قومی خبریں

دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نے لی کورونا ویکسین کی پہلی خوراک

مفتی ابوالقاسم نعمانی نے ویکسین لینے کے بعد کہا کہ ’’مہلک بیماریوں سے بچنے کے لئے ہر ممکنہ طریقے استعمال کئے جانے چاہئیں۔‘‘

کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لیتے ہوئے دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی
کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لیتے ہوئے دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی تصویر بذریعہ عارف عثمانی

دیوبند: کورونا وائرس کو ختم کرنے کے لئے پورے ملک میں چلائی جانے والی کووڈ-19ویکسین مہم میں شمولیت کی غرض سے دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے پیر کے روز ویکسین کی پہلی خوراک لی ۔ اس موقع پر انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ کورونا جیسی مہلک بیماری سے اپنے آپ کو بچانے کے لئے ہر ممکنہ طریقوں کو استعمال کیا جائے۔

Published: undefined

تفصیل کے مطابق اسلامی تعلیم کی عظیم دانشگاہ دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی، ادارہ کے نائب مہتمم مولانا عبد الخالق مدراسی کے ہمراہ دیوبند کے سرکاری اسپتال پہنچے اور انہوں نے کورونا وائرس جیسی مہلک بیماری سے بچاؤ کے لئے ویکسین کا پہلا ٹیکہ لگوایا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس مہلک بیماری سے بچنے کے لئے ملک کی عوام کو متحد ہوکر لڑنا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری طور پر انہیں کووڈ-19 سے اپنے آپ کو محفوظ رکھنے کے لئے ویکسین لینے کے لئے کہا گیا تھا، اس لئے انہوں نے از خود سرکاری اسپتال پہنچ کر ٹیکہ لگوا لیا ہے۔

Published: undefined

مولانا نعمانی نے کہا کہ مذکورہ ویکسین سے متعلق بہت ساری افواہیں پھیلائی جارہی ہیں لیکن ابھی تک کوئی ایسی بات سامنے نہیں آ ئی ہے جس کی بناءپر کورونا ویکسین کو لینے میں کوئی قباحت محسوس ہوتی ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس ویکسین کو لینا یا نہ لینا ہر ایک شخص کا اپنا ذاتی فیصلہ ہے، لیکن ہم عوام سے یہی اپیل کرتے ہیں کہ کورونا جیسی مہلک بیماری سے بچاؤ کے لئے ہر ممکنہ طریقے اپنائے جائیں اور فیس ماسک لگانے کے ساتھ ساتھ سوشل ڈسٹنسنگ کا ضرور خیال رکھا جائے، تاکہ اس مہلک بیماری کو ختم کیا جا سکے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined