قومی خبریں

افشار انصاری کی موب لنچنگ سے بھاگلپور میں کشیدگی، بیٹے کی موت سے ماں بے دم

ملک میں موب لنچنگ کے واقعات بڑھتے ہی جا رہے ہیں، جس طرح بچہ چور بتا کر لوگوں کو مارا جا رہا ہے وہ فکر انگیز ہے۔ تازہ معاملہ بھاگلپور کا ہے جہاں افشار انصاری نامی دہاڑی مزدور کو پیٹ پیٹ کر مار دیا گیا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

بھاگلپور میں افشار انصاری نامی دہاڑی مزدور کے قتل سے سراسیمگی کا عالم ہے۔ 36 سالہ اس نوجوان کی بھیڑ کے ذریعہ پیٹ پیٹ کر ہلاک کیے جانے کی خبر پھیلتے ہی ماحول میں کشیدگی پھیل گئی اور حیرانی کی بات یہ ہے کہ افشار کی موب لنچنگ بچہ چوری کے شبہ میں ہوئی۔ حالانکہ اس کے جاننے والے لوگوں اور اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ تو مزدوری کر کے گھر والوں کا پیٹ پالتا تھا اور اپنی مصروفیت کی وجہ سے گھرکبھی کبھی ہی اس کا آنا ہوتا تھا۔

Published: 21 Oct 2019, 6:10 PM IST

دراصل ہفتہ کی شام کو افشار انصاری بھیڑ کی لنچنگ کا شکار ہوئے۔ واقعہ جگدیش پور تھانہ حلقہ کے چک فاطمہ کے پاس پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ افشار اسی راستے سے اپنے گھر میرا چک لوٹ رہا تھا۔ کچھ لوگوں نے بچہ چور سمجھ کر اسے پکڑ لیا اور پٹائی شروع کر دی۔ اس پٹائی سے جب نوجوان نیم مردہ ہو گیا تو لوگوں نے اسے اٹھا کر قریب واقع ندی کے پاس پھینک دیا۔ بری طرح زخمی افشار وہاں تڑپتا رہا اور پھر موت کی آغوش میں چلا گیا۔

Published: 21 Oct 2019, 6:10 PM IST

جب اس کی اطلاع علاقے میں پھیلی اور افشار کے گھر والوں کو خبر ملی تو ایک ماتم کا سماں پیدا ہو گیا۔ افشار کے گاؤں میں حالات کافی کشیدہ ہو گئے اور لوگوں نے پولس کے تئیں ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیجنے سے منع کر دیا۔ حالانکہ بعد میں جب پولس و انتظامیہ نے انھیں سمجھایا اور قصورواروں کے خلاف کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی تو لوگ خاموش ہوئے۔

Published: 21 Oct 2019, 6:10 PM IST

تازہ ترین خبروں کے مطابق پولس نے چار نامزد لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے اور ان کی گرفتاری بھی عمل میں آ گئی ہے۔ نامزد ملزمین کے نام کندن یادو، موہن رائے، پپو رائے اور کارتک رائے ہیں۔ پولس ان سے پوچھ تاچھ کر رہی ہے تاکہ یہ پتہ لگایا جا سکے کہ ان لوگوں نے مل کر ایک دہاڑی مزدور کو بچہ چور کیوں سمجھا اور پھر اس کی بے دردی سے پٹائی کیوں کی۔

Published: 21 Oct 2019, 6:10 PM IST

ہندی نیوز پورٹل ’جن ستّا‘ میں شائع خبروں کے مطابق مہلوک افشار کی ماں بی بی عمرانہ اس واقعہ سے بے دم نظر آ رہی ہیں۔ انھوں نے پولس کو ایک تحریر دی ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’میرا بیٹا مزدوری کر کے اپنی زندگی گزارتا تھا اور بانکا واقع اپنی سسرال میں رہتا تھا۔ ہفتہ کی شام وہ مزدوری کر کے اپنے گھر میرا چک مجھ سے ملنے آ رہا تھا۔ وہ کبھی کبھی ہی اپنے گھر آتا تھا۔ اسی دوران راستے میں گاؤں والوں نے اسے بچہ چور سمجھ کر بے رحمی سے پیٹنا شروع کر دیا اور پیٹ پیٹ کر اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔‘‘

Published: 21 Oct 2019, 6:10 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 21 Oct 2019, 6:10 PM IST