تراشی سے حالات بہتر نہیں ہوں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔