قومی خبریں

شیوسینا کو منانے کے لیے بی جے پی نے کھیلا ’اموشنل کارڈ‘، کہا ’فڑنویس بھی ہیں شیو سینک‘

مہاراشٹر میں حکومت سازی کے لیے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے بڑا بیان دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جلد ہی کوئی فیصلہ ہوگا اور دیویندر فڑنویس کی قیادت میں حکومت تشکیل دی جائے گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

مہاراشٹر میں حکومت سازی کو لے کر سیاسی ہلچل اس وقت اپنے عروج پر ہے۔ حکومت تشکیل دینے کے لیے صرف جمعہ تک کا وقت بچا ہوا ہے اور اس درمیان روٹھی ہوئی شو سینا کو منانے کے لیے بی جے پی نے ’اموشنل کارڈ‘ کھیلا ہے۔ ایک بار پھر بی جے پی کی جانب سے شیوسینا سے ساتھ آنے کی اپیل کی گئی ہے۔ بی جے پی لیڈر سدھیر منگنٹیوار نے کہا کہ ’’ہم ایک مضبوط اور مستحکم حکومت چلانا چاہتے ہیں، ہم شیو سینا کے ساتھ حکومت بنانا چاہتے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’اُدھو جی نے خود کہا تھا کہ دیویندر فڑنویس جی بھی شیو سینک ہیں۔‘‘

Published: undefined

واضح رہے کہ بی جے پی کا ایک نمائندہ وفد آج ممبئی میں گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے ملاقات کرے گا۔ میڈیا نے جب منگنٹیوار سے یہ پوچھا کہ کیا گورنر سے ملاقات کے دوران بی جے پی حکومت سازی کا دعویٰ پیش کرے گی؟ اس پر انھوں نے کہا کہ فی الحال ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

Published: undefined

مہاراشٹر میں حکومت سازی کو لے کر مرکزی وزیر نتن گڈکری نے بھی ایک بڑا بیان دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں جلد ہی کوئی فیصلہ لیا جائے گا۔ واضح لفظوں میں انھوں نے یہ بھی کہا کہ مہاراشٹر میں دیویندر فڑنویس کی قیادت میں حکومت بنائی جانی چاہیے۔ میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں گڈکری نے کہا کہ اس بیان سے موہن بھاگوت یا پھر آر ایس ایس کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

Published: undefined

میڈیا کے کچھ ذرائع اس بات کے امکانات ظاہر کر رہے ہیں کہ نتن گڈکری کو بھی وزیر اعلیٰ بنایا جا سکتا ہے لیکن جب اس سلسلے میں ان سے سوال کیا گیا تو انھوں نے کہا کہ ’’میرے لیے مہاراشٹر لوٹنے کا کوئی سوال نہیں ہے۔ میں دہلی میں کام کرنا جاری رکھوں گا۔‘‘

Published: undefined

قابل ذکر ہے کہ مہاراشٹر میں وزیر اعلیٰ عہدہ کو لے کر بی جے پی اور شیو سینا کے درمیان لڑائی کافی تلخ ہو گئی ہے۔ نتن گڈکری کہہ رہے ہیں کہ فڑنویس کی قیادت میں حکومت بننی چاہیے جب کہ شیو سینا اس بات پر بضد ہے کہ وزیر اعلیٰ تو اسی کا ہوگا چاہے جو ہو جائے۔ شیو سینا کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈھائی سال اس کا اور ڈھائی سال بی جے پی کا وزیر اعلیٰ ہونا چاہیے جو کہ انتخاب سے قبل اتحاد بناتے وقت بات ہوئی تھی۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined